Inquilab Logo

جھارکھنڈ : ای ڈی کے چھاپے میں۲۵؍ کروڑ روپے کی نقدی برآمد

Updated: May 07, 2024, 12:33 PM IST | Agency | Ranchi

منی لانڈرنگ کیس میں ای ڈی نے ریاستی وزیرعالمگیر عالم کے پی اے کے معاون کے گھر چھاپہ مارا ہے۔

Officials counting the amount seized in ED proceedings. Photo: PTI
ای ڈی کی کارروائی میں ضبط شدہ رقم کواہلکار گنتے ہوئے۔ تصویر:پی ٹی آئی

جھارکھنڈ کے دارالحکومت رانچی میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی ٹیموں  نے ۶؍مختلف مقامات پر چھاپہ مارا ہے۔ اس دوران صرف ایک مقام سے ۲۵؍کروڑ روپے سے زائد نقد رقم برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ برآمد شدہ نقدی کا ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کررہا ہے۔ 
  ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ای ڈی کی ٹیم نے انجینئر وریندر رام کے معاملے میں پیر کو چھاپہ مارا اور جھارکھنڈ کے دیہی ترقی کے وزیرعالمگیر عالم کے پرسنل سیکریٹری سنجیو لال کے معاون جہانگیر عالم کے گھر سے۲۵؍کروڑ روپے کی نقدی برآمد کی ہے۔ ای ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ چھاپے میں برآمد کی جانے والی نوٹوں  کی گنتی کے لئے مشینوں  کی مدد لی جارہی ہے۔ برآمد کی گئی رقم تقریباً ۲۰؍ سے ۳۰؍ کروڑ روپے ہوسکتی ہے۔ اس کارروائی کے متعلق  ریاستی وزیر عالمگیر عالم نے کہا کہ ’’اس وقت کچھ بھی کہنا ٹھیک نہیں  ہے، کارروائی کےمتعلق مجھے کوئی مستند اطلاع نہیں  دی گئی ہے، میں نے جو کچھ دیکھا وہ ٹی وی پر ہی دیکھا ہے۔ اس وقت تفتیشی ایجنسی اپنا کام کررہی ہے اور جانچ میں سب کچھ واضح  ہوجائے گا۔ ‘‘ انہوں  نے یہ بھی کہا کہ ’’سنجیو لال سرکاری ملازم ہیں۔ وہ میرے پرسنل سیکریٹری ہیں۔ مجھ سے پہلے سے وہ ۲؍ سابق وزراء کے بھی پرسنل سیکریٹری رہ چکے ہیں۔ اس وقت ای ڈی کے چھاپے کے متعلق کوئی تبصرہ کرنا مناسب نہیں   ہے۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: نیٖٹ پرچے کا لیٖک ہونا ایک بار پھر نوجوانوں کیساتھ کھلواڑ ہے : کانگریس

خیال رہے کہ ای ڈی نے فروری۲۰۲۳ء میں جھارکھنڈ دیہی ترقی محکمہ کے چیف انجینئر وریندر رام کو کچھ اسکیموں کے نفاذ میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کیا تھا۔ دوسری طرف، ای ڈی کی ٹیم رانچی کے سیل سٹی سمیت کل ۹؍ مقامات پر چھاپے مار رہی ہے۔ ای ڈی کی ٹیم سیل سٹی میں روڈ کنسٹرکشن ڈپارٹمنٹ کے انجینئر وکاس کمار کے ٹھکانے کی تلاشی لے رہی ہے۔ 
  ای ڈی کی دوسری ٹیم بریاتو، مورہآبادی اور بوڑیا علاقوں میں چھاپے مار رہی ہے۔ ای ڈی ٹیم نے یہ کارروائی جیل میں بند انجینئر وریندر رام سے متعلق کیس کے سلسلے میں کی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK