Inquilab Logo

جوگیشوری :راستہ بند کرنے سے رام گڑھ علاقے کے افراد کو دشواریاں

Updated: February 22, 2023, 9:35 PM IST | saeed Ahmed | Mumbai

مسئلے کے حل کیلئے ماڈرن یوتھ فیڈریشن اورجن پریورتن پارٹی کی جانب سے وزیرداخلہ، پولیس کمشنر ، ڈی سی پی ،اے سی پی اورمیگھ واڑی پولیس اسٹیشن کومکتوب دیئے گئے ۔ جلدہی ایک وفدوزیراعلیٰ سے ملاقات کرے گا

Children can be seen standing where the road has been blocked in the Ramgarh area.
رام گڑھ علاقے میں جہاں راستہ بند کیا گیا ہے ، وہاں بچوں کو کھڑا دیکھا جاسکتا ہے۔ (تصویر: انقلاب)

ہاںرام گڑھ علاقے (رام گڑھ پہاڑی ،ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے جوگیشوری مشرق )میںمیگھ واڑی پولیس اسٹیشن کی نئی عمارت کی تعمیر کیلئے ایکوائرکئے گئے پلاٹس کے سبب  سیکڑوں مقامی  افراد کا الزام ہے کہ ان کابرسہا برس پرانا راستہ بند کردیا گیاہے۔ اس راستے سے وہ بآسانی ہائی وے پر جایا کرتے تھے ، طلبہ اسکول جاتے تھے اورراہ گیروں کے علاوہ تاجراپنا سامان لایا کرتے تھے ۔ اس وقت راستہ بند کئے جانے کے سبب ان سب کوشدیددقتوں کاسامنا کرنا پڑرہا ہے۔  جوزمین گھیری گئی ہے، اس پرپولیس کی جانب سےایک بورڈ بھی آویزاں کیا گیا ہے اوریہ لکھا گیا ہے کہ یہ  اس کی ملکیت ہے ، اس کے اندر سے آمدورفت کرنے یا گھسنے والوں یا زمین پرقبضہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
 اس پریشانی کے پیش نظرماڈرن یوتھ فیڈریشن اورجن پریورتن پارٹی کی جانب سےگزشتہ روز  پہلے میگھ واڑی پولیس اسٹیشن میںخط دیا گیا اور  راستہ چھوڑنے کا مطالبہ کیا گیا۔اس پرپولیس اہلکار نےآکر معائنہ کیا اور یہ جواب دیاکہ یہ تعمیراتی کام حکومت کی جانب سے کروایا جارہاہے ،جب ہم لوگ وہاںمنتقل ہوجائیں گے، اس وقت ہماری ذمہ داری ہوگی۔لیکن اگر کوئی اس پلاٹ پرناجائزقبضہ کرے گا تواس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
 اس تعلق سےمنگل کو وزیرداخلہ ، پولیس کمشنر ،پولیس ہاؤسنگ اسکیم ڈپارٹمنٹ، اے سی پی اورڈی سی پی کو بھی مکتوب روانہ کیا گیا ہے اور عوام کی پریشانی کا حوالہ دیا گیا ہے کہ ان کیلئے آنے جانے کے لئے راستہ چھوڑا جائے تاکہ وہ پہلے کی طرح آمدورفت کرسکیں۔ اس بارے میں کچھ لوگوں کایہ الزام ہے کہ جس پلاٹ پر بورڈ آویزاں کیا گیا ہے،  وہ دراصل اسماعیل یوسف کالج کی زمین ہے ،اس پر قبضہ کیا گیا ہے اوراب راستہ بھی بند کرکے مزیددھاندلی کی جارہی ہے۔
’’۵۰؍سال سے اسی راستے سے جایا کرتے تھے ‘‘
 آمنہ شبیر شیخ نے ناراضگی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ ’’ ہمارا راستہ بند کردیا گیا،اس راستے سے ہم لوگ ۵۰؍سال سے زائدوقت سے آمد و رفت کررہے تھے۔ اب توجنازہ لے جانا بھی مشکل ہوجائے گا ۔ پانی کی لائن اسی جگہ سے گزری ہے ،جگہ گھیرنے سے پہلے اس کاخیال تو رکھنا چاہئے تھا کہ روزانہ ۲؍ہزارلوگ جو اس راستے کا استعمال کرتے ہیں،  وہ کہاں سے جائیںگے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’ میگھ واڑی پولیس اسٹیشن میںہم لوگ گئے تھے ،وہاں سے ایک پولیس اہلکار نے آکرمعائنہ کیا اور کہاکہ یہ تعمیراتی کام حکومت کی جانب سے کروایا جارہاہے ، ہم لوگ اپنے طور پر کچھ نہیںکرسکتے۔‘‘ 
 صدام خلیل احمدخان نے کہاکہ ’’ میں بچپن سے اسی راستے کا استعمال کرتا رہا ہوں ۔راستہ بند کئے جانے سے بچوں کا اسکول جانا اورخاص طور پر بزرگوں کا نیچے اترکر بیت الخلاء جانا دشوار کن مسئلہ بن گیا ہے۔ابھی ایک دن ہوئے ہیںلیکن لوگ پریشان ہوگئے ہیں۔ حکومت کو لوگوں کی پریشانی کا  خیال رکھتے ہوئے اسے پہلے کی طرح فوراً راستہ کھول دینا چاہئے۔ اسی لئے حکومت کے الگ الگ ڈپارٹمنٹ میںخط بھی دیا گیا ہے تاکہ فوری طور پراس کاحل نکالا جائے ۔‘‘
’’عوام کےلئے مصیبت ‘‘
 ماڈرن یوتھ فیڈریشن کے صدر اورجن پریورتن پارٹی کے ذمہ دار ساجد شیخ نے اس تعلق سے کہاکہ ’’ یہ کوئی آج کاراستہ نہیںتھا بلکہ خاص طورپررام گڑھ علاقے کے لوگ ،اندھیری پلاٹ ،باندرہ پلاٹ اور امن چوک وغیرہ کے لوگ اسی راستے سے ہائی وے پرجاتے تھے ۔سہولت کے لئے حکومت کی جانب سےیہا ںکے لوگوں کے لئے سیڑھی وغیرہ بھی بنائی گئی ہےلیکن اب اسے بند کردیا گیا ہے جس سےلوگ پریشان ہیں۔ ہم نے اسی پریشانی کے پیش نظر’ جن پریورتن پارٹی ‘ کے ذریعے وزیرداخلہ اورپولیس کمشنر ،ڈی سی پی ،اے سی پی اورمیگھ واڑی پولیس کے سینئرانسپکٹر کو خطوط دیئے ہیں اور ان سے مطالبہ کیا ہے کہ لوگوں کی اس مشکل کاحل نکالا جائے اورجو راستہ بند کیا گیا ہے ،اسے کھولا جائے اوران کے لئے آمدورفت کا معقول انتظام کیا جائے ۔اس تعلق سے جلد ہی وزیراعلیٰ سے بھی ملاقات کی جائے گی۔‘‘

jogeshwari Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK