Inquilab Logo Happiest Places to Work

کنگنانے تاپسی کو ’پرورش‘ والے بیان پر آڑے ہاتھوں لیا، کہا: سستی کاپی سامنے آ گئی

Updated: August 23, 2026, 7:11 PM IST | Mumbai

بالی ووڈ اداکارہ اور بی جے پی رکن پارلیمنٹ کنگنا رناوت اور اداکارہ تاپسی پنو کے درمیان پرانا تنازع ایک بار پھر خبروں میں ہے۔ تاپسی کے حالیہ بیان کے بعد کنگنا نے سوشل میڈیا پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور ’’سستی کاپی‘‘ تک کہہ دیا۔ کنگنا کی کچھ پوسٹس بعد میں ڈیلیٹ کر دی گئیں، تاہم ان کے اسکرین شاٹس سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئے۔

Taapsee Pannu And Kangana.Photo:INN
کنگنا رناوت اور تاپسی پنو۔ تصویر:آئی این این

بالی ووڈ اداکارہ اور بی جے پی رکن پارلیمنٹ  کنگنا رناوت  اور اداکارہ تاپسی پنو  کے درمیان پرانا تنازع ایک بار پھر خبروں میں ہے۔ تاپسی کے حالیہ بیان کے بعد کنگنا نے سوشل میڈیا پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور ’’سستی کاپی‘‘ تک کہہ دیا۔ کنگنا کی کچھ پوسٹس بعد میں ڈیلیٹ کر دی گئیں، تاہم ان کے اسکرین شاٹس سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئے۔ ایک حالیہ گفتگو کے دوران تاپسی پنو سے کنگنا کے ساتھ ان کے طویل عرصے سے جاری تنازع کے بارے میں سوال کیا گیا۔ تاپسی نے کہا کہ تنازع شروع ہونے سے پہلے بھی ان کی کنگنا سے ملاقات نہیں ہوئی تھی اور اس کے بعد بھی دونوں کی ملاقات نہیں ہوئی۔ تاپسی نے یہ بھی کہا کہ کنگنا کے بارے میں ان کی رائے ان کی  پرورش، بات چیت کے انداز اور چیزوں کو دیکھنے کے نظریے  کی عکاسی کرتی ہے  جبکہ کنگنا کا نقطۂ نظر ان کی اپنی پرورش اور سوچ سے متاثر ہے۔

یہ بھی پڑھئے:’’بٹوارہ ۱۹۴۷ء‘ کے بعد سنی دیول اور راج کمار سنتوشی’’گھاتک ۲‘‘ میں کام کریں گے

تاپسی کا بیان سامنے آنے کے بعد کنگنا نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے ردعمل دیا۔ اگرچہ انہوں نے تاپسی کا نام براہ راست نہیں لیا، لیکن اپنی پوسٹ میں انہیں ’سستی کاپی‘  قرار دیا۔ کنگنا نے الزام لگایا کہ تاپسی نے ان کی پرورش اور ان کے والدین کا مذاق اڑایا ہے۔ کنگنا نے کہا کہ وہ عام طور پر کسی تنازع میں والدین کو شامل نہیں کرتیں، لیکن انہیں محسوس ہوا کہ اس مرتبہ ان کی پرورش کو نشانہ بنایا گیا ہے۔کنگنا نے تاپسی کی آنے والی فلم اور میڈیا میں اپنے نام کے استعمال پر بھی سوال اٹھائے۔ تاہم ان کی یہ پوسٹس بعد میں حذف کردی گئیں۔  کنگنا کی پوسٹس حذف ہونے کے بعد تاپسی نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر ایک مختصر اور مبہم پیغام شیئر کیا’’ Hence, proved‘‘۔تاپسی نے کنگنا کا نام براہ راست نہیں لیا، لیکن سوشل میڈیا صارفین نے اسے کنگنا کے بیان کا جواب قرار دیا۔
 کنگنا اور تاپسی کے درمیان اختلاف نیا نہیں ہے۔ دونوں کے درمیان ۲۰۱۹ء اور ۲۰۲۰ء کے دوران  اقرباپروری (Nepotism)، آؤٹ سائیڈرز اور بالی ووڈ میں مواقع  جیسے موضوعات پر کافی بیان بازی ہوئی تھی۔ اسی دوران کنگنا کی بہن  رنگولی چندیل  نے تاپسی کو  ’سستی کاپی‘  کہا تھا۔ بعد میں یہی جملہ دونوں اداکاراؤں کے درمیان تنازع کی شناخت بن گیا۔

یہ بھی پڑھئے:ڈبلیو ٹی سی پوائنٹس ٹیبل:بنگلہ دیش کی شکست سے ہندوستانی ٹیم کو فائدہ

تاپسی کے حالیہ بیان اور کنگنا کے سخت ردعمل نے ایک مرتبہ پھر دونوں اداکاراؤں کے درمیان پرانے اختلافات کو سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بنا دیا ہے۔ تاپسی اپنی آنے والی فلم ’’گاندھاری‘‘ کی وجہ سے بھی خبروں میں ہیں، جبکہ کنگنا فلمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ سیاسی میدان میں بھی سرگرم ہیں۔  تاپسی کے ’پرورش‘ سے متعلق تبصرے کے بعد شروع ہونے والا تازہ تنازع کنگنا کے ’سستی کاپی‘ والے جواب اور تاپسی کے ’Hence, proved‘ پیغام تک پہنچ گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK