Inquilab Logo

ہندوستان پیٹرولیم کے ایپ کا ناجائز استعمال،کرایے پر کار دینے والی کمپنی کے اکائونٹ سے ۷؍لاکھ کا پیٹ

Updated: March 24, 2023, 2:42 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

حال ہی میں شہر میں دھوکہ بازی کا ایک انوکھا معاملہ سامنے آیا ہے

Hindustan Petroleum`s `Drivertrack Plus` app
ہندوستان پیٹرولیم کا ’ڈرائیورٹریک پلس‘ ایپ

حال ہی میں شہر میں دھوکہ بازی کا ایک انوکھا معاملہ سامنے آیا ہے جس میں نامعلوم افراد نے ہندوستان پیٹرولیم کے ایپ کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ممبئی کے ہندوستان پیٹرولیم کے مختلف پیٹرول پمپوں سے ۷؍ لاکھ روپے سے زائد کا پیٹرول اور ڈیزل بھروالیا جس سے کرایے پر کاریں دینے والی ایک بڑی کمپنی کو مالی نقصان ہوا ہے۔
 اس سلسلے میں گوونڈی پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان پیٹرولیم نے اپنے گاہکوں کیلئے گاڑیوں میں ایندھن بھروانے کیلئے ایک ’ایپ‘متعارف کروایا ہے۔گوونڈی میں ’ایس اے ٹراویلس‘ نامی ایک کمپنی ہے جو ’رینٹ اے کار‘ نام سے پورے ہندوستان میں ڈرائیور کے ساتھ کار کرایے پر دینے کی تجارت کرتی ہے۔ اس کمپنی کی شاخیں پورے ملک میں ہیں اور اس کے پاس تقریباً ۴۸۰؍ گاڑیاں ہیں۔اس کمپنی نے اپنی گاڑیوں میں پیٹرول اور ڈیزل بھرنے کیلئے ہندوستان پیٹرولیم کا ’ڈرائیو ٹریک پلس‘ نام کا ایپ لیا ہوا ہے جس میں اندراج کرنے پر ’او ٹی پی‘ (وَن ٹائم پاس ورڈ) موصول ہوتا ہے اور اس او ٹی پی کے بتانے پر پیٹرول پمپ پر   ایندھن گاڑیوں میں بھر دیا جاتا ہے اور اس کی قیمت ایس اے ٹراویلس کمپنی کے بینک اکائونٹ سے وصول کرلی جاتی ہے۔ایپ سے پیٹرول بھروانے کیلئے کار کی کمپنی نے چند موبائل فون ایپ پر رجسٹر کروائے ہیں اور مذکورہ کمپنی کی کسی گاڑی میں پیٹرول یا ڈیزل بھرنا ہو تو کار کےڈرائیور ایپ پر رجسٹر شدہ نمبروں پر میسیج وغیرہ بھیج کر ایندھن بھروا لیتے۔ ’رینٹ اے کار‘ کے افسران نے محسوس کیا کہ گزشتہ تقریباً ۲؍ ماہ سے ایندھن پر بہت زیادہ رقم خرچ ہونے لگا ہے۔ اس شبہ کی بنیاد پر جب تحقیق کی گئی تو پتہ چلا کہ کمپنی نے ایندھن کیلئے جو موبائل فون رجسٹر کرائے تھے، ان کے علاوہ ۳؍ موبائل فون نمبر اور اس ایپ پر رجسٹر کروائے گئے ہیں جن سے خوب ایندھن بھروایا  جارہا ہے اور پیسے کمپنی کے اکائونٹ سے اداکئے جارہے ہیں۔ مزید   پتہ چلا کہ ۷؍جنوری سے ۷؍ مارچ کے درمیان ۷؍ لاکھ روپے سے زائد کاپیٹرول مذکورہ ۳؍ موبائل نمبر کی مدد سے بھروایا گیا ہے۔یہ راز فاش ہوتے ہی ایس اے ٹراویل کمپنی کے مالکان نے گوونڈی پولیس اسٹیشن میں دھوکہ بازی کا کیس درج کروایا ۔ پولیس دھوکہ بازوں کا پتہ لگانے کی کوشش کررہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK