Inquilab Logo

جے ڈی یو اس بار یوپی میں الیکشن لڑے گی

Updated: January 12, 2022, 11:13 AM IST | Asfar Afridi

پارٹی کے قومی جنرل سیکریٹری اور اترپردیش کے انتخابی انچار ج کے سی تیاگی کا بیان ، اپنی اتحادی بی جے پی کو ایک دو دن کی مہلت دی ہے ، ان کےمطابق اگر بی جے پی نے فیصلہ نہیں کیا تو جے ڈی یو اترپردیش اسمبلی کا الیکشن تنہا لڑے گی

With JDU National General Secretary KC Tiaguji and Chief Yogi Adityanath.Picture:INN
جےڈی یو کے قومی جنرل سیکریٹری کے سی تیاگی ، وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے ساتھ۔ تصویر: آئی این این

 جنتادل یونائیٹڈ(جے ڈی یو )  نے  اس بار ہر حال میں اتر  پردیش اسمبلی انتخابات  لڑنے کا اعلان  ہے  اوراپنی اتحادی بی جے پی سے سیٹوں کی تقسیم سے متعلق فوری طور پر فیصلہ کرنے کی درخواست کی ہے۔  پارٹی کے قومی ترجمان اور اتر پر دیش کے انچار ج کے سی تیاگی کے مطابق ان کی پارٹی اترپردیش میں پچھلی بار کی غلطی نہیں دہرائے گی۔ انہوں نے منگل کو ’انقلاب‘ کے نمائندہ سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جے ڈی یو اس بار اترپردیش میں اسمبلی الیکشن لڑے گی۔ پارٹی نے پٹنہ کے اجلاس میں اس کا فیصلہ کیا تھا  اور ہم لوگ الیکشن لڑنے کی تیاری کررہے ہیں۔  انہوں نے مزید کہا کہ جے ڈی یو اترپردیش میں این ڈی اے کا حصہ رہا ہے لیکن ۲۰۱۷ء میں ہم لوگ الیکشن نہیں لڑے تھے۔ اس بارایسا نہیں ہوگا۔ کے سی تیاگی نے کہا کہ جے ڈی یو اترپردیش این ڈی اے میں چھوٹی پارٹی ہے، اس لئے بی جے پی سے کہا ہے کہ وہ اتحاد کے بارے میں جلداز جلد فیصلہ کرے ۔  جے ڈی یو کے قومی ترجمان نے کہا کہ اترپردیش اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں پارٹی لیڈر آرسی پی سنگھ نے وزیر داخلہ امیت شاہ ، بی جے پی صدر جے پی نڈا، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور بی جے پی کے اترپردیش الیکشن انچارج دھرمیندر پردھان سے ملاقات کی اور پارٹی کے مؤقف سے آگاہ کیالیکن بی جے پی کی طرف سے کوئی خاص دلچسپی نہیں دکھائی گئی۔  ان کے بقول بی جے پی کی اعلیٰ قیادت نے اب تک مثبت جواب نہیں دیا ہے۔ بی جےپی نے  جے ڈی یو ہی نہیں بلکہ اپنادل اور نشاد پارٹی کے ساتھ بھی اب تک سیٹوں کی تقسیم کے سلسلے میں فیصلہ نہیں کیا ہے،اس لئے ہم نے بی جے پی کے لیڈروں سے کہا ہے کہ وہ سیٹوں کی تقسیم کے سلسلے میں جلدی سے فیصلہ کرلیں کیونکہ دو دن بعد پرچہ داخل کرنے کا عمل شروع ہوجائے گا۔  ان کے مطابق  وقت پر سیٹوں کی تقسیم نہیں ہونے سے جے ڈی یو جیسی پارٹیوں کو مشکل کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ ہمارے پاس اتنا پیسہ تو نہیں ہے کہ فوراً سارے انتظامات کر لئے جائیں۔ کے سی تیاگی نے یہ بھی کہا کہ اگر بی جے پی نے ایک دو دنوں میں مناسب فیصلہ نہیں کیا تو جے ڈی یو اپنے  دم پر تنہائی اترپردیش اسمبلی کا الیکشن لڑے گی۔  ایک سوال کے جواب میں جے ڈی یو لیڈر نے کہا کہ ۲۰۱۷ء میں بھی ہم لوگوں نے الیکشن لڑنے کی تیاری کی تھی لیکن الیکشن نہیں لڑے تھے۔ اس بار وہ غلطی نہیں دہرائیں گے۔  کے سی تیاگی سے جب پوچھا گیا کہ جے ڈی یو کتنی سیٹوں پر الیکشن لڑنا چاہتی ہے تو انہوں نے بتایا کہ ۵۰؍سے زیادہ حلقوں میں ہماری تیاری ہے ۔ واضح  رہےکہ کے سی تیاگی جے ڈی یو کے قومی جنرل سکریٹری اور اترپردیش کے انچارج ہیں ۔ جے ڈی یو نے مرکزی وزیراور پارٹی کے سابق صدر آرسی پی سنگھ کو اترپردیش اسمبلی انتخابات کیلئے بی جے پی سے بات چیت کرنے کی ذمہ داری دی ہے۔  یہاں یہ بات ذہن نشین رہے کہ اس سے پہلے   بہار میں این ڈی اے کی اتحادی جماعت وکاس شیل انسان پارٹی ( وی آئی پی) کے سربراہ مکیش سہنی نے بھی یوپی اسمبلی الیکشن میں اپنے امیدوار اتارنے کا اعلان کیاتھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK