• Tue, 01 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں کی مسجد نذرِ آتش کرنے کی کوشش

Updated: September 01, 2026, 9:02 PM IST | İstanbul

مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں کی جانب سے فلسطینیوں کے خلاف حملوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں مذہبی مقامات بھی نشانہ بن رہے ہیں۔نابلس کے قریب آبادکاروں نے مسجد میں داخل ہونے کی کوشش کے بعد ایک کمرے کو آگ لگا دی اور دیواروں پر نسل پرستانہ نعرے تحریر کردیئے۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

فلسطینی خبر رساں ایجنسی وفا (Wafa) کے مطابق، منگل کی صبح مقبوضہ مغربی کنارے (West Bank) کے شمالی علاقے میں اسرائیلی آبادکاروں نے ایک مسجد کو آگ لگانے کی کوشش کی، جو اس علاقے میں مسلسل جاری حملوں کا تازہ ترین واقعہ ہے۔مقامی ذرائع نے’وفا‘ کو بتایا کہ حملہ آوروں نے نابلس کے شمال مغرب میں واقع قصبے بازاریا (Bazariya) میں نور الدین زنگی مسجد میں زبردستی گھسنے کی کوشش کی۔ مسجد کے دروازے کھولنے میں ناکام ہونے کے بعد، انہوں نے مسجد کے قریب واقع ایک کمرے کو آگ لگا دی اور وہاں کی دیواروں پر نسل پرستی پر مبنی نعرے لکھ دیئے۔

یہ بھی پڑھئے: امریکی سپریم کورٹ نے ٹرمپ کو ’وائٹ ہاؤس بال روم‘ کی تعمیر جاری رکھنے دی

فلسطینی وزارتِ اوقاف و مذہبی امور نے اس حملے کی شدید مذمت کی۔ وزارت کا کہنا ہے کہ مساجد اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا مسلمانوں کو اشتعال دلانے کی ایک ’خطرناک اور منظم کوشش‘ ہے۔وزارت نے بین الاقوامی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقدس مقامات کی حفاظت کو یقینی بنائیں اور فلسطینی قصبوں اور دیہاتوں پر اسرائیلی غاصبوں کے مسلسل حملوں کو روکنے کیلئے عملی قدم اٹھائیں۔یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مقبوضہ مغربی کنارے میں غیر قانونی اسرائیلی آبادکاروں کے حملوں میں بے تحاشا اضافہ ہوا ہے۔ اقوامِ متحدہ کے مطابق اگست میں ان حملوں میں تیزی دیکھی گئی، جہاں ۲۰۲۶ء میں اگست کے اوائل تک ۱۴۳۰؍ سے زائد ایسے حملے ریکارڈ کئے جا چکے ہیں جن میں جانی یا مالی نقصان ہوا ہے۔ اس سے پہلے بھی مساجد کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔ اقوامِ متحدہ کے ریکارڈ کے مطابق رواں سال جون میں بھی راملہ کے علاقے میں مساجد کو آگ لگانے کی کوششیں اور ان کی دیواروں پر توہین آمیز نعرے لکھنے کے واقعات سامنے آئے تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK