• Fri, 24 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جوگیشوری :کمرشیل عمارت میں بھیانک آتشزدگی۔ علاقہ میں افراتفری مچ گئی

Updated: October 24, 2025, 11:05 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

فائربریگیڈ نے ۵؍گھنٹے کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا ۔عمارت میں دھواں پھیلنے سے ۱۷؍افراد متاثر۔ ۲۷؍لوگوں کو الگ الگ منزلوں سے بحفاظت بچالیا گیا۔ کروڑوں کا نقصان۔

This is the condition of the building after the fire. Photo: Inquilab Namish Dave
آتشزدگی کےبعد عمارت کی یہ حالت ہوگئی۔ تصویر،انقلاب: نمیش دوے
بہرام باغ جوگیشوری (مغرب)  میں کمرشیل بلڈنگ (جے ایس ایم بزنس سینٹر) میں جمعرات کی صبح ۱۰؍ بجکر ۲۳؍منٹ پر بھیانک آگ لگ گئی۔ ۵؍گھنٹے کی سخت مشقت کے بعد فائر بریگیڈ نے آگ پرقابو پایا۔ آگ لگنے کی اطلاع جیسے ہی عام ہوئی، مذکورہ علاقے میں افرا تفری مچ گئی۔ لوگ شور مچاتے ہوئے بے تحاشہ بھاگتے نظر آئے۔ ۹؍ویں منزل پر آگ لگنے کے بعد اس آتشزدگی میں کئی دفاتر جل گئے اور کروڑوں روپے کا نقصان ہوا۔ خیر یہ ہوئی کہ اس آگ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ابتدائی تفتیش میں آتشزدگی کا سبب شارٹ سرکٹ بتایا گیا۔
آگ کب لگی؟
عام دنوں کی طرح جمعرات کو بھی لوگ اپنی مصروفیات میں تھے کہ مذکورہ عمارت سے دھواں نکلتا دکھائی دیا۔ فوری طور پرفائر بریگیڈ کو فون کیا گیا۔ فائر عملہ۱۰؍ بجکر ۵۱؍ منٹ پرجائے وقوع پرپہنچا۔یہ عمارت گراؤنڈ پلس ۱۳؍منزلہ ہے۔اس عمارت کی ۹؍ ویں سے۱۳؍ ویں منزل پر مختلف دفاتر ہیں۔ آگ لگنے کے بعد ۱۱؍ ویں سے ۱۳؍ویں منزل پر مختلف دفاتر میں دھواں پھیل گیااوروہاں موجود لوگوں کا دم گھٹنے لگا۔ فائربریگیڈ نے جدید آلات اورمخصوص قسم کی سیڑھیوںکا استعمال کرتے ہوئے فائر مینوں نے شیشے توڑ کر وینٹیلیشن کی گنجائش پیدا کی۔
عمارت میںپھنسے لوگوں کو نکالا گیا 
فائربریگیڈ کے مطابق کافی مشقت کے بعد ۲؍بجکر ۲۰؍ منٹ پر آگ بجھائی جاسکی۔ دھواں پھیلنے کی وجہ سے عمارت کی الگ الگ منزل پرپھنسے ۲۷؍ افراد (۲۵؍ مرد اور دو خواتین ) کو سیڑھیوں اور ہائیڈرولک پلیٹ فارم (ایچ پی) ، کی مدد سے باہر نکالا گیا۔ 
اسپتال پہنچایاگیا
عمارت سے نکالے جانے والوں میں سے ۱۷؍ لوگوں کو بالا صاحب ٹھاکرے اسپتال( جوگیشوری ) لایا گیا۔یہاں ڈاکٹروں نے معائنہ کیا اور بتایا کہ دم گھٹنے سے متاثر کل ۱۷؍لوگ تھے۔ ان میںسے ۹ ؍ داخل کرائے گئے، ان سب کی حالت مستحکم ہے جبکہ ۸؍ نے معائنے کے بعد رخصت لے لی۔
فیضل قاضی (۴۲)،شیام بہاری سنگھ(۵۸) ، معراج قریشی (۱۹)، اقبال ڈھینکر (۶۱)، ندیم بھاٹی(۴۳)، وسیم خان (۴۸)، مردولا سنگھ (۵۷)، سلیم جاوید(۴۸)، ابو بھاٹی (۶۰) کو داخل کرایا گیا ۔
جن کو طبی معائنے کے بعد رخصت دے دی گئی ، ان میں نذرم شیخ (۲۵)، نذیر شیخ(۳۸)، طاہرہ شیخ (۳۲)،پرنیل شاہ (۲۱)، جگنیش شاہ (۵۰)، نشیت شاہ (۵۱)، شکیل شیخ (۵۳) اور محمد کیف (۲۱) شامل ہیں۔
مقامی لوگو ںکی زبانی 
قریب میں ہی مقیم منصور عمر درویش نے بتایاکہ’’ آگ تیزی سے پھیلنے لگی اسی سبب لوگ گھبرا گئے ۔ چونکہ جوگیشوری میں پہلے بھی متعدد مرتبہ آتشزدگی کے واقعات رونما ہوچکے ہیں۔ پولیس کی جانب سے پورے حصےمیں بیریکیڈنگ کردی گئی تھی ۔ بہرحال کافی دیر بعد ظہر کے وقت آگ پرقابو پایا گیا، تب لوگو ں نے راحت کی سانس لی۔‘‘ایک دوسرے مقامی شخص عبداللہ خان نےبتایا کہ ’’ آگ لگنے کی اطلاع اچانک عام ہوئی۔چونکہ جس عمارت میںآگ لگی تھی وہ کافی اونچی ہے اور ۹؍ویں منزل پرآگ لگنے کی وجہ سے اوپر سے دھواں اٹھتا دکھائی دیا۔ اسی لئے ہنگامہ مچ گیا۔ فائربریگیڈ نے بھی کافی تیزی سےآگ بجھانے کی کوشش کی، ورنہ آس پاس بھی آگ پھیلنے کا خطرہ تھا۔ ‘‘
نمائندۂ انقلاب نےچند متاثرہ افراد (جن کے مذکورہ عمارت میں دفاترہیں)سے بھی بات چیت کرنے کی کوشش کی مگرانہوں نےجواب نہیں دیا ۔اس کی وجہ یہ بھی بتائی گئی کہ شایداس عمارت کا اوسی سرٹیفکیٹ ملنا باقی تھا۔ اسی لئے لوگ تاثرات بیان کرنے سے گھبرارہے تھے کہ کہیں نام آجانے سے ان کونقصان نہ اٹھانا پڑے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK