Inquilab Logo

بیلاپور سے گیٹ وے آف انڈیا کے درمیان واٹر ٹیکسی کا افتتاح

Updated: February 08, 2023, 5:28 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

ریاستی وزیر دادا بھُسے نے ’نین ایلیون ‘ کوہری جھنڈی دکھائی۔اس راستے پریہ واحد کشتی خدمات ہیں

State Minister Dadabhse inaugurates Belapur-Gateway of India Water Taxi. (PTI)
ریاستی وزیر دادابھسے بیلاپور-گیٹ وے آف انڈیا واٹرٹیکسی کا افتتاح کررہے ہیں۔(پی ٹی آئی)

ریاستی وزیر برائے بندرگاہ اور بحری جہازدادا بھُسے نے منگل کی صبح بیلاپور میں گیٹ وے آف انڈیا اور بیلاپور کے درمیان ’نین ایلیون ‘ نامی  واٹر ٹیکسی افتتاح کیا۔ یہ واحد کشتی ہے جو اس راستے پر روزانہ صبح اور شام کے اوقات میں دستیاب ہوگی جسے نین تارا شپنگ پرائیویٹ لمیٹڈ نامی کمپنی چلائے گی۔ اس سے  زیادہ تر آفس جانے والے افراد  فائدہ اٹھاسکیں گے۔
  یہ واٹر ٹیکسی فی الحال صبح ۸؍ بجکر ۳۰؍ منٹ پر بیلاپور سے روانہ ہوگی اور صبح تقریباً ۹؍بجکر ۳۰؍ منٹ پر گیٹ وے آف انڈیا پہنچے گی۔ اس کے بعد یہ ٹیکسی شام کو ۶؍ بجکر ۳۰؍ منٹ پر گیٹ  وے آف انڈیا سے روانہ ہوگی اور تقریباً ۷؍ بجکر ۳۰؍ منٹ پر بیلا پور پہنچے گی۔ اس راستے پر یہ کشتی صرف ہفتے کے دنوں میں چلائی جائے گی اور ہفتے کے آخر میں اسے ’فیری وہارف (بھائوچا دھکا)‘  سے مانڈوا تک چلائی جائے گی۔ اس کشتی کے نچلے حصہ پر سفر کیلئے ایک طرف کا کرایہ ۲۵۰؍ روپے اور اوپری حصہ پر سفر کا کرایہ ۳۵۰؍ روپے  ہوگا۔ اس کی ٹکٹیں آن لائن بُک کرنے کیلئے نین تارا شپنگ نے ’مائے بوٹ رائیڈ ڈاٹ کام‘ (myboatride.com) سے معاہدہ کیا ہے  ۔ چونکہ اس کشتی سے زیادہ تر دفتر جانے والے افراد کے سفر کرنے کا امکان ہے اس لئے   سستے داموں میں ۲۰؍ سے ۲۲؍ دن کے پاس  کی سہولت بھی رکھی گئی ہے۔اس کشتی میں ’اے سی‘  میں سفر کیا جاسکتا ہے۔ اس کے نچلے حصہ میں ۱۴۰؍ اور اوپری حصہ میں ۶۰؍ مسافروں کے بیٹھنے کی جگہ ہے۔  مسافروں کو بندرگاہوں تک پہنچنے کیلئے ۱۰؍ روپے کرایے پر نوی ممبئی کے بیلاپور اسٹیشن سے  شیئر آٹو رکشا کا انتظام کیا گیا ہے جبکہ جنوبی ممبئی میں سی ایس ٹی اور چرچ گیٹ اسٹیشنوں سے شیئر ٹیکسی   چلائی جارہی ہیں۔ 
 اب تک اس راستے پر مانڈوا تک جانے کے لئے ہی بحری جہاز سے سفر کا انتظام تھا اور اس میں بھی زیادہ تر مسافر یا تو علی باغ جانے والے ہوتے ہیں یا پھر سیاح ہوتے ہیں جو سیر و تفریح کے لئے بحری جہاز کا سفر کرتے ہیں۔البتہ اس نئی خدمات کو خاص طور پر دفاتر آنے جانے والوں کا خیال رکھ کر شروع کیا گیا ہے۔
 نیئن تارا جہاز۱۲؍ اکتوبر ۲۰۲۲ء کو ممبئی لایا گیا تھا اور پہلے اسے جنوبی ممبئی میں ڈومیسٹک کروز ٹرمینل پرنسس ڈوک جیٹی سے مانڈوا کے درمیان یکم نومبر سے چلایا گیا لیکن مسافروں کی کمی کی وجہ سے یہ سروس بند کرکے اب اسے نئے راستے پر چلائے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 

belapur Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK