Inquilab Logo

حضورؐ سب کیلئے مہم کے تحت طلبہ نے انسانی زنجیر بنائی

Updated: September 27, 2023, 10:09 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

اندھیری اور جوگیشوری کے ۵؍اسکولوں کےساڑھے ۴؍ہزار طلبہ نے برادران وطن کو اسلامی تعلیمات ، حضو رؐ کےاوصاف اوران کےپیغام سے روشناس کرایا

A view of the human chain of students from Gokhale Bridge in Andheri to Oshiwara.Photo. INN
اندھیری کے گوکھلے بریج سے اوشیوارہ تک طلبہ کی انسانی زنجیر کا ایک منظر۔ تصویر:آئی این این

حضورؐ سب کیلئے مہم  کےتحت منگل کو اندھیری اور جوگیشوری کے ۵؍ اُردو میڈیم اسکولوں کے تقریباً ساڑھے ۴؍ ہزار طلبہ نے گوکھلے بریج (اندھیری) سے اوشیوارہ تک انسانی زنجیر بناکر حضورؐ کی تعلیما ت کو عام  کیا۔ اس دوران متعدد برادران وطن نے طلبہ سے مہم سےمتعلق معلومات حاصل کیں اور ان سے دریافت کیا کہ انسانی زنجیر کے ذریعےامن اور بھائی چارہ کا کیا پیغام دینا چاہتے ہیں؟ اس  کے جواب میں طلبہ نے انہیں بتایا کہ ہمارے حضورؐ کا یوم ِ ولادت آرہا ہے۔ اس کی مناسبت سے اس مہم کا انعقاد کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ مذکورہ مہم کےدوران اب تک متعدد دینی، ملّی اور سماجی سرگرمیاں انجام دی جاچکی ہیں۔ ان ہی سرگرمیوں کی ایک کڑی کے طورپر منگل کو اندھیری اورجوگیشوری کے درمیان کی ۵؍ مقامی اسکولوں کے طلبہ کی جانب سے انسانی زنجیر بناکر حضورؐکی تعلیمات سے عوام کو روشناس کرایا گیا۔ اس پروگرام میں جوگیشوری کے فاروق ہائی اسکول، ممبئی اُردو ہائی اسکول، مدنی ہائی اسکول، الاتحاد اُردو ہائی اسکول اور اندھیری کے شبلی نعمانی اُردو ہائی اسکول کے چہارم  سے دہم جماعت تک کے کم وبیش ساڑھے ۴؍ہزار طلبہ نے حصہ لیا۔
 پروگرام کی کنوینر فرزانہ شاہد نے انقلاب کوبتایا کہ ’’انسانی زنجیر کا قافلہ ساڑھے۴؍ہزار طلبہ پر مشتمل تھا۔ اس سرگرمی میں لڑکے اور لڑکیاں دونوں نے جوش وخروش سے حصہ لیا۔ اندھیری کے گوکھلے بریج ( ایم اے ہائی اسکول) سے اوشیوارہ کے اے ون دربار تک طلبہ کی طویل قطار لگی تھی۔ طلبہ نے ہاتھوں میں ’بزرگوں کا ادب کرو، جس گھر میں بزرگوں کا ادب نہیں ہوتا وہاں برکت نہیں ہوتی، مزدورکو اس کی مزدوری اس کا پسینہ سوکھنے سے پہلے اداکردو، پانی فضول ضائع نہ کرو، درخت لگائو، تحفہ دینا سنت ہے، پڑوسیوں سے حسن سلوک کریں اور محب وطن رہیں جیسے تحریر کردہ نعروں والے پلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے جو اُردو ، ہندی، اور انگریزی زبانوں میں تھے۔‘‘
 انہوں نے یہ بھی بتایاکہ ’’صبح  ۱۰؍ سے ۱۱؍بجے کے درمیان ہونے والی سرگرمی کے دوران کی سب سے خاص بات یہ تھی کہ  متعدد برادران وطن نے طلبہ کے مذکورہ پلے کارڈ کے پیغامات پڑھے اوران سے پروگرام کے بارےمیں دریافت کیا۔ جواب میں طلبہ نے بتایاکہ حضور ؐ کے  یوم ِولادت کی مناسبت سے انسانی زنجیر بناکر بالخصوص برادران وطن کو اسلام کی تعلیمات اور حضورؐپاک کی احادیث سے آگاہ کرنےکی کوشش کی جار ہی ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی بتایاجارہاکہ حضورؐ صرف مسلمانوں کیلئے نہیں سب کیلئے رحمت بن کر آئے تھے۔ اسی لئے ان کی تعلیمات اور پیغامات کو اس طرح عام کرنے کی سعی جاری ہے۔‘‘
  فرزانہ شاہد نے یہ بھی بتایا کہ ’’اندھیری اور جوگیشوری کے علاقے میں پہلی مرتبہ نجی اُردو میڈیم کے اسکولوں کا اس طرح کا کوئی اہم پروگرام بھرپور نظم ونسق کےساتھ منعقد کیا گیا ہے جو اپنی مثال آپ ہے۔ انسانی زنجیر بنانے کیلئے ڈین این نگر، امبولی اور اوشیوارہ پولیس اسٹیشن کے علاوہ جوگیشوری ٹریفک پولیس سے اجازت لی گئی تھی۔ پولیس نے بھی طلبہ کے پروگرام کی ستائش اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ نظم وضبط قائم رکھنے اورٹریفک نظام پر قابوکیلئے پولیس نے بھرپور تعاون کیا۔ پروگرام کے دوران سی آئی ڈی کے افسران نےبھی یہاں کادورہ کیااور طلبہ سے پروگرام کی غرض وغایت معلوم کی اور اس طرح کی مہم میں طلبہ کے حصہ لینے کو سراہا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK