Inquilab Logo

اسرائیل کا ایران پر حملہ: عالمی برادری کا ’کشیدگی کم کرنے‘ پر زور

Updated: April 20, 2024, 11:58 AM IST | Agency | Dubai

چین، عمان ، مصر،ترکی ، برطانیہ اور یورپی کمیشن نے تشویش ظاہر کی اور تحمل سے کام لینے کا مشورہ دیا۔

A few days ago, Iran launched a massive attack on Israel. Photo: INN
چند دنوں قبل ایران نے اسرائیل پر زبردست حملہ کیا تھا۔ تصویر : آئی این این

شام میں ایرانی سفارت خانے پر حملے کے جواب میں ایران کی جانب سے اسرائیل پر ڈرون حملہ کرنے کے چند دن بعد صیہونی فوج نے دوبارہ کارروائی کرتے ہوئے ایران کے صوبے اصفہان پر میزائل داغ دیئے جس کے بعد عالمی برادری نے دونوں ممالک سے کشیدگی کو کم کرنے کی اپیل کی ہے۔ 
 عمان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ عمان اسلامی جمہوریہ ایران کے شہر اصفہان پر آج صبح اسرائیلی حملے کی مذمت کرتا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ عمان خطے میں اسرائیل کے بار بار فوجی حملوں کی مخالفت کرتا ہے۔ عمان ایران اور مغربی ممالک کے درمیان طویل عرصے سے ثالثی کر رہا ہے۔ 
 مصر کی وزارت خارجہ نے کہا کہ مصر کو اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافے پر شدید تشویش ہے۔ مصر نے خطے میں تنازعات اور عدم استحکام کو بڑھانے کے نتائج سے بھی خبردار کیاہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: اسرائیل کا ایران پر میزائل حملہ، کشیدگی میں اضافہ

ترکی کی وزارت خارجہ نے تمام فریقین سے مطالبہ کیا کہ وہ ایسے اقدامات سے گریز کریں جو مشرق وسطیٰ میں وسیع تر تنازع کا باعث بن سکتے ہیں۔ ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ کہ عالمی برادری کی ترجیح غزہ میں قتل عام کو روکنا اور فلسطینی ریاست کے قیام کے ذریعے خطے میں پائیدار امن کو یقینی بنانا ہونا چاہیے۔ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ تیزی سے واضح ہوتا جا رہا ہے کہ دمشق میں ایرانی سفارتخانے پر اسرائیل کے غیر قانونی حملے سے پیدا ہونے والی کشیدگی کے ایک مستقل تنازع میں تبدیل ہونے کا خطرہ ہے۔ 
 برطانوی وزیر اعظم رشی سنک نے کہا ہے کہ میرے لئے اس وقت تک قیاس آرائیاں کرنا درست نہیں ہوگا جب تک حقائق واضح نہیں ہو جاتے اور ہم اتحادیوں کے ساتھ مل کر تفصیلات کی تصدیق کیلئے کام کر رہے ہیں۔ کشیدگی میں اضافہ کسی کے مفاد میں نہیں ہے، ہم پورے خطے میں سکون دیکھنا چاہتے ہیں۔ 
 یورپی کمیشن کی سربراہ ارسولا وان ڈیر لیین نے مشرق وسطیٰ میں مزید کشیدگی سے بچنے کیلئے تحمل سے کام لینے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے فن لینڈ کے دورے کے دوران بتایا کہ ہمیں ہر ممکن کوشش کرنا ہوگی تاکہ تمام فریق اس خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی سے باز رہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی ضروری ہے کہ خطہ مستحکم رہے اور تمام فریق مزید کارروائی سے گریز کریں۔ 
چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ چین نے متعلقہ رپورٹس کو نوٹ کیا ہے اور وہ کسی بھی ایسے اقدام کی مخالفت کرتا ہے جس سے کشیدگی میں مزید اضافہ ہو۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK