Inquilab Logo

دُنیا کے سب سے امیر شخص جیف بیزوس نےامریکہ کا سب سے مہنگا مکان خریدا

Updated: February 14, 2020, 4:31 PM IST | Agency | New York

ایک سو ۶۵ ملین ڈالرس میںڈیل طے ہوئی ، ۹؍ ایکڑ پر مشتمل جارجیائی طرز تعمیر پر بنائے گئے مینشن سے گولف کورس بھی متصل ہے

جیف بزوس ۔ تصویر : آئی این این
جیف بزوس ۔ تصویر : آئی این این

 نیو یارک : دنیا کے سب سے امیر شخص اور ای کامرس کمپنی امیزون کے بانی و مالک جیف بیزوس نے امریکہ کی رئیل اسٹیٹ پراپرٹی تاریخ میں سب سے مہنگا مکان خریدا ہے۔ انہوں نےامریکہ کے سب سے مہنگے علاقوں میں سے ایک  لاس اینجلس کے بیورلی ہلس میں جارجیائی طرز تعمیر پر بنائے گئے ۹؍ ایکڑ کے مینشن کو خریدا ہے۔ اس مینشن کے ساتھ ہی انہیں گولف کورس بھی ملا ہے ۔اس ڈیل کے لئے بیزوس نے ۱۶۵؍ ملین ڈالرس (تقریباً ۱۷؍ سو کروڑ روپے) ادا کرنے کی ہامی بھری ہے۔ واضح رہےکہ گزشتہ دنوں ہی جیف بیزوس نے  امریکی  مارکیٹ ریگو لیٹرس کو اپنی کل دولت کی تفصیل پیش کی ہے جس کے مطابق ان کے پاس ۱۳۱؍ بلین ڈالرس سے زائد دولت ہے جس کا ۸؍ فیصد وہ اس مکان کی خریداری پرخرچ کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ یہ مکان انہیں امریکہ کے ایک اور سرمایہ دارڈیوڈ جیف نے پراپرٹی ڈیلرس کے توسط سے فروخت کیا ہے۔
    ڈیوڈ جیف نے یہ پراپرٹی ۱۹۹۰ء میں ۴۷؍ ملین ڈالرس میں خریدی تھی اور اس وقت یہ  امریکہ میں کسی بھی رہائشی مکان کی سب سے زیادہ  قیمت تھی ۔ گزشتہ کچھ ماہ سے یہ خبریں آرہی تھی کہ ڈیوڈ جیف یہ پراپرٹی فروخت کرنا چاہتے ہیں اور اب انہوں نے جیف بیزوس کو اسے فروخت کردیا ہے۔
 اس بارے میں بیورلی ہلس کے پراپرٹی ڈیلرس کا کہنا ہے کہ جیف بیزوس نے جو پراپرٹی خریدی ہے وہ ۱۹۳۰ء میں ہالی ووڈ کی فلموں کےلئے تیار کیا گیا ایک شاندار سیٹ تھا جس میں تاریخ پر مبنی فلموں کی شوٹنگ ہو چکی ہے۔بتایا جارہا ہےکہ جیف بیزوس ایسی ہی کسی پراپرٹی کی تلاش میں تھے جہاں پر وہ  شاہانہ انداز میں اپنے دن گزارسکیں۔اس سے قبل جیف بیزوس نیویارک میں بھی ۲؍ بڑے رہائشی مکانات کے لئے ۱۰۰؍ ملین ڈالرس کے قریب ادا کرچکے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK