Inquilab Logo

یوپی کے آگرہ شہر میں ایک بار پھر بلیک فنگس کا مرض سر ابھارنے لگا

Updated: July 21, 2021, 2:05 AM IST | agra

جو مریض علاج کے بعد ٹھیک ہو گئے تھے ان میں سے ۹؍ کے اندر دوبارہ انفیکشن پایا گیا۔ علاج کیلئے دوبارہ اسپتال داخل کروایا گیا

Doctors managed to control the disease with great difficulty (file photo)
ڈاکٹروں نے بڑی مشکل سے مرض پر قابو پایا تھا (فائل فوٹو)

 اتر پردیش کے مشہور شہر آگرہ میں ایک بار پھر بلیک فنگس نامی مہلک مرض سر ابھار رہا ہے۔ شہر میں بلیک فنگس کے مریض، جو شروع میں ٹھیک ہو گئے تھے، اب پھر سے ان میں انفیکشن ہونے کا پتہ لگا ہے۔ آگرہ کے سروجنی نائیڈو میڈیکل کالج (ایس این ایم سی) میں میوکورمیکوسس یا سیاہ فنگس کے کم ازکم ۹؍معاملوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ ۴۰؍ سال سے زیادہ عمر کے ان سبھی مریضوں کو پہلے کووڈ ۱۹؍ سے متعلق ٹیسٹ میں پازیٹیو پایا گیا تھا۔
 بلیک فنگس علاج کیلئے مقرر ضلع انچارج اکھل پرتاپ سنگھ کا کہنا ہے کہ ’’گزشتہ دو مہینوں میں آگرہ ضلع میں بلیک فنگس کے ۸۳؍ مریض سامنے آئے ہیں۔ ان میں سے ۴۱؍ انفیکشن سے ٹھیک ہو چکے ہیں۔ ان سبھی مریضوں کو ہر ۱۵؍ دنوں کے بعد چیک اَپ کیلئے بلایا جاتا ہے۔‘‘
  اکھل پرتاپ کا کہنا ہے کہ ’’ایک ایم آر آئی ٹیسٹ کے بعد ان میں سے ۹؍ مریضوں میں بلیک فنگس کے دوبارہ انفیکشن کی تصدیق ہوئی ہے۔ قابل غور بات یہ ہے کہ ان مریضوں میں دوبارہ انفیکشن کی کوئی علامت نہیں نظر آئی۔ ان سبھی مریضوں کو اب اینٹی فنگس دوائیں دی جا رہی ہیں۔‘‘اس درمیان شہر میں دو مزید مریضوں کے پھیپھڑوں میں سیاہ فنگس کے انفیکشن کا پتہ چلا ہے۔ ان مریضوں کو ایس این میڈیکل کالج کے میڈیسن وارڈ میں داخل کروایا گیا ہے۔
  واضح رہے کہ گزشتہ دنوں جب ہندوستان بھر میں کورونا کی دوسری لہر نے قہر برپا کر رکھا تھا تو آگرہ میں بلیک فنگس نے پہلی بار اپنا روپ دکھایا تھا لیکن ڈاکٹروں نے علاج کے ذریعے جلد ہی اس پر قابق پا لیا تھا لیکن  اب اس کے دوبارہ سر ابھارنے کی وجہ سے ایک بار پھر یہاں تشویش ہے۔ البتہ حکام   نے عوام سے احتیاط کی اپیل کی ہے اور اس پر قابو پانے کی امید ظاہر کی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK