اسرائیل نے غزہ اور لبنان پر فضائی حملوں کا سلسلہ تیز کرتے ہوئے کم از کم ۱۸ ؍افراد کو شہید کر دیا، جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ لبنان اور غزہ دونوں محاذوں پر تازہ حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔
EPAPER
Updated: May 27, 2026, 11:29 AM IST | Agency | New Delhi
اسرائیل نے غزہ اور لبنان پر فضائی حملوں کا سلسلہ تیز کرتے ہوئے کم از کم ۱۸ ؍افراد کو شہید کر دیا، جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ لبنان اور غزہ دونوں محاذوں پر تازہ حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔
اسرائیل نے غزہ اور لبنان پر فضائی حملوں کا سلسلہ تیز کرتے ہوئے کم از کم ۱۸ ؍افراد کو شہید کر دیا، جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ لبنان اور غزہ دونوں محاذوں پر تازہ حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے اور جنگ بندی معاہدوں کے مستقبل پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ لبنان کی وزارت صحت کے مطابق مشرقی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں کم از کم ۱۱ ؍افراد جاں بحق جبکہ ۱۵ ؍دیگر زخمی ہو گئے۔ لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ حملے پیر اور منگل کی درمیانی شب وادی بیکا کے گاؤں مشغرا میں کیے گئے جہاں متعدد عمارتیں تباہ ہو گئیں۔
یہ بھی پڑھئے:جبل رحمت ومیدانِ عرفات میں لاکھوں حجاج کو ایک کرنے والا روح پرور منظر
اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ اس نے وادی بیکا اور جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ۱۰۰ ؍سے زائد انفراسٹرکچر مقامات اور جنگجوؤں کو نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق یہ کارروائیاں حزب اللہ کی عسکری صلاحیتوں کو کمزور کرنے کے لیے کی گئیں۔دوسری جانب غزہ میں بھی اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ فلسطینی محکمہ صحت کے حکام کے مطابق اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم ۷ ؍ فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:فراز خان ایک خوبرو اداکارجو اپنی اصل شناخت حاصل نہیں کرسکا
غزہ میں عید الاضحیٰ کے دوران بھی حملے جاری رہنے پر شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ وسطی غزہ کے المغازی ریفیوزی کیمپ میں منگل کے روز اسرائیلی ڈرون حملے میں کم از کم ۵ فلسطینی شہید ہو گئے۔ سول ڈیفنس حکام کے مطابق مشرقی مغازی میں شہریوں کے ایک گروپ کو نشانہ بنایا گیا جس کے بعد متعدد زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ الاقصیٰ ہسپتال نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک ہے۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے ان حملوں پر فوری طور پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔یاد رہے کہ اکتوبر ۲۰۲۳ ءسے غزہ میں جاری جنگ کے دوران ہزاروں فلسطینی شہید اور زخمی ہو چکے ہیں جبکہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی متعدد تنظیمیں غزہ کی صورتحال کو سنگین انسانی بحران قرار دے چکی ہیں۔