پولیس کی توجہ مبذول کروانے پر بینر ہٹا لیا گیا، بینر پر رکن اسمبلی کا بھی نام تھا جنہوں نے میڈیا کے سامنے مسلمانوں سے معافی مانگی۔
EPAPER
Updated: September 21, 2025, 10:01 AM IST | Sharjil Qureshi | Jalgaon
پولیس کی توجہ مبذول کروانے پر بینر ہٹا لیا گیا، بینر پر رکن اسمبلی کا بھی نام تھا جنہوں نے میڈیا کے سامنے مسلمانوں سے معافی مانگی۔
جلگائوں شہر کے مختلف چوراہوں پر ایک متنازعہ بینر آویزاں کیا گیا جس کی وجہ سے مسلمانوں میں بے چینی پھیل گئی۔ پولیس کی توجہ مبذول کروانے کے بعد یہ بینر ہٹال لئے گئے۔ معز ز شہریوں کے ایک وفد نے ڈی وائے ایس پی سے ملاقات کر خاطیوں کے خلاف معاملہ درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اطلاع کے مطابق نوراتری کے موقع پر دُرگا ماتا دوڑ کے انعقاد کے اعلان کا یہ ڈیجیٹل بینر تھا جس پر یہ تحریر تھا ’’جب تک اورنگ زیب، ٹیپو سلطان، یعقوب میمن، افضل گرو جیسے نظریات اس ملک میں زندہ ہیں، ہندوستان کی داخلی سلامتی ہمیشہ خطرے میں رہے گی۔ دہشت گردی کینسر سے زیادہ مہلک بیماری ہے، اس کا علاج دوا سے نہیں ہو سکتا۔ اگر اسے ختم کرنا ہے تو پھر ایک ہی آپشن ہے کہ چھترپتی شیواجی سمبھاجی کے نام سے منسوب سرجری کروائی جائے۔ ‘‘
اس سلسلے میں ایکتا سنگھٹن نامی تنظیم کے کنوینر فاروق شیخ نے بتایا کہ سنگھٹن کے ایک وفد نے جلگاؤں شہر کے رکن اسمبلی سریش بھولے اور ڈی وائے ایس پی نتن گنگا پورے سے ملاقات کی اور انکی توجہ متنازع بینر کی طرف کروائی۔ ڈی وائے ایس پی گنگا پورے نے وفد کو بتایا کہ جنھوں نے یہ بینر لگائے تھے انہیں پولیس نے طلب کر کے وارننگ دی ہے۔ پولیس نظر رکھے گی کہ ایسا واقعہ دوبارہ نہ پیش آئے۔ وفد نے رکن اسمبلی راجو ماما کی توجہ اس جانب مبذول کروائی کہ بینر پر ان کا نام بھی تحریر ہے۔ راجو ماما بھولے نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بینر سے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔ اس پر میں معافی مانگتا ہوں ۔ مستقبل میں ایسی کوئی غلط نہیں ہو گی۔ دراصل بینر میں پرنٹنگ کی غلطی ہوگئی۔ میونسپل کارپوریشن اور پولیس سے کہہ وہ بینر نکال لئے گئے ہیں ۔ آئندہ کہیں پر بھی ہندو مسلم اتحاد میں دارڑ نہیں آئے گی اس لئے ہم کوشش کریں۔
وفد نے ڈی وائے ایس پی سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر بی این ایس کی سخت دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی جائے۔ خاطیوں کو گرفتار کر انہیں جیل بھیجا جائے۔ مستقبل میں ایسے متنازعہ بینر / پوسٹر پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔ اگر اس معاملے میں کارروائی نہ ہوئی تو یہ جانبداری اور سماج کے ساتھ نا انصافی مانی جائے گی۔ یاد رہے کہ جلگاؤں شہر میں ۲۲؍ ستمبر تا ۲؍ اکتوبر جی ایس گراؤنڈ پرصبح ساڑھے ۵؍ بجے دُرگا ماتا دوڑ کا انعقاد کیا گیا ہے۔