Inquilab Logo Happiest Places to Work

غزہ میں اسرائیلی فوج کے فضائی حملے، ۴؍ بچوں سمیت ۹؍ افراد شہید، ۱۵؍ زخمی

Updated: June 05, 2026, 1:18 PM IST | Gaza

جنوبی علاقے میں اسرائیلی جنگی کشتیوں نے خان یونس کے ساحل کی جانب فائرنگ کی جبکہ ٹینکوں نے جنوبی اور مشرقی علاقوں میںحملے کئے۔

A wounded man is taken to hospital by his loved one after an attack in Gaza. Photo: INN
غزہ میں حملے کے بعد ایک زخمی شخص کو اسپتال لے جاتے ہوئے اس کا عزیز۔ تصویر: آئی این این

غزہ پٹی میں ہونے والی جنگ بندی کے معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیوں کے تناظر میں جمعرات کی صبح قابض اسرائیل کی جانب سے غزہ شہر میں رہائشی اپارٹمنٹس کو نشانہ بنانے کے نتیجے میں ۹؍فلسطینی شہید اور ۱۵؍دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔

الشفاء اسپتا ل کے طبی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ غزہ شہر کے مغربی اور جنوبی علاقوں میں ۴؍رہائشی اپارٹمنٹس پر فضائی بمباری کے بعد ۹؍ شہداء اور ۱۵؍زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا گیا ہے۔ ایک حملہ شہر کے شمال مغرب میں واقع شیخ رضوان محلے میں ابوامین اسٹاپ کے قریب ابو غوری عمارت میں الغول خاندان کے ایک رہائشی اپارٹمنٹ پر کیا گیا جس کے نتیجے میں ۲؍شہری شہید اور دیگر زخمی ہوئے۔قابض طیاروں نے غزہ شہر کے جنوب مغرب میں تل الہوی محلے میں بھی ایک رہائشی اپارٹمنٹ کو نشانہ بنایا جبکہ شہر کے مغرب میں واقع الشاطئ کیمپ میں ابو یوسف القوقا چوک کے قریب مہنا خاندان کے اپارٹمنٹ پر بمباری سے ایک خاتون زخمی ہو گئیں۔ایک اور حملے میں غزہ کے شمال مغرب میں انٹیلی جنس اسٹریٹ پر لبد خاندان کے رہائشی اپارٹمنٹ پر بمباری کے نتیجے میں پانچ شہری شہید اور متعدد شہری زخمی ہوئے جبکہ نشانہ بننے والے اپارٹمنٹ اور اس کے ساتھ والی عمارتوں میں آگ بھڑک اٹھی۔یہ فضائی حملے غزہ کی پٹی کے وسط میں واقع البریج کیمپ کے شمال مشرقی علاقوں میں قابض فوج کی توپ خانے کی گولہ باری اور فوجی گاڑیوں کی فائرنگ کے ساتھ پیش آئے۔یہ گولہ باری وادی غزہ کے مشرق میں واقع صلاح الدین روڈ تک پھیل گئی جہاں قابض اسرائیل کی فوجی گاڑیاں بھی داخل ہوئیں۔

یہ بھی پڑھئے: اسرائیل کا دوغلاپن، جنگ بندی کے باوجود لبنان پرحملہ

غزہ پٹی کے جنوب میں اسرائیلی جنگی کشتیوں نے خان یونس شہر کے ساحلوں کی جانب فائرنگ اور گولہ باری کی جبکہ اسرائیلی ٹینکوں نے شہر کے جنوبی اور مشرقی علاقوں میں فائرنگ میں شدت پیدا کر دی۔خان یونس کی فضاؤں میں بھی صبح سویرے اسرائیلی ڈرونز کی نچلی اور گہری پروازیں دیکھنے میں آئیں۔گزشتہ بدھ کو غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے معاہدے کی ایک اور سیریز کی خلاف ورزی کے نتیجے میں ۳؍فلسطینی شہید اور تقریباً ۲۵؍دیگر زخمی ہوئے تھے۔

خیال رہے کہ قابض اسرائیلی فوج دس اکتوبر ۲۰۲۵ء کو عرب اور امریکی ثالثی میں دستخط کیے گئے جنگ بندی کے معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کر رہی ہے اور غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں فوجی آپریشن اور بمباری میں تیزی لائی جا رہی ہے۔غزہ میں وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گیارہ اکتوبر ۲۰۲۵ء کو جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سے شہداء کی تعداد ۹۳۶؍ہو گئی ہے جبکہ ۲؍ہزار ۹۰۳؍افراد زخمی ہوئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK