Inquilab Logo

تعلیمی پروگرام ’ہم ہوں گے کامیاب‘میں ایس ایس سی طلبہ کو امتحان کی تیاری سے متعلق اہم مشورے دیئے گئے

Updated: January 03, 2023, 10:13 AM IST | saadat khan | Mumbai

’ کاوش‘ کے ذریعے شانمکھانند ہال میں منعقدہ پروگرام میں مختلف شعبوںکی کامیاب شخصیات نے طلبہ کو انتھک محنت اور خوداعتمادی کے ساتھ زندگی میں آگے بڑھنے کا پیغام دیا

Guests and participants can be seen at the `Kavash` program held at Shanmukhanand Hall.
شانمکھانند ہال میںمنعقدہ ’کاوش‘ کے پروگرام میں مہمانوں اور شرکاء کو دیکھا جاسکتا ہے۔ (تصویر: انقلاب)

 ایس ایس سی کےطلبہ کی تعلیمی رہنمائی اور حوصلہ افزائی کے ساتھ انہیں مشورے اور ترغیب دینےکیلئے تعلیمی تنظیم ’کاوش‘ نے پیر کو سائن کے شانمکھانند ہال میں ۸؍واں ’ہم ہوںگے کامیاب‘‘ پروگرام  بعنوان ’’حصول ِعلم ، خدمت انسانیت سے تسخیر کائنات تک ‘‘ کا انعقاد کیا جس میں ممبئی ، بھیونڈی، تھانے، ممبرا اور اطراف کے دیگر اضلاع کے اسکولوں کے تقریباً ڈھائی ہزار طلبہ نے شرکت کی۔ یہ پروگرام ۴؍مختلف سیشن پر مشتمل  تھا۔ 
 پہلے سیشن میں ڈاکٹر کاظم ملک نے ’گول سیٹنگ ‘ عنوان پر سیر حاصل گفتگو کی اور طلبہ کو بورڈ امتحان کی تیاری سےمتعلق اہم مشورے دیئے۔ دوسرے سیشن میں کاوش کے رکن  عامر انصاری (پرنسپل مدنی ہائی اسکول جوگیشوری اور کریئر کاؤنسلر) اور اورنگ آباد کے کریئر کاؤنسلر شیخ جمیل احمدنے ’طلبہ کے تعلیمی مسائل اور آئندہ۵؍ سال میں کریئر کے بہترین مواقع‘  موضوع پر اپنے خیالات کااظہار کیا۔ انہوں نے موبائل فون کے استعمال سے ہونےوالے نقصانات پر روشنی ڈالی  ساتھ ہی کامیابی کیلئے سخت محنت کرنےکی تلقین کی۔
  پروگرام کے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر بھال چندر منگیکر(سابق وائس چانسلر اور ممبر آف پارلیمنٹ ، راجیہ سبھا) نے طلبہ کو مخاطب کرتےہوئے کہاکہ ’’کامیابی کیلئے محنت لازمی ہے لہٰذا جوطلبہ دل لگاکرپڑھائی کریںگے، کامیابی ان کی ہوگی۔ ‘‘
  پروگرام کے ایک اور مہمانِ خصوصی اور رول ماڈل کے طورپر شریک ہونے والے انڈین کارپوریٹ لاء سروسیز نئی دہلی کے یوپی ایس سی (۲۰۲۰ء) امتحان میں کامیابی حاصل کرنے  والے بارامتی کے نوجوان الطاف محمد شیخ نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔ یوپی ایس سی کی اہمیت بیان کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ طلبہ کس طرح  فعال اور اعلیٰ عہدوں پر فائز ہوکر قوم و ملک کی خدمت کر سکتے ہیں۔
 اس موقع پردسویں کے طلبہ کی ذہن سازی اور ان میں حوصلہ پیدا کرنےکیلئے جن رول ماڈلس کو مدعو کیاگیاتھا، ان میں ڈاکٹر سہیل احمد خان (سینئر سائنسداں ،بی اے آر سی) ، احتشام سید   (ایچ بی ٹی کوپر گورنمنٹ میڈیکل کالج، ممبئی) جنہوںنے بنا کوچنگ نیٹ کریک کیاہے۔تنور احمد شیخ ( ماسٹر اِن ڈیٹا سائنس، کارنیجین میلن یونیورسٹی، امریکہ)،منزہ فاطمہ انصاری( ریسرچر ایچ بی این آئی، بی اے آر سی ،ممبئی)، صدف خان (بغیر کوچنگ نیٹ کریک کرنےوالی ،ایچ بی ٹی میڈیکل کالج، ممبئی )، انصاری جزا محمد ریحان  (بی ٹیک میکینکل ،آئی آئی ٹی ممبئی  )لیفٹیننٹ   جاوید سید ( ویٹیرن ریٹائرڈ آرمی آفیسر )اورشیخ عبد الناصر (این ڈی اے اسپرنٹ ،تلنگانہ) شامل تھے۔ ان رول ماڈلس نے اپنے تعلیمی سفر اور اپنی کامیابی کی روداد پیش کی۔ ان کامیاب شخصیات نے طلبہ کو مستقل مزاجی ،لگن اور ذوق کے ساتھ کریئر منتخب کرنے کی تلقین کی۔
 اس پروگرام میں زندگی کےمختلف شعبوں مثلاً تعلیمی ،صحافتی اور سماجی خدمات پیش کرنے والوںکو ان کی نمایاں کارکردگی کیلئے اعزاز سے بھی نوازاگیا۔ نسرین اسلم شیخ (پرنسپل عبداللہ پٹیل ہائی اسکول ،ممبرا)، شبیر فاروقی (پرنسپل رفیع الدین فقیہ ہائی اسکول، بھیونڈی)، کملا کانت موتی رام انکش (ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر ہائی اسکول، چمبور) اور شہباز خان(انچارج تعلیمی انقلاب)کو ان کی خدمات کیلئے ایوارڈ دیاگیا۔
  تعلیم حاصل کرکے کامیاب زندگی گزارنے کا پیغام دینے اور طلبہ میں جوش وخروش پیدا کرنے کیلئےڈراما نگار عدنان سرکھوت نے ’ہواز دی نیکسٹ ‘  عنوان سے ڈراما پیش کیا جس میں معروف صنعتکار رتن ٹاٹا، عظیم پریم جی، سدھا مورتھی ( انفوسس کی بانی) اور حاجی عبدالرزاق کالسیکر کی زندگی اور ان عظیم شخصیات نےجس جدوجہد سے کامیابی کا سفر طے کیا، ڈرامے کے ذریعے قوم کے تئیں ان کے جذبے اور خدمات کی عکاسی کی گئی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK