Inquilab Logo

قطر کی عدالت نے ہندوستانی بحریہ کے سابق فوجیوں کی سزائے موت منسوخ کر دی

Updated: December 28, 2023, 7:13 PM IST | New Delhi

ہندوستانی وزارت خارجہ کے مطابق قطر کی عدالت نے گزشتہ ماہ گرفتار کئے گئے ہندوستانی بحریہ کے ۸؍ سابق افسران کی سزائے موت کو منسوخ کردیا ہے۔ چونکہ اس معاملہ کی نوعیت حساس ہے اس لئے مزید معلومات عام نہیں کی گئی ہیں۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

ہندوستانی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ قطر کی ایک عدالت نے گزشتہ سال وہاں گرفتار کئے گئے ہندوستانی بحریہ کے ۸؍ سابق افسران کی سزائے موت کو خارج کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ انہیں اکتوبر میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق ان پر اسرائیل کیلئے جاسوسی کا الزام لگایا گیا تھا۔ تاہم، ہندوستان اور قطر نے ان الزامات کی تصدیق نہیں کی ہے۔
علاوہ ازیں، نئی دہلی نے یہ بھی نہیں بتایا ہے کہ اب ان افراد کو کون سی سزا یا جرمانہ ادا کرنا پڑسکتا ہے۔  تاہم، قطر کی عدالت میں فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ’’ان کی سزا کو کم کیا گیا ہے۔‘‘ ہندوستانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ’’ہم قانونی ٹیم کے ساتھ خاندان کے افراد سے بھی رابطے میں ہیں تاکہ اگلے اقدامات کا فیصلہ کریں، اور قطری حکام کے ساتھ بھی اس معاملے پر گفت و شنید جاری رکھیں گے۔‘‘ 
وزارت نے کارروائی کی خفیہ اور حساس نوعیت کی وجہ سے اس پر مزید تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ نئی دہلی میں قطر اور اسرائیل کے سفارتخانوں نے فوری طور پر تبصرہ کی درخواستوں کا جواب نہیں دیا ہے۔ خیال رہے کہ ہندوستان نے اس وقت غم کا اظہار کیا تھا جب قطر کی عدالت نے ان آٹھ افراد کو موت کی سزا سنائی تھی جو قطری حکام کیلئے ایک نجی کمپنی کے ساتھ آبدوز کے منصوبے پر کام کر رہے تھے۔خیال رہے کہ قطر میں ۸؍ لاکھ سے زائد ہندوستانی مقیم ہیں اور یہ ملک ہندوستان کو قدرتی گیس بھی سپلائی کرتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK