Inquilab Logo

کاشی میرا :چینا ندی پر ڈیم کے تعمیراتی کام کا سنگ ِبنیاد رکھ دیا گیا

Updated: April 05, 2023, 9:58 AM IST | sajid Shaikh | Mumbai

۳؍ ڈیم سے روزانہ ایک کروڑ ۶۲؍ لاکھ ملین لیٹر پانی فراہم کیا جائے گا۔مقامی افراد کوپانی کی قلت سے راحت ملے گی

Chenandi located in Ghorbandar area where 3 dams will be built.
گھوڑبندرعلاقے میں واقع چیناندی جہاں ۳؍ڈیم بنائے جائیں گے۔

گھوڑبندر روڈ پر واقع چینا ندی پر ڈیم بنانے کیلئے تعمیراتی کام کا سنگ بنیاد   منگل کی دوپہر۲؍ بجے مقامی رکن  اسمبلی پرتاپ سرنائیک اور میرا بھائندر میونسپل کارپوریشن کے کمشنر دلیپ ڈھولے کے ہاتھوں رکھا گیا ۔ بارش کا پانی   ذخیرہ کرنے اور اطراف کے علاقوں میں پانی   سپلائی اور سینچائی کیلئے چینا ندی پر ۳؍ ڈیم بنائے جا رہے ہیں ساتھ ہی پانی کا ذخیرہ کرکے اطراف کے علاقوں میں سپلائی کیلئے وہاں پانی کی ایک ٹنکی بھی تعمیر کی جا رہی ہے ۔یہ ڈیم ۶؍ ماہ  میں بن کر تیار ہو جائیں گے ۔اس موقع پر مقامی رکن اسمبلی پرتاپ سرنائیک نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ کئی برسوں سے ہم اس پر غور کر رہے تھے کیونکہ چینا ندی کا پانی آگے جا کر کھاڑی میں مل جاتا ہے جس کی وجہ سے وہ ضائع ہو جاتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ موسم گرما میں بالخصوص مارچ ،اپریل اور مئی  میں سنجے گاندھی نیشنل پارک میں پانی کی کمی ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے جنگلی جانور بستیوں میں اور راستوں پر آ جاتے ہیں  جس کی وجہ سے وہ کبھی کبھی  حادثات کا شکار ہو جاتے ہیں ۔ان کیلئے پانی سپلائی کیا جا سکے گا ساتھ ہی اطراف میں کھیتوں میں پانی کی کمی کا مسئلہ بھی دور ہو جائے گا۔ اس کے علاوہ اطراف کے علاقوں میں بالخصوص میونسپل وارڈ نمبر ۱۴  ؍میں جہاں غریب اور پسماندہ طبقات کے لوگ آباد ہیں، انہیں پانی کی قلت کا سامنا رہتا ہے،  وہ قلّت بھی دور ہوگی ۔قریب ہی رہنے والے آدیواسیوں کو بھی پانی دستیاب ہوگا۔
 پرتاپ سرنائیک کے بقول اس ڈیم کی تعمیر واٹر کنسرویشن ڈپارٹمنٹ ،محکمہ جنگلات اور میرا بھائندر  میونسپل کارپوریشن کے اشتراک سے ہو رہی ہے ۔ اس طرح ندی پر کولہا پور طرزکے ندی پر ڈیم بنانے کی پہل میرا بھائندر میونسپل کارپوریشن نے کی ہے۔  اگر اس کام کی تقلید دیگر میونسپل کارپوریشن بھی کرتی ہیں تو عام لوگوں کا پانی کا مسئلہ حل ہو جائے گا اور مستقبل میں ہونے والا پانی کی کمی کا ممکنہ خطرہ ٹل جائے گا ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تینوں ڈیم سے روزانہ ایک کروڑ ۶۲؍لاکھ    ملین لیٹر پانی ملے گا۔ ڈیم کی تعمیر پر۲؍ سے ڈھائی کروڑ روپے کا خرچ آئے گا جبکہ پانی کی ٹنکی پمپنگ اور سینچائی پر۲؍ سے ڈھائی کروڑ روپے کی لاگت آئے گی ۔ انہوں نے ڈیم کی تعمیر کو میرابھائندر کیلئے سود مند قرار دیتے ہوئے کہا کہ میرابھائندر میونسپل کارپوریشن کو پانی اسٹیم کمپنی اور ایم آئی ڈی سی سے خریدنا پڑتا ہے جو کہ مہنگا پڑتا ہے جبکہ یہ ڈیم میرا بھائندر میونسپل کارپوریشن کی ملکیت ہوگا۔
  یہ ڈیم کب تک  تیار ہوں گے، میڈیا کے اس سوال کے جواب میں رکن اسمبلی پرتاپ سرنائیک  نے کہا کہ بہت جلد اس پر کام شروع ہو جائے گا اور ۶؍ ماہ میںاس کے مکمل ہونے کی امید ہے ۔ آئندہ سال سے یہاں برسات کے موسم میں پانی ذخیرہ کرنے کا کام شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ڈیم سے علاقے کی ترقی ہوگی ۔چینا ندی بہت مشہور   ہے۔ یہاں فلموں کی شوٹنگ ہوتی رہی ہے ۔شعلے اور ڈان جیسی مشہور فلموں کی شوٹنگ یہاں ہو چکی ہے اس کے علاوہ بھوجپوری فلموں اور ہندی سیریلوں کی شوٹنگ بھی یہاں ہوتی ہیں۔  علاقے کی ترقی سے مقامی افراد کو روزگار بھی ملے گا۔

mira road Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK