Inquilab Logo

منیشا کائندے کے جواب میں جتیندر اوہاڑ نے بھی منشیات فروشی کے ملزمین کی وزیراعلیٰ کےساتھ تصویر دکھائی

Updated: October 26, 2023, 11:47 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

جتیندر اوہاڑ نے ایک تصویر دکھاتے ہوئے کہا کہ ’’وزیر اعلیٰ کے ساتھ تصویر میں جو شخص ہے ،اس کےخلاف نہ جانے کتنے کیس درج ہیں۔ اگر ایسی تصویریں دکھائی جائیں تو تصویروں کا البم تیار ہوجائے گا۔ جو سوال کیا گیا ہے ،حکومت کو اس کا جواب دینا چاہئے۔

Member of Assembly Jitender Ohar showing photo of Chief Minister Shinde. Photo: INN
رکن اسمبلی جتیندر اوہاڑ وزیراعلیٰ شندے کی تصویر دکھاتے ہوئے۔ تصویر:آئی این این

مہاراشٹر قانون ساز کونسل کی رکن (ایم ایل سی) اور شیوسیناشندے گروپ کی ترجمان ڈاکٹر منیشا کائندے نے این سی پی کی سینئر لیڈر سپریہ سلے اور جتیندر اوہاڑ کی منشیات فروشی کے ملزمین کے ساتھ تصویروں کے تعلق سے وضاحت کا مطالبہ کیا  تھا جس کے جواب میں سابق کابینی وزیر جتیندر اوہاڑ نے بھی جرائم پیشہ افراد کی وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے ساتھ تصویر  دکھا ئی اور پوچھا کہ اس سے کیا ثابت ہوتا ہے؟ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کوئی بھی شخص کسی بھی سیاستداں کے‌ساتھ تصویر کھنچوا لیتا ہے اس لئے صرف تصویر سے کچھ ثابت نہیں ہوتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو اصل موضوع سے توجہ ہٹانے کی کوشش کرنے کے بجائے جواب دینا چاہئے کہ ریاست میں منشیات کہاں سے آرہی ہے۔
جتیندر اوہاڑ نے جمعرات کو اپنے بیان میں کہا کہ سپریہ تائی نے صرف یہ کہا تھا کہ ریاست میں منشیات کا آنا اچھا نہیں ہے۔ انہوں نے کسی کا نام نہیں لیا تھا اس لئے کسی کو یہ بات دل پر نہیں لینی چاہئے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’کیا اب کسی کا نام لئے بغیر یہ کہا بھی نہیں جاسکتا کہ ریاست میں منشیات کا آنا بُرا ہے؟‘‘
جتیندر اوہاڑ نے ایک تصویر دکھاتے ہوئے کہا کہ ’’وزیر اعلیٰ کے ساتھ تصویر میں جو شخص ہے ،اس کےخلاف نہ جانے کتنے کیس درج ہیں۔ اگر ایسی تصویریں دکھائی جائیں تو تصویروں کا البم تیار ہوجائے گا۔ جو سوال کیا گیا ہے ،حکومت کو اس کا جواب دینا چاہئے۔ آپ کو جواب نہیں دینا ہے تو کیا آپ کسی بھی قسم کا الزام عائد کرنے لگیں گے؟‘‘جب ان سے پوچھا گیا کہ وزیر اعلیٰ کے ساتھ تصویر میں نظر آنے والے شخص کا نام کیا ہے تو انہوں نے کہا کہ ’’یہ بہت جانا پہچانا نام ہے۔ یہ انسٹا گرام اور یو ٹیوب کا ہیرو ہے اور اس کی دہشت پورے ضلع تھانے میں ہے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’پولیس حکومت کی سنتی ہے ،وزراء کی سنتی ہے، ہم اپوزیشن میں ہیں تو الزام لگائیں گے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK