Inquilab Logo

اسرائیلی فوج کی رفح پر بمباری،۱۹؍فلسطینیوں کی موت

Updated: May 07, 2024, 1:19 PM IST | Agency | Gaza/Tel Aviv-Yafo

القسام بریگیڈ کے حملے میں کرم شالوم کوریڈور پر ۳؍ فوجیوں کی ہلاکت کے بعد جوابی کارروائی کی گئی۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

رفح پر حملے کے معاملے میں عالمی دباؤ کے باوجود اسرائیل کسی کو خاطرمیں نہیں لارہا ہے اور حملہ کرنے پر بضد ہے۔ اس کی ہٹ دھرمی کا اندازہ اس سے لگایا جارہا ہے کہ وہ رفح پر مسلسل بمباری جاری رکھے ہوئے ہے۔ گزشتہ روزاسرائیلی فوج کی بمباری سے رفح میں ۱۹؍ فلسطینی ہلاک ہو گئے۔ 
 اس حملے میں دو مختلف مقامات پر دو الگ الگ مکانات نشانہ بن گئے۔ اسرائیلی بمباری سے ہونے والی نئی ہلاکتوں کی غزہ میں قائم وزارت صحت نے تصدیق بھی کر دی ہے۔ اس طرح فلسطینی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں میں اسرائیلی فوجوں نے غزہ میں ۵؍ فلسطینی خاندانوں کو ہلاک کیا۔ 
 بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی فوج نے پہلی بمباری اس وقت کی جب حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے کرم شالوم راہداری میں اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بناتے ہوئے ۳؍فوجیوں کو ہلاک کرنے کی ذمہ داری قبول کر لی۔ اس کے کچھ ہی دیر بعد اسرائیلی فوج نے رفح پر بمباری کرتے ہوئے ایک مکان کو نشانہ بنایا اور ۳؍ فلسطینیوں کو ہلاک کرنے کے علاوہ متعداد افراد کو زخمی کر دیا۔ بعد ازاں اسرائیلی فوج نے اپنے اس حملے کو جوابی کارروائی قرار دیا اور کہا کہ کرم شالوم راہداری میں ۳؍ اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کا بدلہ لیا گیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: طلبہ کےاحتجاج کے بعد امریکی یونیورسٹیوں میں معمول کی کلاسیزکی بحالی کی کوشش

اسرائیلی فوج کے ترجمان نے اس بارے میں کہا کہ فوج نے اس بمباری کے نتیجے میں اس جگہ کو نشانہ بنایا جو راکٹ لانچنگ کیلئےاستعمال کی گئی تھی۔ اس لئے اس لانچنگ پیڈ اور اس کے ساتھ ہی واقع حماس کے انفراسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا گیا۔ 
 اسرائیلی فوج کی طرف سے دوسری بار رفح پر کی گئی بمباری گزشتہ رات کے وقت کی گئی۔ یہ تقریباً نصف شب تھی جب اسرائیلی بمباری کی گئی اور کم از کم۹؍ فلسطینیوں کی موت ہوگئی۔ تاہم پیر کو فلسطینی وزارت صحت نے دو بار کی گئی اس بمباری کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں واقعات میں مجموعی طور۱۹؍ افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ 
 اسرائیلی وزیر دفاع یوآف گیلانت نے پیر کو ایک بیان میں کہا کہ رفح میں اسرائیلی فوجی کارروائی ضروری ہے کیونکہ حماس نے غزہ میں جنگ بندی کیلئے ثالثی کی تجاویز سے انکار کر دیا ہے جس کے تحت کچھ یرغمالوں کو رہا کیا جائے گا۔ 
  رفح میں ہونے والی تازہ فلسطینی ہلاکتوں کو بھی شامل کر لیا جائے تو مجموعی تعداد ۳۴؍ ہزار ۷۰۰؍ سے تجاوز کردی گئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK