مالیگائوں میں مدرسے کے بچے ۹؍ تا سوا ۹؍ بجے ذکر واذکار میں مشغول رہے ، ناندیڑ میں بتی بجھادی گئی لیکن جلسے کی کارروائی جاری رکھی گئی، ایوت محل میں احتجاج کیا گیا
EPAPER
Updated: May 01, 2025, 10:11 PM IST | Malegaon
مالیگائوں میں مدرسے کے بچے ۹؍ تا سوا ۹؍ بجے ذکر واذکار میں مشغول رہے ، ناندیڑ میں بتی بجھادی گئی لیکن جلسے کی کارروائی جاری رکھی گئی، ایوت محل میں احتجاج کیا گیا
مسلم پرسنل لاء بورڈ کے اعلان کے مطابق بدھ کی رات ملک بھر میں مسلمانوں نے رات ۹؍ بجے سے سوا ۹؍ بجے تک اپنے گھروں اور دکانوں کی بتیاں بند رکھیں اور وقف بورڈ قانون کے خلاف احتجاج درج کروایا۔ احتجاج پوری طرح کامیاب رہا۔ لیکن ایسا نہیں ہے کہ مسلمانوں نے صرف بتیاں بند کر دیں بلکہ وہ اس دوران اپنے کام بھی کرتے رہے، کچھ نے اندھیرے میں احتجاج کیا تو کچھ نے ذکر واذکار کیا اور دعائیں مانگیں۔
مالیگائوں : مدرسے کے طلبہ کا ذکر واذکار
بتّی گل تحریک میں مالیگاؤں کی شمولیت صد فیصد رہی ۔ مالیگاؤں کے مدرسہ معہد ملت کے طلبہ اندھیرا کر کے احتجاج میں شریک ہونے کے ساتھ ` ذکر جہری ` میں مشغول رہے ۔ اسکی تصدیق مدرسہ کے صدر المدرسین مفتی حسنین محفوظ نعمانی نے کی ۔ اسی طرح مسجد اہل سنت کلثوم اشرفی کے اطراف سے ذکر الہٰی کی گونج دُور تک سُنی گئی ۔
ناندیڑ میں تاریکی میں جلسہ کی کارروائی
ناندیڑ کے انور گارڈن میں مدرسہ محمدیہ حمایت نگر کے مہتمم مولانا مظہر الحق کامل قاسمی کی ۵۰؍ سالہ دینی خدمات کے اعتراف میں بدھ کی رات ایک پروقار جلسہ جاری تھا۔ جیسے ہی۹؍ بجے، منتظمین نے جلسہ گاہ کی تمام بتیاں بند کر دیں اور کارروائی مکمل طور پر اندھیرے میں جاری رکھی گئی، جس نے احتجاج کے پیغام مزید مؤثر بنایا۔
ایوت محل میں اندھیرے میں احتجاج
ایوت محل شہر کے قلب میں واقع قلم چوک پر ۱۵؍ منٹ کے اندھیرے میں برادران وطن کے ساتھ احتجاج درج کیا گیا اس موقع پر آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ اوقاف بچاؤ ایکشن کمیٹی کے کنوینر مولوی شارق علی مظاہری نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ وقف قانون کو کسی بھی قیمت پر برداشت نہیں کیا جائے گا۔ مسلمان نہ ظلم کرتا ہے نہ ظلم کو برداشت کرتا ہے۔ قانون کے منسوخ ہونے تک احتجاج جاری رہے گا۔