Inquilab Logo Happiest Places to Work

کلیان:مہایوتی کے ۲۰؍امیدواربلا مقابلہ منتخب

Updated: January 02, 2026, 11:40 PM IST | Ejaz Abdul Ghani | Mumbai

اپوزیشن کے کئی قد آور امیدواروں نے پسپائی اختیار کرتے ہوئے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے

Kalyan-Dombivali Municipal Corporation
کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن

کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن (کے ڈی ایم سی) کے انتخابات کے باقاعدہ آغاز سے قبل ہی مقامی سیاست میں ایک غیر معمولی ہلچل دیکھنے میں آ رہی ہے۔بی جے پی اور شیو سینا(شندے) پر مشتمل مہایوتی اتحاد نے اپنی سیاسی حکمت عملی کے ذریعے اپوزیشن کو دفاعی پوزیشن پر لا کھڑا کیا ہے۔ کاغذات نامزدگی واپس لینے کے آخری دن تک کی صورتحال کے مطابق مہایوتی اتحاد کے ریکارڈ ۲۰؍ امیدوار بلامقابلہ منتخب قرار پائے ہیں۔ انتخابی عمل کے آغاز سے قبل ہی اس پیش رفت نے اپوزیشن کے خیمے میں بے چینی پیدا کر دی ہے جبکہ مہایوتی کے حامیوں میں جوش و خروش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
 اطلاعات کے مطابق مہایوتی کی سیاسی جوڑ توڑ کے سامنے اپوزیشن کے کئی قد آور امیدواروں نے پسپائی اختیار کرتے ہوئے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے جس کے نتیجے میں پولنگ سے پہلے ہی اتحاد کو کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ انتخابی پیش رفت گزشتہ روز تک مہایوتی کے ۹ ؍ امیدواروں کے بلا مقابلہ منتخب ہونے کی خبریں سامنے آئی تھیں، تاہم آج(جمعہ کو) کاغذات نامزدگی کی واپسی کے آخری دن دوپہر ایک بجے کے بعد منظرنامہ یکسر تبدیل ہو گیا۔
  پہلے بی جے پی اور پھر شیو سینا (شندے ) کے مزید ۱۱؍ امیدواروں کی بلا مقابلہ کامیابی پر مہر ثبت ہو گئی۔یہ کامیابیاں بنیادی طورپر کلیان (مشرق) ڈومبیولی (مشرق) اور ڈومبیولی (مغرب) کے مختلف پینل سے حاصل ہوئیں جبکہ کلیان (مغرب) کے کسی پینل سے فی الحال کوئی امیدوار بلا مقابلہ منتخب نہیں ہو سکا ہے۔ ایک طرف مہایوتی کے کارکنان اس پیش رفت کو بڑی کامیابی قرار دے کر جشن منا رہے ہیں وہیں دوسری جانب اپوزیشن جماعتیں، خصوصاً شیو سینا (ادھو) اور مہاراشٹر نو نرمان سینا (ایم این ایس) شدید تنقید کی زد میں ہیں۔
  سیاسی حلقوں میں یہ بحث زور پکڑ گئی ہے کہ جو پارٹیاں اب تک مہایوتی پر سخت حملے کر رہی تھیں انہی کے امیدواروں نے عین وقت پر میدان چھوڑ کر گویا مہایوتی کے سامنے ہتھیار ڈال دئیے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK