• Tue, 20 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کل جیو کا آئی پی او لانچ ہوگا، سرمایہ کاروں میں ۳۰؍ گنا زیاہ مانگ

Updated: October 20, 2026, 1:25 PM IST | Agency | Mumbai

’ اینکر بُک‘ میں  ۸؍ ہزار ۱۱۰؍ کروڑ کے شیئرمختص ہیں مگر ۲ء۵؍ لاکھ کروڑ کے شیئرخریدنے کی پیشکش ہوئی ہے، سنگاپور، ابو ظہبی ، قطر اور ناروے کے ادارے بھی خریداری کے متمنی

Akash Ambani and others can be seen at an event held for the Jio Platforms IPO. Photo: INN
جیو پلیٹ فارمس کےآئی پی او کیلئے منعقدہ ایک پروگرام میں آکاش امبانی اور دیگر کو دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر: آئی این این

ریلائنس انڈسٹریز کی ذیلی کمپنی جیو پلیٹ فارمز کاآئی پی او بدھ کو اوپن ہوگا مگر اس سے قبل ہی اس  میں  ادارہ جاتی سرمایہ کاروں نے زبردست دلچسپی دکھائی ہے۔  ان کے کیلئے ۸؍ ہزار ۱۱۰؍ کروڑ کی مالیت کے شیئر مختص کئے گئے ہیں تاہم ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کی جانب سے تقریباً۲ء۵؍لاکھ کروڑ روپے  کے شیئر خریدنے  کی  مانگ موصول ہوئی ہے۔ عالمی اثاثہ جاتی انتظامی کمپنیوں، خودمختار  مالیاتی فنڈس، ملکی میوچل فنڈس اور بیمہ کمپنیوں سمیت متعدد بڑے سرمایہ کاروں نے اسٹاک مارکیٹ میں  درج فہرست ہونے سے قبل جیو کے شیئر خریدنےکی پیشکش کی ہے۔ 

کن عالمی اداروں نے دلچسپی ظاہر کی

ذرائع کے مطابق جیو کے ۸؍ ہزار ۱۱۰؍ کروڑ روپے کے شیئر’ اینکر بُک ‘کیلئے دستیاب تھے مگر ۳۰؍ گنا سے زیادہ مانگ موصول ہوئی۔ اینکر بک میں ان ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کو حصص مختص کیے جاتے ہیں جو عوامی سبسکرپشن شروع ہونے سے پہلے سرمایہ کاری کرتے ہیں۔

عالمی سرمایہ کاری کمپنیوں میں بلیک راک، کیپٹل گروپ، فیڈیلیٹی انویسٹ منٹس، ٹی رو پرائس، شروڈرس، جے پی مورگن اسیٹ مینجمنٹ، فرینکلن ٹیمپلٹن، انویسکو اور جانس ہینڈرسن نے حصص خریدنے کیلئےپیش کی ہے۔  ذرائع کے مطابق، سنگاپور کے جی آئی سی، ابوظہبی انویسٹ منٹ اتھاریٹی، قطر انویسٹ منٹ اتھاریٹی اور ناروے کے نورجیس بینک انویسٹ منٹ مینجمنٹ جیسے خودمختار مالیاتی اور سرکاری سرمایہ کاری اداروں نے بھی دلچسپی ظاہر کی ہے۔

یہ بھی پڑھئے:نیوزی لینڈ کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے سے ہندوستانی برآمدات پر ڈیوٹی ختم ہوگی

ہندوستانی ادارے جو شیئر خریدنا چاہتے ہیں

ہندوستانی اداروں کی بھی نمایاں شرکت رہی۔ ایس بی آئی میوچل فنڈ، آئی سی آئی سی آئی پرڈینشیل میوچل فنڈ، ایچ ڈی ایف سی میوچل فنڈ، آدتیہ برلا سن لائف میوچل فنڈ، نپون انڈیا میوچل فنڈ اور کوٹک مہندرا ایسیٹ مینجمنٹ کمپنی نے بھی سرمایہ کاری کیلئے پیش کش دی ہے۔

ایل آئی سی، ایچ ڈی ایف سی لائف انشورنس، ایس بی آئی لائف انشورنس، ایس بی آئی پنشن فنڈس، ایچ ڈی ایف سی پنشن اور آئی سی آئی سی آئی پروڈینشیل جیسے بیمہ اور پنشن ادارے بھی پیش کش کرنے والوں میں شامل ہیں۔

کل سے خریداری شروع ہوگی

جیو پلیٹ فارمس۳۰؍ ہزار ۲۱۳؍ کروڑ روپے جمع کرنے کیلئے  آئی پی او لا رہا ہے۔ عوام کیلئے حصص کی خریداری۲۱؍اکتوبر کو شروع ہوگی اور۲۳؍اکتوبر کو ختم ہو جائےگی۔ فی حصص قیمت ایک ہزار ۶۵؍ سے ایک ہزار ۱۱۹؍روپے مقرر کی گئی ہے۔ اس پیش کش کے تحت زیادہ سے زیادہ ۲۷؍ کروڑ نئے حصص جاری کئے جائیں گے۔اس آئی پی او کے ہندوستان کا اب تک کا سب سے بڑا آئی پی او بننے کی توقع ہے۔

۵ء۲؍ لاکھ کروڑکی پیشکش کا مطلب

فرض کریں کسی دکان پر۱۰۰؍روپے کا سامان فروخت کیلئے رکھا گیا ہو لیکن اسے خریدنے کیلئے لوگ۳؍ہزارروپے دینے کو تیار ہوں تو مطلب یہ ہے کہ سامان کی مانگ دستیاب مقدار سے کہیں زیادہ ہے۔ اسی طرح جیو نے اینکر سرمایہ کاروں کیلئے ۸؍ ہزار ۱۱۰؍ کروڑ روپے کے جو شیئر مختص کئے ہیں انہیں سرمایہ کار  ۲ء۵؍لاکھ کروڑ روپے  میں خریدنے کو تیار ہیں۔ 

 اینکر سرمایہ کار کون ہوتے ہیں؟

اینکر سرمایہ کار بڑے مالیاتی ادارے ہوتے ہیں جو آئی پی او  کےعوام کیلئے کھلنے سے پہلے شیئر خریدنے کیلئے سرمایہ لگاتے ہیں۔ ان میں بڑے میوچل فنڈ، بیمہ کمپنیاں، پنشن فنڈ اور عالمی سرمایہ کاری ادارے شامل ہوتے ہیں۔

آئی پی او کی رقم کا کیا مصرف ہوگا

جیو پلیٹ فارمس آئی پی او سے ۳۰؍ ہزار ۲۱۳؍ کروڑ   روپے جمعہ کریگا۔ اس رقم کا ایک بڑا حصہ جیو کے ٹیلی کام کاروبار کے قرض کی ادائیگی کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ بقیہ رقم خدمات اور کاروبار کے فروغ میں استعمال کی جائے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK