• Mon, 07 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مراٹھواڑہ میں مسلسل بارش،وشنو پوری ڈیم کے دروازے کھولے گئے ، ۴؍ لوگوں کی موت، ۸۸؍ جانور بہہ گئے ،

Updated: September 03, 2024, 11:15 AM IST | ZA Khan / Agency | Mumbai

مسلسل بارش کے سبب مراٹھواڑہ میں اس وقت تباہی مچی ہوئی ہے۔ اطلاع کے مطابق گزشتہ ۳؍ روز سے ہو رہی بارش کے دوران خطےمیں پیش آئے مختلف واقعات میں ۴؍ لوگوں کی موت ہو چکی ہے جبکہ ۸۸؍ جانور پانی میں بہہ گئے ہیں۔

A street in Nanded where water is full. Photo: Inquilab
ناندیڑ کی ایک گلی جہاں پانی بھرا ہوا ہے۔ تصویر : انقلاب

مسلسل بارش کے سبب مراٹھواڑہ میں اس وقت تباہی مچی ہوئی ہے۔ اطلاع کے مطابق گزشتہ ۳؍ روز سے ہو رہی بارش کے دوران خطے  میں پیش آئے مختلف واقعات میں ۴؍ لوگوں کی موت ہو چکی ہے جبکہ ۸۸؍ جانور پانی میں بہہ گئے ہیں۔ خطے میں پانی سپلائی کرنے والے بیشتر ڈیم لبریز ہوچکے ہیں اور ان میں وشنو پوری ڈیم کے ۱۲؍ دروازے کھول دیئے گئے ہیں اور اس کا پانی  دریائے گوداوری  میں بہایا جا رہا ہے۔ لہٰذا گوداوری کے کنارے کئی گائوں میں پانی بھر گیا ہے۔ 
 تمام آبی ذخائر لبالب
اطلاع کے مطابق  مراٹھواڑہ کے ۸؍ اضلاع میں  واقع ۲۸۴؍ تحصیلوں میں اتوار کے روز زور دار بارش ہوئی جس کے بعد پیر کی صبح وشنو پوری ڈیم کے دروازے کھول دیئے گئے۔ سب سے زیادہ بارش پربھنی  ضلع کے پاتھری گائوں میں ہوئی ہے۔  اس کے  بعد پربھنی ہی کے بھابھل گائوں میں خوب بارش ہوئی۔  اطلاع کے مطابق بارش کی وجہ سے خطے میں پانی سپلائی کرنے والے آبی ذخائر کی سطح ۷۱؍ فیصد سے اوپر پہنچ  چکی ہے۔ جائیکواڑی ڈیم جو کہ پانی کی قلت کے سبب تشویش کا باعث بنا ہوا تھا  اب لبالب بھر چکا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اب ایک سال تک یہاں پانی کی قلت نہیں ہو گی۔  جائیکواڑی  سے کم از کم ۷۰۰؍ کیوسک پانی  باہر چھوڑا گیا ہے۔ 
 ۴؍ اموات، ۸۸؍ جانور بہہ گئے
 اطلاع کے مطابق  مسلسل بارش کے سبب مقامی باشندوں کو بڑے پیمانے پر نقصان اٹھانا پڑا ہے۔  الگ الگ واقعات میں کم از کم ۴؍ لوگوں کی موت ہو گئی ہے جبکہ  ۸۸؍ جانور پانی میں بہہ گئے ہیں۔  اس دوران ۲۹؍ پکے اور  ۱۳۵؍ کچے مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ بعض مکانات پانی میں ڈوب گئے ہیں۔  ۱۸؍ اگائوں میں  ۷۴؍ کسان متاثر ہوئے ہیں۔  مجموعی طور پر  ۴۵ء۲۰؍ ہیکٹرس پر اگائی گئی فصلوں کا نقصان ہوا ہے۔  حکام نے مقامی کارندوں کو فوری طور پر سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کرنے کا حکم دیا ہے۔
 ناندیڑ کے کئی علاقوں میں پانی بھرا   
مراٹھواڑہ میں بارش کے سبب سب سے زیادہ  متاثر ہونے والے علاقوں میں ناندیڑ بھی ہے جہاں  گزشتہ ۳؍ دنوں سے مسلسل بارش ہو رہی ہے۔ اس کی وجہ سے کئی بستیوں میں سیلابی صورتحال ہے۔ متاثرہ بستیوں میں راحت کام جاری ہے۔ ناندیڑ شہر کے شراوستی نگر ، سعادت نگر ، ملت نگر، اسلام پورہ، کھڑکپورہ ،  اور دیگر علاقوںمیں دو دنوں سے پانی بھرا ہوا ہے، جس کی وجہ سے لوگ گھروں کی  چھت کے اوپر رہنے پر مجبور ہیں، جبکہ کچھ لوگ اپنے گھر خالی کر کے محفوظ جگہوں پر منتقل ہو رہے ہیں۔سعادت نگر میں مسجد صالح میں پانی داخل ہو گیا  ہے۔اس مشکل وقت میں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ابھی تک کوئی مدد فراہم نہیں کی گئی ہے جسکی وجہ سے شہریوں میں  ناراضگی  ہے ۔ متاثرہ لوگ فوری امداد کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ قدیم شہر گاڑی پورہ اور ملیان کے علاقے میں لوگوں کے مکانوں میں بارش کا پانی داخل ہوگیا ہے۔لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے، انہیں فوڈ پیکٹ فراہم کئے گئے ہیں۔ طوفانی بارش کی وجہ سے دیہی مقامات پربھی حالات سنگین ہوگئے ہیں۔کئی علاقوں میں سڑکیں بند ہو گئی ہیں اور آمدورفت متاثر ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK