Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’سنی اجتماع میں شرکت سے ہماری زندگی بدل گئی‘‘

Updated: December 02, 2024, 9:53 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

آزاد میدان کے اجتماع کےشرکاء نے اپنے تاثرات بیان کئے اور اجتماع کو دین سیکھنے کا اہم ذریعہ قرار دیا

A view of the Azad Maidan gathering. Photo: INN
آزاد میدان اجتماع کا ایک منظر۔ تصویر: آئی این این

سنی دعوت اسلامی کے اجتماع (آزاد میدان )  میں شرکت کرنے والے دور دراز علاقوں سے آنے والے شرکاء اجتماع میں سے چند سے نمائندۂ انقلاب نے بات چیت کی۔ ان سے یہ جاننے کی کوشش کی کہ اجتماع میں شرکت کا مقصد کیا ہوتا ہے، اجتماع میں آکر انہوں نے کیا حاصل کیا اور کتنا استفادہ کیا، اجتماع میں علماء اور مبلغین نے قرآن وحدیث کی روشنی میں جو پیغام دیا اور اولیائے عظام کے واقعات بتائے اسے سننے کے بعد اپنی زندگی میں اسے اتارنے اور اس پر عمل کرنے کی انہوں نے کتنی کوشش کی۔ شرکاء کے کیا تاثرات تھے اسے ذیل میں‌ درج کیا جارہا ہے۔  یہاں آکر دلی سکون ملتا ہے شولاپور سے ۱۰۰؍کلو میٹر دور گنجیٹی علاقے سے اجتماع میں اپنے ۴؍ رفقاء کے ساتھ آنے والے بزرگ شخص اجمیر پٹیل نے بتایا کہ مجھے دین کی کچھ معلومات نہیں تھی۔ میں کھیتی باڑی کرتا ہوں۔ اجتماع میں سیکھنے کو ملتا ہے ‌۔ میں ۳؍‌ برس سے آتا  ہوں۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ یہاں آنے کے بعد دلی سکون ملتا ہے،اسی لئے سفر کرتا ہوں۔ پربھنی سے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ آنے والے مستان شاہ نے بتایا کہ ۲؍سال سے میں شریک ہورہا ہوں ، میرا دل اس اجتماع سے لگ گیا ہے‌۔ یہاں آکر اللہ اور رسول کی تعلیمات کے تعلق سے معلومات حاصل ہوتی ہے۔ اس کے ساتھ یہ کہ اتنے بڑے مجمع میں نامعلوم کتنے نیک اور بزرگ ہوں گے، ان کی دعا کی برکت سے ہمیں بھی سعادت دارین حاصل ہوجائے اور اللہ پاک مغفرت فرمادے۔  کوثر علی (بھیونڈی)  کے مطابق دعا والے اجتماع کے آخری دن ۵؍ سال سے آتا ہوں۔ آنے کا مقصد دین‌ سیکھنا ہوتا ہے۔ اس دفعہ اپنے بچے کو بھی لایا ہوں تاکہ وہ بھی کچھ سیکھے۔ دوسرے ارادہ یہ رہتا ہے کہ نامعلوم کس کی برکت سے ہماری بھی دعا قبول ہوجائے۔   بشیر عطاری (گوریگاؤں) ، اس اجتماع میں ۱۵؍سال سے شریک ہورہے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: بارگاہ ایزدی میں رقت آمیز دعا پر سنّی دعوت اسلامی اجتماع کا اختتام

ان کا کہنا تھا کہ شرکاء میں دونوں طرح کے لوگ ہیں۔ کچھ بھیڑ میں شامل ہورہے ہیں اور کچھ دین سیکھنے کی غرض سے آتے ہیں، یقیناً اس طبقے کو بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے، اسی مقصد سے میں بھی شریک ہورہا ہوں۔  خدا کا شکر ہے کہ معلومات میں‌ اضافہ ہورہا ہے اور کافی فائدہ ہورہا ہے۔  حافظ اعجاز خان (واشی) نے کہا کہ۱۰؍ برس سے شریک ہورہا ہوں، یہاں آنے سے کافی فائدہ ہورہا ہے۔ علماء اور مبلغین کے بیانات اور صبح وشام کے اوقات میں مختلف نشستوں میں کافی دینی معلومات دی جاتی ہے جو یہاں آئے بغیر ملنا ممکن نہیں۔ یہ اجتماع میری زندگی میں‌تبدیلی کی بنیاد ہے محبوب بھائی کھتری (بڑودہ، گجرات) نے کہا کہ میں۳۰؍سال سے شریک ہورہا ہوں ۔ میں پہلے ڈاڑھی نہیں رکھتا تھا ، نمازوں کا اہتمام بھی نہیں کرتا تھا۔ اجتماع میں شرکت اور تحریک سے جڑنے کے۲؍ سال بعد  یہ تبدیلی آئی کہ ڈاڑھی رکھ لی ۔‌اس کے بعد تعلق بڑھتا گیا اور اب تو خدا نے زندگی بدل دی ۔ یہ اجتماع بہت اہم ہے اور میں سمجھتا ہوں‌کہ اس سے بہت سے لوگوں کی زندگیوں میں تبدیلیاں آئی ہیں ۔ اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کی اجتماع میں شرکت  اس کی سب سے بڑی دلیل ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK