Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایران کی امریکہ کو سخت دھمکی، محسن رضائی کانیتن یاہو کو جہنم بھیجنے کا انتباہ

Updated: August 28, 2026, 6:00 PM IST | Tehran

ایران نے امریکہ اور اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دباؤ اور ناکہ بندی جاری رہی تو خطے میں سنگین محاذ آرائی کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ ایرانی عہدیدار محسن رضائی نے نیتن یاہو کو دھمکی دیتے ہوئے امریکی معاشی مفادات کو نشانہ بنانے کا بھی انتباہ دیا ہے۔

Rezaei and Netanyahu. Photo: INN
محسن رضائی اور نیتن یاہو۔ تصویر: آئی این این

ایران کی سپریم نیشنل سکیوریٹی کونسل کے سیکریٹری میجر جنرل محسن رضائی نے خبردار کیا ہے کہ تہران پر امریکی دباؤ جاری رہنے کی صورت میں کہیں زیادہ سنگین محاذ آرائی شروع ہوسکتی ہے۔ انہوں نے اسرائیل اور اس کے وزیر اعظم بنجامین نیتن یاہو کے خلاف بھی نئی دھمکیاں دی ہیں۔ ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی IRIB کے مطابق، رضائی نے ’المنار‘ کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ اگر ناکہ بندی برقرار رہی تو ایران بھرپور جواب دے گا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ دوبارہ جنگ چھڑی تو وہ گزشتہ تنازعات سے مختلف ہوگی۔

یہ بھی پڑھئے: دنیا کے سب سے کم عمر بادشاہ اویوکا ۳۴؍ برس کی عمر میں انتقال، یوگنڈا میں سوگ

رضائی کی نیتن یاہو کو دھمکی
رضائی نے انٹرویو کے دوران اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کو براہِ راست دھمکی دی۔ IRIB کے مطابق انہوں نے کہا، ’’ہم صہیونی حکومت کے وزیر اعظم نیتن یاہو کو جہنم میں بھیج دیں گے۔ ‘‘انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ نیتن یاہو نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے بیٹے کے مبینہ قتل کی سازش سے متعلق ایران کے خلاف جھوٹی خبریں پھیلائیں۔ رضائی کے مطابق ان خبروں سے ٹرمپ میں تشویش پیدا ہوئی اور ان کے فیصلہ سازی کے عمل پر اثر پڑا۔ انہوں نے کہا، ’’نیتن یاہو نے ’ٹرمپ کے قتل کی ایرانی سازش‘ سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلا کر ٹرمپ کو خوف زدہ کیا اور ان کی فیصلہ سازی کو متاثر کیا۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: کنیڈا: مشہور پب جی موبائل کریئیٹر فاروق احمد کا انتقال، گیمنگ کمیونٹی سوگوار

لبنان کے حوالے سے انتباہ
رضائی نے اسرائیل اور لبنان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر بھی بات کی اور کہا کہ ضاحیہ اور بیروت ایران کی ’’سرخ لکیریں ‘‘ ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’ہم پوری سنجیدگی کے ساتھ صورتِ حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ‘‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل کو لبنان کے زیر قبضہ علاقوں سے انخلا پر مجبور ہونا پڑے گا۔ رضائی نے کہا، ’’اگر تنازع دوبارہ شروع ہوا تو ہم ایک نئے مرحلے کیلئے خود کو تیار کر رہے ہیں، مستقبل کی کوئی بھی جنگ گزشتہ جنگوں سے مختلف ہوگی۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: ایران: باقر قالیباب کی اسکاٹ بیسنٹ پر تنقید، کہا اپنےعوام کی ضروریات پر توجہ دیں

ایران کی امریکی معاشی مفادات کو نشانہ بنانے کی دھمکی
رضائی نے امریکہ کی جانب سے بڑھتے ہوئے اقتصادی دباؤ کو اس دعوے سے جوڑا کہ فوجی کارروائی ایران کو جھکانے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’امریکہ کا اقتصادی دباؤ کی جانب منتقل ہونا فوجی حملوں کی بے اثری کا ثبوت ہے۔ ‘‘انہوں نے خبردار کیا کہ مزید کشیدگی کی صورت میں ایران خطے میں امریکی معاشی مفادات کو نشانہ بنائے گا۔ رضائی نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ جنگ بندی کے دوران ایران نے۷؍ کروڑ سے۸؍ کروڑ بیرل تیل برآمد کیا اور تہران بحری ناکہ بندی توڑنے میں کامیاب رہا۔ انہوں نے کہا، ’’محاصرہ جاری رکھنے کا مطلب امریکی دشمن کے ساتھ شدید محاذ آرائی ہے۔ اگر ناکہ بندی جاری رہی تو ہم امریکی معاشی مفادات کو۱۰۰؍ فیصد شدت اور طاقت کے ساتھ نشانہ بنائیں گے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK