Inquilab Logo

جاپان : قدرتی آفات کے متاثرین کو مفت خوراک فراہم کرنے کا منصوبہ

Updated: June 06, 2023, 11:36 AM IST | Tokyo

ساحلی شہر ا کو میں ۲؍ ایسی وینڈنگ مشینیں نصب کی گئی ہیں جو کسی بھی قدرتی آفات کے وقت مفت کھانا اورپانی فراہم کریں گی

Vending machine installed in Eco. (Image courtesy: mainichi.jp)
اکو میں نصب وینڈنگ مشین ۔ ( تصویر ، بشکریہ :ماینیچی ڈاٹ جے پی)

جاپان میں قدرتی آفات کے وقت متاثرین کو مفت خوراک اور پانی فراہم کرنے کا منصوبہ تیا رکیا گیا ہے اور اس سلسلے میں  تجرباتی بنیاد پر جاپان کے ایک شہر میں۲؍  ایسی وینڈنگ مشینیں نصب کی گئی ہیں جن کی مدد سے کھانا تقسیم کیا جائے گا جبکہ جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو   میں  جابجا ایسی وینڈنگ مشینیں نصب کی گئی ہیں جن  میں ریڈیو لگایا گیا ہے جسے ہنگامی حالات میں استعمال کیا جائے گا ۔ اس کے ذریعہ مشکل کی گھڑی میں متاثرین کی رہنمائی کی جائے گی۔
  یاد رہےکہ جاپان  کا شمار دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں سب سے  زیادہ زلزلے آتے ہیں ،اب وہاں زلزلے کے ساتھ ساتھ د یگر قدرتی آفات   میں بھی شہریوں کو خوراک  مفت  فراہم کی جائے گی۔ میڈیارپورٹس میں  جاپان کے   روزنامہ ماینیچی   کے حوالے سے  بتایا گیا  کہ جاپان  کو زلزلے کی صورت میں قدرتی آفات کا سب سے زیادہ سامنا کرنا پڑتا ہے، اب اس سے  نمٹنے کے لئے اقدام کیا جارہا ہے اور  ہنگامی صورتحال کے دوران شہریوں کو کھانے پینے کی مفت  اشیاء فراہم کرنے کیلئے وینڈنگ مشینیں نصب کی جا رہی  ہیں۔ اس کا آغاز جاپان کے ساحلی شہر اکو سے کیا جا رہا ہے جہاں   تباہ کن زلزلے کا خطرہ رہتا ہے۔ اس شہر میں دو وینڈنگ مشینوں کو تجرباتی  طور پر  شروع کیا گیا ہے ۔ عام دنوں میں یہ مشینیں  اپنا سامان فروخت کریں گی لیکن  قدرتی آفات کے دوران یہ مشینیں شہریوں کو کھانے پینے کی اشیاء مفت فراہم کریں گی۔
 ان وینڈنگ مشینوں میں فی الحال سافٹ ڈرنک کی۳؍سو بوتلیں اور۱۵۰؍   کھانے کی اشیاء  رکھی گئی ہیں جبکہ ان مشینوں میں پورٹ ایبل ٹوائلٹس اور ماسک  وغیرہ بھی  رکھے گئے ہیں۔  یہ وینڈنگ مشینیں زلزلے یا کسی دوسری قدرتی آفت  کے  مقامات خالی کرنے کے حکم پر کھل جاتی ہیں۔ماینیچی  کے مطابق یہ ایمرجنسی وینڈنگ  مشینیں میونسپل کارپوریشن اور ٹوکیو کی فارماسیٹوکل فرم  ’ارتھ کورپوریشن‘ کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہیں  جو اُن عمارتوں کے قریب نصب کی گئی  ہیں جہاں زلزلے سے بچنے کے عارضی پنا ہ گاہیں تعمیر کی گئی ہیں۔اس کمپنی نے۲۰۲۰ء  میں جاپان بھر کی ۱۷؍ میونسپلٹیز سے مقامی مسائل کے حل کے لئے معاہدے کئے  ہیں جن کے تحت  اکو میں یہ مشین نصب کی گئی، یہ مشین اپنی طرز کی پہلی مشین ہے۔دارالحکومت  ٹوکیو میں ایک ایسی وینڈنگ مشین نصب کی گئی ہے جس میں ریڈیو نصب ہے جس پر ایمرجنسی کے وقت معلوماتی نشریات جاری کی جائیں گی۔ یہ ریڈیو خطرناک زلزلوں میں ا پنی خدمات  پیش کرےگا اور مقامی آبادی کو جگہ خالی کرنے اور دیگر اہم معلومات  فراہم کرے گا۔اس  سلسلے میں کمپنی کے نمائندے کا کہنا ہے کہ ہم اسے  سماجی بہبود کے منصوبے کے طور پر پورے ملک میں پھیلانا چاہتے ہیں۔

tokyo japan Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK