Inquilab Logo

ایودھیا میں رام مندر کا افتتاح، مودی نے عدلیہ کا شکریہ ادا کیا

Updated: January 23, 2024, 8:39 AM IST | Ayodhya

اسےنئے دور کا آغاز قراردیا اورکسی کا نام لئے بغیر تنقید کی کہ ’’کچھ لوگ فکر مند تھے کہ رام مندر بنا تو آگ لگ جائے گی۔‘‘

Prime Minister Modi addressing the guests after the inauguration of the Ram Mandir and Pran Pratashtha ceremony. (PTI)
وزیراعظم مودی رام مندر کے افتتاح اور پران پرتشٹھا کی تقریب کے بعد مدعوئین سے خطاب کرتے ہوئے۔ ( پی ٹی آئی)

وزیر اعظم نریندر مودی نے    ایودھیا میں بابری مسجد کی جگہ پر بنائے گئے رام مندر  کے پران پرتشٹھا کی تقریب اور افتتاح  کے بعد پیر کو ۸؍ ہزار سے زائد خصوصی مدعوئین  سے خطاب کے دوران عدلیہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ’’رام کے وجود پر  قانونی لڑائی دہائیوں پر محیط ہے۔ میں انصاف کرنے کیلئے عدلیہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘‘
 یاد رہے کہ بابری مسجد کی جگہ پر رام مندر کی تعمیر  کی راہ سپریم کورٹ کے ۲۰۱۹ء کے  متنازع فیصلے  سے ہموار ہوئی ہے۔  ۵؍ رکنی بنچ کے اس فیصلے  میں   کورٹ نے یہ تو تسلیم کیا کہ کسی مندر کو توڑ کر بابری مسجد تعمیرکرنے کا دعویٰ ثابت نہیں ہوا اور یہ کہ مسجد کو شہید کرنا غیر قانونی اور مجرمانہ عمل تھا مگر اس نے مسجد کی زمین مندر کی تعمیر کیلئے دینے کافیصلہ سنایا۔ 
 مذکورہ مندر کی تعمیر حالانکہ ابھی نامکمل  ہے اس  کے باوجود  وزیراعظم مودی ، آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت، یوپی کے وزیراعلیٰ  یوگی آدتیہ ناتھ  کی قیادت میں پیر کو مندر میں مورتی رکھ کر اس کا افتتاح  کردیاگیا۔اس موقع پر خطاب  میں وزیراعظم مودی نے ’’  رام للا کی پران پرتشٹھا‘‘ کو صدیوں کے بے مثال صبر اور ان گنت قربانیوں اور تپسیا کا نتیجہ قراردیا۔ انہوں  نےکہا کہ’’ ہمارے رام للا اب ٹینٹ میں نہیں رہیں گے اب عالیشان مندر میں رہیں گے۔‘‘ 
 مودی نے  دھرم اچاریاؤں، سادھ سنتوں  اور دیگر معزز شخصیات سے خطاب  میں کہا کہ’’۲۲؍ جنوری ۲۰۲۴ء کا یہ سورج حیرت انگیز چمک  کے ساتھ طلوع ہوا  ہے۔‘

 انہوں نے اسے نئے دور کا آغاز قراردیا اور کہا کہ’’ اس موقع پر ہمیںآئندہ  ایک ہزار برسوں  کے ہندوستان کی سنگ بنیاد رکھنی ہے۔ ہمیں  مندر کی تعمیر سے آگے بڑھتے ہوئے مضبوط ہندوستان کی تعمیر کرنی ہے۔ ‘‘  اس موقع پر انہوں  نے ان لوگوں کو تنقید کا نشانہ بنایا جو متنبہ کررہے تھے کہ بابری مسجد کی جگہ پر اگر رام مندر کی تعمیر ہوئی تو آگ لگ جائے گی۔
  وزیراعظم مودی نے کہا کہ ’’ایسے لوگ ہندوستان کی سماجی روح کی پاکیزگی کو نہیں سمجھ سکتے۔ انہوں  نے کہا کہ رام للا کے مندر کی تعمیرتنازع نہیں بلکہ حل ہے۔ رام صرف ہمارے  نہیں سب کے ہیں۔‘‘اس موقع پر آرا یس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے اعلان کیا کہ ’’رام راج آرہاہے۔‘‘ انہوں نےاپنے ہم وطنوں کو تمام اختلافات کو ختم کرکے متحد ہونے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ’’آج کا یہ پروگرام ایک نئے ہندوستان کی علامت بن گیا ہے جو نہ صرف خود کھڑا ہوگا بلکہ پوری دنیا کی مدد کرےگا۔ 
  وزیر اعظم  مودی نے پیر کو اجودھیا کی تقریب کے بعد اپنے پہلے فیصلے کے تحت ملک بھر میں ایک کروڑ گھروں پر روف ٹاپ سولر پینل لگائے کا ایک نیا پروگرام ’پردھان منتری سوریودیہ یوجنا‘ شروع کرنے کا اعلان کیا۔ ’ایکس‘پر ایک پوسٹ میں اس کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ’’اس سے نہ صرف غریب اور متوسط ​​طبقے کے بجلی کے بلوں میں کمی آئے گی بلکہ ہندوستان توانائی کے شعبے میں خود کفیل بھی بنے گا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK