پیٹ ہیگستھ نے ٹویٹ کیا کہ ’’ ایران جانتا ہے کہ امریکہ کیا کر سکتا ہے، آپ کو ہماری پسند کے وقت اور جگہ پر اس کا خمیازہ بھگتنا ہوگا۔‘‘
EPAPER
Updated: May 02, 2025, 1:10 PM IST | Agency | Washington
پیٹ ہیگستھ نے ٹویٹ کیا کہ ’’ ایران جانتا ہے کہ امریکہ کیا کر سکتا ہے، آپ کو ہماری پسند کے وقت اور جگہ پر اس کا خمیازہ بھگتنا ہوگا۔‘‘
یمن میں امریکی حملے جاری ہیں اور امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے جمعرات کو متنبہ کیا ہے کہ ایران کو حوثیوں کی حمایت کی قیمت چُکانا ہوگی۔ ہیگستھ نے ٹویٹ کیا کہ ہم حوثیوں کیلئے آپ کی جان لیوا حمایت دیکھ رہے ہیں۔ ہم بالکل جانتے ہیں کہ آپ کیا کر رہے ہیں۔ آپ اچھی طرح جانتے ہیں کہ امریکی فوج کیا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور آپ کو متنبہ کیا جاتا ہے کہ آپ کو ہماری پسند کے وقت اور جگہ پر اس کی قیمدت ادا کرنا ہوگی۔واضح رہے ایک ’سینئر ایرانی عہدیدار‘ نے اپریل کے شروع میں کہا تھا کہ تہران نے یمن سے اپنی فوجی دستوں کو واپس بلانے اور حوثی گروپ کی حمایت بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
برطانوی اخبار ’دی ٹیلی گراف‘ کے مطابق یہ اس وقت ہوا ہے جب امریکہ نے حوثیوں کے خلاف اپنے فضائی حملوں میں شدت پیدا کی اور امریکی صدر ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا کہ وہ اس گروپ کی حمایت بند کرے۔ایرانی عہدیدار جس کی شناخت اخبار کی طرف سے ظاہر نہیں کی گئی ہے نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ ایک ایرانی فوجی کے مارے جانے کی صورت میں امریکہ کے ساتھ براہ راست تصادم سے بچنے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔ گزشتہ ماہ حملوں کے حوالے سے ٹرمپ انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں کے گروپ پیغامات کے لیک ہونے کے بعد سے حوثیوں کو امریکہ کی جانب سے تقریبا روزانہ حملوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے ان حملوں کو ناقابل یقین حد تک کامیاب قرار دیا اور کہا ہے کہ انھوں نے اہم فوجی اہداف کو تباہ کردیا اور اس کے نتیجے میں کئی فوجی رہنما ہلاک کر دیے ہیں۔ یاد رہے کہ ۷؍ اکتوبر ۲۰۲۳ء کو حماس کے حملے کے بعد غزہ پٹی پر اسرائیلی جنگ شروع ہونے کے بعد حوثیوں نے بحیرہ احمر میں بحری جہازوں کے خلاف درجنوں حملے کئے ہیں۔ حوثیوں نے جن بحری جہازوں کو نشانہ بنایاہےوہ اسرائیل یا اس کے متعلقین کے تھے۔