Inquilab Logo

’انڈیا‘ نے مودی سرکار کو للکارا، اُکھاڑ پھینکنے کاعزم، لالو کا وزیراعظم پر حملہ

Updated: March 04, 2024, 9:57 AM IST | Meraj Noorie | Patna

پٹنہ کے گاندھی میدان میں ’جن وشواس‘ریلی میں عوام کا جم غفیر امڈآیا، راہل اور کھرگے نے حکومت کی پالیسیوں کو نشانہ بنایا، سیتارام یچوری نے بہتر ہندوستان کا نعرہ دیا، تیجسوی نےنتیش کو آڑے ہاتھوں لیا۔

At the historic Gandhi Maidan in Patna, leaders at the India Ittehad rally showed unity and reiterated their resolve to oust the BJP from power in the parliamentary elections. Photo: PTI
پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان میں  انڈیا اتحاد کی ریلی میں لیڈروں نے اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئےپارلیمانی الیکشن میں بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ تصویر: پی ٹی آئی

تیجسوی یادو کی جن وشواس یاترا کے دوسرے مرحلے کے آغاز سے قبل اتوار کو پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان میں  منعقدہ جن وشواس مہا ریلی میں  انڈیا اتحاد نے نہ صرف لوک سبھا انتخابات کا بگل بجادیا بلکہ متحد ہوکر حکومت کو اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ ریلی میں  شرکت کیلئے راہل گاندھی مدھیہ پردیش میں اپنی نیائے یاترا کو روک کر پٹنہ پہنچے۔ ان کے علاوہ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے، سماجوادی سربراہ اکھلیش یادو، بائیں  محاذ کے سیتارام یچوری، دیپانکر بھٹاچاریہ اور ڈی راجا شامل تھے۔ راہل گاندھی اور کھرگے نے مودی حکومت کی پالیسیوں  کو تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ سیتارام یچوری نےبہتر ہندوستان کا نعرہ دیا۔ انڈیا اتحاد کے لیڈروں   نےملک کو بچانے کیلئے مودی حکومت کواکھاڑ پھینکنے کی ضرورت پر زور دیتےہوئے نشاندہی کی کہ وہ آئین کے ساتھ کھلواڑ کررہی ہے۔ 
مودی جھوٹ کے ہول سیلر اور ڈیلر: تیجسوی
  کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کہا کہ بہار سیاست کی نبض کا مرکز ہے۔ جب بہار میں طوفان آتا ہے تو ملک میں تبدیلی آتی ہے۔ تیجسوی یادو نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی جھوٹ کے ہول سیلر اور ڈیلر ہیں۔ اپنے والد پر کئے گئے سیاسی تبصروں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی اپنے والد کے کام کے بارے میں کیوں نہیں بتاتے؟ نتیش کمار کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ مسلسل اِدھر ُادھر پھرتے ہیں، کیا مودی جی ان کی ضمانت دیں گے؟ انہوں  نے پیش گوئی کی کہ نتیش کمار کی جے ڈی یو۲۰۲۴ءمیں ختم ہو جائے گی۔ ریلی سے لالو پرسادیادو، اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو، کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے، بائیں محاذ کے ڈی راجا، سیتارام یچوری اور دیپانکر بھٹاچاریہ نے بھی خطاب کیا۔ 
پٹنہ کی سڑکوں  پر جوش، میدان میں  جم غفیر
اتوار کو جن وشواس مہاریلی کے تعلق سے بہار کی راجدھانی پٹنہ کی سڑکوں پر غیر معمولی جوش وخروش نظر آیا جبکہ تاریخی گاندھی میدان میں امڈنے والی بھیڑ اس بات کا اظہار تھی کہ تیجسوی یادو کی قیادت میں  آر جے ڈی کی حمایت میں  غیرمعمولی اضافہ ہواہے جو نتیش کیلئے باعث فکر مندی ہے۔  گاندھی میدان میں   اپوزیشن اتحاد کے کارکنان کا سیلاب نظر آیا۔ آر جے ڈی کے ساتھ ساتھ کانگریس، سماج وادی پارٹی، بائیں بازو کی جماعتوں اور دیگر اپوزیشن پارٹیوں کے کارکن بھی پورے جوش و خروش کے ساتھ گاندھی میدان پہنچے۔ پٹنہ میں چاروں طرف آر جے ڈی، بائیں بازو کی پارٹیوں، کانگریس اور سماج وادی پارٹی کے جھنڈے اور کارکن نظرآئے۔ 
 ’جنتالڑے گی، تاناشاہی ہارےگی‘کا عزم
’جنتالڑے گی، تاناشاہی ہارےگی‘کے نعرہ کے ساتھ اپوزیشن نے اتوار کو اپنی طاقت کا بھر پور مظاہرہ کیا۔ جن وشواس مہاریلی جون۲۰۲۳ء میں ’انڈیااتحاد‘ کی ریلی کے بعد پہلی ریلی ہے جس میں حزب اختلاف کے کئی بڑے لیڈر ایک ہاسٹیج پر اکٹھے نظر آئے۔ لوک سبھا انتخابات سے قبل اپوزیشن کے اتحاد اور طاقت کو دکھانے کیلئےمنعقد کی گئی اس مہاریلی کے دوران بارش کے بعد بھی لوگ میدان میں ڈٹے رہے۔ بارش کے دوران لالویادو کی تقریر جاری تھی اور عوام فلک شگاف نعروں   کے ساتھ ان کے تئیں  اپنی محبت کا اظہار کررہے تھے۔ کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے نے وزیراعظم مودی کے جھوٹے وعدوں  کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’مودی جی جھوٹوں کے لیڈر ہیں۔ انہوں  نے یاد دلایا کہ مودی نے پٹنہ کو اسمارٹ سٹی بنانے کا وعدہ کیا تھا جو کبھی پورا نہیں  ہوا۔ انہوں  نے کہا کہ مودی کی گارنٹی سب کو دھوکہ دینا ہے۔ انہوں  نے عوام کو متنبہ کیا کہ ’’ اگر آپ آئین کو بچانا چاہتے ہیں تو آپ سب کو بی جے پی کو اقتدار سے ہٹانا ہوگا۔ ملک کے آئین اور جمہوریت کو بچانا آپ کا کام ہے۔ ‘‘ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کہا کہ ملک میں جب بھی تبدیلی آتی ہے، اس کا آغاز بہار سےہوتا ہے۔ بہار سے تبدیلی دوسری ریاستوں کی طرف بڑھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک میں نظریے کی لڑائی ہے۔ ایک طرف نفرت، تشدد، انا ہے اور دوسری طرف محبت، بھائی چارہ اور ایک دوسرے کا احترام ہے۔ جیسا کہ میں نے اپنےدورے کے دوران کہا تھا کہ اگر آپ اتحاد کو سمجھنا چاہتے ہیں تو اسے ایک لائن میں سمجھا جا سکتا ہے۔ ہم نفرتوں کے بازار میں محبت کی دکان کھولتے ہیں۔ کانگریس لیڈر نےنشاندہی کی کہ بے روزگاری اپنے عروج پر ہے۔ ملک میں   بڑے صنعتکاروں کی اجارہ داری قائم ہو چکی ہے۔ مودی نے سارا کاروبار ایک صنعتکار کے حوالے کر دیا ہے۔ 
  سی پی آئی (ایم) کے جنرل سیکریٹری سیتارام یچوری نے یاد دلایا کہ جب لوک نائک جئے پرکاش نارائن نے اسی گاندھی میدان سے نعرہ دیا تو ملک کی سیاست بدل گئی تھی۔ وزیر اعظم نریندر مودی پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی جی کہتے ہیں کہ یہ امرت کال ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ’ امرت کلش‘ اچھے نہیں بلکہ غلط لوگوں کے ہاتھ میں چلاگیا ہے۔ اگر امرت کال کو صحیح معنوں میں لانا ہے تو مودی حکومت کو ہٹانا ہوگا۔ ہندوستانی حکومت کو ملکی مفاد میں لانا ہو گا۔ ریلی میں آئے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے سیتارام یچوری نے کہا کہ ’بی جے پی ہراؤ، ملک بچاؤ‘ نعرہ پورے ملک میں پھیلے گا۔ انہوں نےکہاکہ ملک کی فرقہ پرست حکومت کو کنٹرول نہ کیا گیا تو ملک اور آئین نہیں بچے گا۔ آج اس ریلی سے عہد لیں کہ سب کو ایک بہتر ہندوستان اور آئین کو بچانے کے لیے متحد ہونا ہے۔ 

تیجسوی یادو نے مودی اور نتیش کمار کے سوالوں کا ترکی بہ ترکی جواب دیا
گاندھی میدان میں آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے بیک وقت پی ایم مودی، سی ایم نتیش اور بی جے پی کو ترکی بہ ترکی جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کمار کہتے تھے کہ نوکری کہاں سے دےگا، مگر  ۱۷؍ مہینوں کی حکومت میںان ہی  کےہاتھوں سے ہم نے لاکھوں افراد کو روزگار فراہم کیا۔  انہوں نے کہا کہ ’’مودی کہتے ہیں کہ تیجسوی اپنے والد کے کام کے بارے میں بتائیں تو سنئے۔     لالونے یو پی اے حکومت میں وزیر ریل رہتے ہوئے ریلوے کو۹۰؍ ہزار کروڑ روپے کا منافع دیا تھا۔مودی جی بتائیں کہ آپ نے۱۰؍ سال میں کتنا منافع دیا؟ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK