• Fri, 19 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹرمپ کے سخت بیان کا اثر، وینزویلا سے چین اور ایران کا اظہار یگانگت

Updated: December 19, 2025, 10:51 AM IST | Beijing

وینزویلاکے صدر نکولس مادورو نے کولمبیا کو فوجی اتحاد کی پیشکش کی، کہا کہ ساتھ آئیں تاکہ ہماری خودمختاری کی طرف آنکھ اٹھانے کی جرأت نہ کرے۔

Venezuelan President Nicolas Maduro and Colombian President Gustavo Petrochi file photo. Photo: INN
وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور کولمبیا کے صدر گستاف پیٹروکی فائل فوٹو۔ تصویر: آئی این این

چین نے وینزویلا کی کھل کر حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بین الاقوامی معاملات میں یکطرفہ دباؤ اور غنڈہ گردی کی مخالفت کرتا ہے۔ ایران کی جانب سے بھی وینزویلا کے ساتھ یگانگت کا اظہار کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے وینزویلا کے صدرنکولس مادورو سے ٹیلی فونک گفتگو کی اور وینزویلا کے قریب امریکی بحری بیڑے کی تعیناتی کو غیر قانونی قرار دیا۔ 
روئٹرز کے مطابق چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے گزشتہ روز وینزویلا کے ہم منصب ایوان گل سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران وینزویلا کی حمایت کا کھل کر اعلان کیا۔ ان کاکہنا تھا کہ چین بین الاقوامی معاملات میں کسی بھی یک طرفہ دباؤ اور غنڈہ گردی کا مخالف ہے اور وینزوئیلا سمیت تمام ممالک کی خودمختاری اور اس کے تحفظ کے حق کی حمایت کرتا ہے۔ چینی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وانگ یی نے کہا کہ چین اور وینزویلا اسٹریٹجک شراکت دار ہیں اور باہمی اعتماد و تعاون دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات کی ایک دیرینہ روایت ہے۔ 
اپنی گفتگو میں امریکی صدر ٹرمپ کا نام لیے بغیر وانگ یی نے واضح کیا کہ چین وینزویلا کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی احترام کی بنیاد پر تعاون کو فروغ دینے کیلئے تیار ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب وینزوئیلا کو بیرونی دباؤ اور پابندیوں کا سامنا ہے۔ رائٹرز کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ عالمی معاملات پر گہری نگاہ رکھنے والے سیاسی مبصرین کے مطابق چین کا یہ بیان واشنگٹن کی پالیسیوں کے تناظر میں ایک واضح سفارتی پیغام ہے، جس میں بیجنگ نے نہ صرف وینزویلا کے مؤقف کی حمایت کی بلکہ یکطرفہ امریکی اقدامات پر تنقید بھی کی ہے۔ 
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ وینزویلا میں جلد زمینی کارروائی کرنے جارہے ہیں۔ وہائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وینزویلا سے ہزاروں کی تعداد میں قاتل امریکہ آئے، تاہم سخت اقدامات کے بعد اب سمندر کے راستے منشیات کی اسمگلنگ۹۲؍ فیصد کم ہوگئی ہے۔ اس سے قبل امریکا نے پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے پر وینزویلا کے ساحل کے قریب تیل بردار جہاز کو قبضے میں لے لیا تھا۔ ایجنسی کے مطابق یہ کارروائی امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو پر دباؤ بڑھانے کی مہم کا حصہ ہے، جس سے علاقائی تناؤ میں اضافہ ہوگیا ہے۔ 
وینزویلا نے کولمبیا سے کیا کہا؟
وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے کولمبیا کے سیاسی لیڈران، سماجی تحریکوں اور مسلح افواج سے ہنگامی اپیل کی اور عسکری اتحاد کا مطالبہ کیا ہے۔ مادورو نے، امریکہ کے ساتھ کشیدگی میں تیزی آنے پر، بدھ کو اپنے حامیوں سے خطاب میں کہا ہے کہ ‘علاقائی اتحادامن اور خودمختاری کی مضبوط ترین ضمانت ہے۔ انہوں نے، بیرونی مداخلت کو روکنے کے لیے، کولمبیا کی فوج کو بھی وینزویلا کے ساتھ اتحاد کی پیشکش کی ہے۔ مادورو نے کہا ہے کہ ’’میں ان سے وینزویلا کے ساتھ ایک کامل اتحاد کا مطالبہ کرتا ہوں تاکہ کوئی بھی ہمارے ممالک کی خودمختاری کی طرف آنکھ اٹھانے کی جرات نہ کرے۔ ‘‘ 
مادورو نے امریکی صدر ٹرمپ کو نوآبادیاتی عزائم رکھنے کا قصوروار ٹھہرایا ہے ۔ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ وینزویلا نے امریکی تیل، زمین اور دیگر اثاثے چرا لیے ہیں۔ مادورو نے ان الزامات کو حکومت تبدیل کرنے کیلئے بہانہ قرار دیا اور خبردار کیا ہےکہ ’’نئی حکومت بنانے کی کوئی بھی کوشش جلد ناکام ہو جائے گی۔ ان کا مقصد وینزویلا پر ایک ایسی کٹھ پتلی حکومت مسلط کرنا ہے جو چند دن بھی قائم رہنے کی اہلیت نہ رکھتی ہو۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK