Inquilab Logo

رفح پراسرائیلی حملہ: طبی اور راحت رسانی خدمات متاثر، زخمیوں اور مریضوں کی جان کو خطرہ

Updated: May 09, 2024, 11:42 AM IST | Gaza

اسپتالوں میں ڈاکٹروں اور طبی عملے میں خوف و تشویش کا ماحول، اسرائیلی وزیردفاع کی ہٹ دھرمی کہا کہ حملے جاری رہیں  گے، امدادی سامان کی ترسیل کیلئے اقوام متحدہ کا رفح کراسنگ کھولنے کا مطالبہ۔

Smoke rising from a residential area after Israeli bombardment in the Rafah crossing area. Photo: INN.
رفح کراسنگ کے علاقے میں اسرائیلی بمباری کے بعد رہائشی علاقے سے دھواں اٹھتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این۔

رفح کے مشرقی حصے میں منگل کے روز سے اسرائیلی فوج کی ٹینکوں سے چڑھائی کے بعد رفح کے اسپتالوں میں ڈاکٹروں اور طبی عملے میں خوف کی فضا پیدا ہو گئی ہے اور ڈاکٹر و طبی عملہ اسپتال چھوڑ کر جانے لگا ہے۔ العربیہ کی رپورٹ کے مطابق دوسری جانب رفح راہداری کے اسرائیلی فوج کے کنٹرول میں آجانے سے زخمیوں اور مریضوں کی اسپتالوں تک رسائی میں بھی رکاوٹ پیدا ہو گئی ہے۔ ڈاکٹروں اور طبی عملے میں خوف کی وجہ غزہ کے اسپتالوں پر اسرائیلی فوج کے حملوں اور سینکڑوں کی تعداد میں طبی عملے اور ڈاکٹروں کی ہلاکتیں اور گرفتاریاں بنی ہیں۔ 
رفح میں  حالات کیاہیں ؟
رپورٹ کےمطابق رفح پر زمینی حملے کی شروعات کے ساتھ ہی یوسف النجار اسپتال کے ڈاکٹروں اور طبی عملے کے اراکین میں خوف کی لہرپیدا ہو گئی ہے اور اطلاعات کے مطابق وہ اسپتال چھوڑ کرجانا شروع ہو گئے ہیں۔ یوسف النجار ہسپتال کے ایک ڈاکٹر مروان الحسن نے بین الاقوامی خبر رساں ادارے ` رائٹرز ` کو بتایا ہے کہ اسرائیلی فوج نے رفح پر حملے کے سلسلے میں جس علاقے کو جنگی زون قرار دیا ہے یوسف النجار اسپتال اسی جنگی زون میں آتا ہے۔ اسلئےاسپتال کے میدان جنگ کے درمیان میں آجانے سے کچھ ڈاکٹر اور ان کا معاون عملہ چھوڑ کر جانے لگا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر مروان الحسن نے کہا `بلا شبہ کئی شعبوں کے عملے کے ارکان چلے گئے ہیں اور مریضوں کو دقتوں کا سامنا بڑھ گیا ہے مگر گرودوں کے ڈائیلائسس وغیرہ کی سہولت ابھی دی جارہی ہے۔ دوسری جانب طبی امداد کے شعبے سے وابستہ گروپوں کا کہنا ہے کہ رفح راہداری بند کر دیے جانے سے مریضوں اور زخمیوں کی مصری اسپتالوں میں ایمرجنسی میں منتقل کرنے کی سہولت بھی ختم ہو گئی ہے۔ واضح رہے فلسطینی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ منگل کے روز۱۴۰؍ مریضوں اور زخمیوں کو غزہ سے مصر منتقل کیا جانا تھا مگر ان سب کو رفح راہدادری کی بندش کے باعث جانے سے روک دیا گیا ہے۔ کویتی اسپتال کے ڈاکٹر محمد ابو خیل نے کہا ` رفح راہداری کی بندش سے اسپتال پر مریضوں اور زخمیوں کا بوجھ بڑھنے کا اندیشہ ہے، ہمارے پاس محدود بستر اور محدود وسائل ہیں۔ اب صورت حال مزید بگڑ سکتی ہے۔ `
مرکز اطلاعات فلسطین کی رپورٹ کے مطابق منگل کو سرائیلی فوج نے رفح گزرگاہ پر حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں سیکڑوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے منگل کی صبح غزہ کی مصر سے متصل رفح کراسنگ پر حملہ کیا اور وہاں وحشیانہ فضائی اور زمینی حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں سیکڑوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے ہیں۔ 
القسام بریگیڈز نے اسرائیلی ٹینک اڑا دیا
حماس کی عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے رفح کے مشرق میں گھسنے والی اسرائیلی فوج کا مقابلہ کیا اور ایک ٹینک کو نشانہ بنایا کر اسے تباہ کردیا۔ مرکز اطلاعات فلسطین کی رپورٹ کے مطابق اس حملے میں اسرائیلی فوج کے متعدد اہلکار ہلاک اور زخمی ہوئے۔ القسام بریگیڈزنے ایک بیان میں کہا ہے کہ القسام مجاہدین صہیونی ’’مرکاوہ‘‘ ٹینک کو’’ال یاسین۱۰۵‘‘ گولے سے نشانہ بنانے میں کامیاب ہو گئے اسے آگ لگا دی۔ رفح شہر میں الشوقہ محلے میں ایک عمارت کے اندر رکاوٹیں کھڑی کرنے والے فوجیوں کے ساتھ جھڑپ ہوئی۔  ایک اور رپورٹ میں القسام بریگیڈز نے رفح شہر کے مشرق میں دشمن کے ٹھکانوں پر’’رجوم‘‘ راکٹ سسٹم سے بمباری کا اعلان کیا۔ 
رفح پر حملے جاری رہیں گے :اسرائیلی وزیر دفاع
اسرائیلی وزیر دفاع یوآو گیلنٹ کا کہنا ہے کہ جنوبی غزہ کی پٹی میں رفح کے قریب ایک علاقے میں فوج کی دراندازی اور گزرگاہ کنٹرول کرنے کا عمل اس وقت تک جاری رہے گا جب تک حماس کے خاتمے یا تمام یرغمالیوں کی رہائی ممکن نہیں ہوجاتی۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ان کا ملک زیرحراست افراد کی بازیابی کے لیے رعایتیں دینے کے لیے تیار ہے لیکن اگر زیر حراست افراد کے حوالے سے کوئی معاہدہ نہیں ہوا تو وہ غزہ بھر میں کارروائیاں تیز کردی جائیں گی۔ 
روس نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ رفح میں بین الاقوامی انسانی قانون پر عمل کرے
روس نے بدھ کے روز غزہ کی پٹی کے رفح شہر میں اسرائیل کی فوجی کارروائی سے متعلق بین الاقوامی انسانی قانون کی پیروی کرنے پر زور دیا۔ روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے کہا کہ اسرائیل نے رفح کے مشرقی علاقوں میں فوجی آپریشن شروع کیا اور مصر کے ساتھ ملحقہ رفح کراسنگ کے غزہ کی جانب کنٹرول حاصل کر لیا۔ 
فلسطین میں اسرائیل جو کچھ کر رہا اس سے بہت پریشان اور تشویش میں  ہوں : غطریس
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو غطریس نے کہا کہ اسرائیل اور اسکے اتحادی حملے پر جاری پیشرفت بند کریں، رفاہ کے علاوہ اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کی منتقلی کیلئے اور کوئی محفوظ جگہ نہیں، اسرائیل رفاہ تک جنگی پھیلاؤ روکے اور امدادی سامان کیلئے راہداریاں فوری کھولے، اسرائیل کی طرف سے جو کچھ ہو رہا ہے یہ غلط سمت میں ہے اور اسکی وجہ سے بہت پریشان اور تشویش میں مبتلا ہوں۔ 
اسرائیل کی جارحیت جاری رہی تو جنگ بندی معاہدہ نہیں ہوگا:حماس
حماس نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ اگر غزہ پر جارحیت جاری رہی تو کسی قسم کا جنگ بندی کا معاہدہ نہیں ہوگا۔ خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق حماس کے لیڈر اسامہ حمدان نے اپنے بیان میں خبردار کیا کہ اگر اسرائیلی فوج نے رفح پر کارروائی جاری رکھی تو پھر کوئی جنگ بندی معاہدہ نہیں ہوگا۔ اسامہ حمدان نے یہ بیان بیروت میں پریس کانفرنس میں کیا، دوسری جانب حماس کا وفد جنگ بندی معاہدے کے لیے دوحہ سے قاہرہ پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تصدیق کر رہے ہیں کہ رفح میں اسرائیل کی فوج نے کارروائی کی ہے اور اگر یہ کارروائی جاری رہی تو یہ اسرائیلی فوج کیلئے تفریح نہیں ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ گیند نیتن یاہو کے کورٹ میں ہے، حماس نے جنگ بندی کے جس معاہدے کی تجویز پر اتفاق کیا ہے وہ ہمارے لوگ اور مزاحمت کاروں کے مطالبات کا مکمل احاطہ نہیں کرتی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK