Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پر بمباری، ۱۰؍ فلسطینی جاں بحق

Updated: April 08, 2026, 12:22 PM IST | Agency | Gaza

صہیونی فوج نے اس اسکول کو نشانہ بنایا جہاں بے گھر فلسطینی پناہ لئے ہوئے ہیں، باقاعدہ نشانہ لگا کر حملہ کیا گیا۔

A Vehicle Destroyed In The Attack.Photo;INN
حملے میں تباہ ہونے والی ایک گاڑی- تصویر:آئی این این
 اسرائیلی فوج نے غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کو مسلسل جاری رکھتے ہوئے پیر کے روز ایک اسکول کے نزدیک ایک اور ڈرون حملہ کیا جس کے نتیجے میں کم از کم ۱۰؍ فلسطینی جاں بحق ہو گئے ہیں۔ یہ اسکول بے گھر فلسطینیوں کیلئے عارضی درسگاہ کے طور پر بروئے کار ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی بمباری سے قبل اسرائیلی پراکسی کے طور پر غزہ میں سرگرم مسلح ملیشیا کے اہلکاروں نے مقامی لوگوں کے ساتھ ایک تصادم کیا۔ ان جنگجوؤں نے اسکول پر بھی حملہ کیا۔ بعد ازاں اسرائیلی فوج نے بمباری کر دی۔یہ اسرائیلی حملہ المغازی کے پناہ گزین کیمپ کے مشرق میں کیا گیا۔ حملے میں ڈرون طیاروں سے میزائل داغے گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس حملے میں کم از کم۱۰؍ فلسطینی جاں بحق اور مزید کئی افراد زخمی ہو گئے۔ ڈرون سے عینی شاہدوں کے مطابق دو میزائل حملے کئے۔ایک عینی شاہد احمد المغازی نے کہا اس علاقے میں اسرائیلی حمایت یافتہ ملیشیامتحرک ہے۔ انہوں نے اسرائیلی فوج کے زیر کنٹرول علاقے سے متصل فلسطینی علاقوں میں کارروائی کی اور لوگوں پر فائرنگ کی۔ بعد ازاں اسرائیلی فوج کے ڈرون طیارے ان جنگجوؤں کی مدد کو پہنچ گئے۔
 
 
مقامی فلسطینیوں نے اسرائیلی حمایت یافتہ جنگجوؤں کے حملوں کو روکنے کی کوشش کی ، بعد ازاں قابض فوج نے براہ راست نشانہ لگا کر ڈرون حملے کئے۔  اسرائیلی حمایت یافتہ مسلح ملیشیا کے سرغنہ نے کہا اس کی ملیشیا نے حماس کے لگ بھگ ۵؍ اراکین کو ہلاک کر دیا ہے۔ اس سرغنہ نے بیان ایک ویڈیو کے ذریعے جاری کیا ہے۔ تاہم  اس دعوے کی کہیں سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ حماس نے اس معاملے میں ابھی کوئی رد عمل نہیں دیا ہے۔
 
 
اس دوران پیر ہی کی صبح اسرائیلی حملے میں ایک فلسطینی بچہ زخمی ہوا ہے۔ یہ بچہ ایک موٹر سائیکل پر سوار تھا جب اسے نشانہ بنایا گیا۔ اس واقعے کی فلسطینی طبی ذرائع نے بھی تصدیق کی ہے۔طبی حکام کے مطابق پیر کے روز مجموعی طور پر الگ الگ مقامات پر ۱۲؍ فلسطینی جاں بحق ہوئے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے اس بارے میں کوئی رد عمل نہیں دیا ہے۔ طبی حکام کے مطابق غزہ میں ہونے والی جنگ بندی کے باوجود ۱۰؍ اکتوبر سے اب تک ۷۰۰؍ فلسطینیوں کو اسرائیلی فوج نے قتل کیا ہے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK