حسب ِ ترتیب پہلا دن خواتین کیلئے مختص ہوگا ۔ اجتماع گاہ میں بیٹری سے چلنے والی چیزیں لانےاورآزاد میدان کے آس پاس گاڑیاں کھڑی کرنے کی ممانعت۔دیگرہدایات بھی دی گئی ہیں
EPAPER
Updated: November 29, 2024, 4:58 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
حسب ِ ترتیب پہلا دن خواتین کیلئے مختص ہوگا ۔ اجتماع گاہ میں بیٹری سے چلنے والی چیزیں لانےاورآزاد میدان کے آس پاس گاڑیاں کھڑی کرنے کی ممانعت۔دیگرہدایات بھی دی گئی ہیں
جمعہ (آج )سے وادیٔ نور(آزادمیدان) میں سنّی دعوتِ اسلامی کے زیراہتمام ۳۲؍ ویں سہ روزہ سنّی اجتماع کا آغاز ہوگا ۔جمعرات کو تمام تیاریاں مکمل ہوگئیں ۔جمعہ کوپہلا دن خواتین کیلئے مختص ہوگا۔ شرکائے اجتماع کی سہولت اور بہتر حفاظتی انتظامات کے تحت ایک ہزار رضاکاروں کی تعیناتی، ۴۰؍ ڈور فریم میٹل ڈٹیکٹر، درجنوں ہیند میٹل ڈٹیکٹر،بیک وقت ۳۵۰؍ افراد کے وضو کانظم اور ۱۰۰؍ استنجا خانے اور ۱۰۰؍ بیت الخلاءبنائے گئے ہیں۔ میدان میں الگ الگ حصے میں۳؍بڑے اسکرین لگائے جائیں گے تاکہ خواتین کو علماء اور مبلغین کے بیانات سماعت کرنے میں آسانی ہو۔ کتابوں کے اسٹال اورکھانے پینے کی اشیاء کے اسٹال، ڈاکٹراور ایمبولنس وغیرہ کانظم کیا گیا ہے۔ رعایتی شرح پراشیائے خورد ونوش مہیا کرائی جائیں گی۔ اس دفعہ حوض نہیں بنائے گئے ہیں بلکہ وضو کیلئے الگ الگ حصوں میں نل لگائے گئے ہیں۔ اس کےعلاوہ پولیس کی ہدایت کے مطابق ہینڈی کیمرہ ،لیپ ٹاپ، ماچس ، لائٹر،نیل کٹر، چاقو چھری اوروہ چیزیں جو بیٹری سے چلتی ہیں، لانے پرپابندی لگائی گئی ہے ۔ پولیس اہلکار گیٹ ہی پر چیکنگ کےدوران یہ اشیاء نکال لیں گے ۔ جمعہ ۲۹؍ نومبر سے شروع ہونے والا اجتماع اتوار کی شب میں دعا پرختم ہوگا ۔
خواتین کے اجتماع سےکن علماء کے خطابات ہوںگے
بھیونڈی، تھانے، گھاٹکوپر، وکھرولی،کرلا ، سائن، مالونی، سانتاکروز، نالاسوپارہ اورشہر کے الگ الگ حصوں سے اجتماع گاہ پہنچنے والی خواتین سے معروف عالم دین مولانا قمرالز ماں خان اعظمی(ورلڈ اسلامک مشن ، لندن)، بزرگ عالم دین مولانا ظہیرالدین خان،مولانا محمد شاکر علی نوری، مولانا امین القادری، مولانا سید محمد، مولانا محمد عارف پٹیل ، مولانا خیرالدین، مولانا شفیق الرحمٰن عزیزی، مولانا خالد رضا نجمی ، مولاناعظمت اللہ نجمی ، مولانا ظہیرمصباحی اور مولانا ابوالحسین نوری خطاب کریں گے۔ اجتماع میں افتتاحی کلمات مولاناسید معین الدین اشرف عرف معین میاں ادا کریںگے اور مفتی نظام الدین مصباحی (الجامعۃ الاشرفیہ ،مبارکپور) مسائل اور احکامات کے تعلق سے شریعت مطہرہ کی روشنی میں رہنمائی فرمائیں گے۔