Inquilab Logo

بند کے دوران تشدد کےمعاملات کے تمام ملزمین پردفعہ ۳۰۷؍لگانا زیادتی ہے

Updated: November 24, 2021, 10:10 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai

ایک وفد کی ریاستی وزیرداخلہ سے ملاقات ،کہا:سی سی ٹی وی فوٹیج میںجو قصور وار نظرآئیں ان کوبخشا نہ جائےلیکن بے گناہوں کو پریشان نہ کیا جائے

Memorandum is being given to Home Minister Dilip Wilshe Patil.
وزیرداخلہ دلیپ ولسے پاٹل کو میمورنڈم دیا جارہا ہے۔

تریپورہ میں مسلمانوںکے خلاف منصوبہ بند مظالم اورنبی آخر الزماںؐ کی شان مقدسہ میں بیہودگی کرنے والوں کے خلاف ۱۲؍نومبر کے بند کے دوران تشدد کے معاملات میںتمام ملزمین پردفعہ ۳۰۷؍لگانا غلط اورزیادتی ہے ۔‘‘اس سلسلے میںایک وفد نے منگل کو اس بابت ریاستی وزیرداخلہ دلیپ ولسے پاٹل سے ملاقات کی اورکہا کہ ملزمین کی شناخت کے لئےسی ٹی وی فوٹیج کا سہارا لیا جائے اوراس میںجو قصور وار نظرآئیں، ان کوہرگزبخشا نہ جائےلیکن بے گناہوں کو پریشان بھی نہ کیا جائے۔اس وقت پولیس کی تفتیش اوررویہ کا عالم یہ ہے کہ تمام ہی گرفتار شدگان پردفعہ ۳۰۷؍کے تحت کیس درج کیا گیا ہے خواہ وہ تشدد میں شامل رہے ہوں یا نہیں۔اس دوران وزیرداخلہ نے ڈی جی پی کوبھی بلایا اورشرکائے وفد کے مطالبے اورشکایات پر مثبت یقین دہانی کروائی۔
 اس وفد میںبی جے جسٹس کولسے پاٹل ، ساجدہ نہال احمد، سلیم بھاٹی ، پرتاپ راؤ ہوگاڑے، عبدالمتین خان ، ایڈوکیٹ خلیل احمد انصاری اور کلیم احمددانش وغیرہ موجود تھے۔
 شرکائے وفد کی جانب سے یہ بتایاگیا کہ اس وقت مالیگاؤں میں۵۲؍ملزمین مجسٹریٹ کی تحویل میںہیںجبکہ ۲؍ملزمین پولیس کی حراست میںہیں۔ کچھ اسی طرح کی صورتحال امراؤتی کی ہے ۔اس کے علاوہ مالیگاؤں میںڈی وائی ایس پی لتا ڈھونڈے کے طریقۂ کار اوررضا اکیڈمی کے دفترکا تالا توڑنے اورکچھ اشیاء اورلٹریچر لے جانے کی بھی وزیرداخلہ سے شکایت کی گئی ۔ 
 وزیرداخلہ دلیپ ولسے پاٹل نے یہ بھی کہا کہ شرکائے وفد ڈی جی پی  پانڈے سے بھی ملاقات کرلیں ۔چنانچہ چند دن بعد شرکائے وفد ڈی جی پی سے ملاقات کریں گے اوران کوسی سی ٹی وی فوٹیج بھی پیش کریںگے تاکہ حقیقی ملزمین کے ہی خلاف کارروائی ہونہ کہ تمام گرفتار شدگان کوملزم بنادیاجائے خواہ بند کے دوران تشددکے رونما ہونے میں ان کا کوئی قصور تھا یا نہیں۔ 

tripura Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK