Inquilab Logo

ڈیڑھ ماہ میں۱۴؍مسلم لڑکیوں نےغیرمسلم سے شادی کیلئے رجسٹریشن کروایا

Updated: March 22, 2023, 11:43 PM IST | saeed Ahmed | Mumbai

ان میں سے ۱۲؍ لڑکیوں کا تعلق ممبئی سے ہے،سرکاری ویب سائٹ کےاعداد وشمار ’لوجہاد‘ کا شوشہ چھوڑنے والوں کے دعوئوں کے برعکس

The bride and groom couple after registering the marriage at the magistrate`s office (file photo)
دولہادلہن کا جوڑا مجسٹریٹ کے دفتر میں شادی رجسٹر کروانےکے بعد( فائل فوٹو)

 ’لَوجہاد اور لینڈ جہاد کا شوشہ چھوڑ کر فرقہ پرستوں کی جانب سے واویلا تو خوب مچایا جاتا ہے اور انہی بہانوں سے ان دنوں مسلسل’ جن آکروش مورچے ‘بھی نکالے جارہے ہیں لیکن حقیقت اسکے برعکس ہے۔یہ چونکانے والی تشویشناک صورتحال سامنے آئی ہے کہ ۴۵؍دن میں(مارچ سے ۱۵؍اپریل تک) ۱۴؍مسلم لڑکیوں نے غیرمسلم لڑکو ں سے شادی کے لئے مہاراشٹر حکومت کی میرج ویب سائٹ پر رجسٹریشن کروایا ہے۔یہ شادیاں ۱۵؍اپریل تک ہوںگی۔ 
 اس کا طریقہ یہ ہے کہ شادی کیلئے رجسٹریشن کے بعد ایک ماہ تک مہلت دی جاتی ہے کہ اگر قانونی طور پر بالغ جوڑوں کے اس قدم سے کسی کوکوئی اعتراض ہوتو وہ ویب سائٹ کے ذریعے حکومت کے اس شعبے سے رجوع کرسکتے ہیں۔ ایک ماہ گزر جانے کے بعد یہ موقع دوبارہ نہیں ملتا ۔اس تعلق سے ممبئی جامع مسجد ٹرسٹ کے چیئرمین شعیب خطیب اوران کی ٹیم نے پہلے بھی تحقیق کی تھی اورا ب بھی کر رہی ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی یہ تلخ حقیقت سامنے آئی تھی کہ گزشتہ سال ۵۷؍مسلم لڑکیوں نے غیرمسلم لڑکو ں سے شادی کرنےکیلئے رجسٹریشن کروایا تھا۔ اس خبر کوبھی انقلاب نےنمایاں طریقے سے شائع کیا تھا۔
 یادر ہے کہ سوشل میڈیا پر بار بار یہ بات کہی جاتی ہے اورفرقہ پرست طاقتوں کی جانب سے مہم چلاکرغیرمسلم نوجوانوں کو اکسایا جاتا ہے کہ وہ مسلم لڑکیوں کو ورغلائیں،انہیں بہلائیں اور اپنے جال میں پھنسائیں۔ اس کیلئے ان کی جانب سے مختلف حربے استعمال کئے جاتے ہیں ۔ یہ سب کچھ لو جہاد کا انتقام لینے کے نام پر کیا جاتا ہے۔اس لئے یہ پوری ملت اسلامیہ کے لئے لمحۂ فکریہ ہےاوراس کے تدارک کے لئے منظم کوشش کی ضرورت ہے۔
رابطہ قائم کرنے کی کوشش جاری ہے
 جامع مسجد کے چیئرمین شعیب خطیب نے انقلاب کو بتایا کہ ’’ان ۱۴؍لڑکیوں میں سے ۱۲؍ لڑکیاں ممبئی کے الگ الگ علاقوں میں رہنے والی ہیں جبکہ کچھ مہاراشٹر کے مختلف اضلاع سےتعلق رکھتی ہیں۔ ان کی جانب سے ۱۵؍اپریل تک شادی کیلئے رجسٹریشن کروایا گیا ہے۔‘‘ انہوں نےکہا کہ’’ ہماری ٹیم اس پرنگاہ رکھ رہی ہے اورایسی لڑکیوں اور ان کے اہل خانہ سے رابطہ قائم کرنے کی مسلسل کوشش کی جارہی ہے تا کہ ان کو فرقہ پرستوں کی سازش سے آگاہ کروانے کے ساتھ انہیں آخرت کی فکر دلائی جائے ۔یہ اسلئے بھی کہ محض ۴۵؍دن میں۱۴؍مسلم لڑکیوں کا غیر مسلم لڑکوں سے شادی کےلئے رجسٹریشن کروانا ہرگز کوئی معمولی واقعہ نہیں ہے۔  
  یاد رہے کہ قانونی طور پر ان( بالغ) لڑکیوں کو اپنی مرضی سے شادی کرنے کا اختیار ہے لیکن ان دنوں جس طرح کی مہم فرقہ پرستوں نے چلا رکھی ہے اس کی وجہ سے  شادی بیاہ  کایہ معاملہ تشویشناک ہو گیا ہے۔   شعیب خطیب کے مطابق ’’ یہ حالات انتہائی پریشان کن ہیں کیونکہ ہماری قوم کی بیٹیاں دوسروں کے چنگل میں پھنس کریا وقتی دنیاوی چمک دمک سے متاثر ہوکر اپنے ایمان کا سودا کر رہی ہیں ۔اس لئے اس جانب نگاہ رکھی جارہی ہے اور کوشش بھی جاری ہے کہ اگر کسی ایک بھی بیٹی کو اس جال سے بچانے میں کامیابی ملتی ہے تویہ بڑا کام ہوگا۔ 

Marriage Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK