Inquilab Logo

کشمیر: موسم میں بہتری کا امکان، کئی مقامات پر ہلکی ہلکی بارش

Updated: December 02, 2023, 8:46 AM IST | srinagar

سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت ۵ء۴؍ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں منفی ۸ء۱؍ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا

A roadside vegetable vendor can be seen during a light rain in Srinagar
سری نگر میں ہلکی بارش کے دوران سڑک کنارے ایک سبزی فروش دیکھی جاسکتی ہیں

 وادی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں بارشوں کے بعد محکمہ موسمیات نے موسم میں نمایاں بہتری  واقع ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔ متعلقہ محکمے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے برف باراں کے بعد یکم دسمبر کی دوپہر سے موسم میں بہتری واقع ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں ۲؍ دسمبر سے۷؍ دسمبر تک موسم جزوی طور پر ابر آلود مگر خشک رہنے کا امکان ہے۔ وادی میں۸؍ دسمبر سے ۱۰؍ دسمبر تک موسم کبھی جزوی تو کبھی کلی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دوران وادی کے شبینہ درجہ حرارت میں۳ء۵؍ ڈگری سینٹی گریڈ تک گراوٹ متوقع ہے۔
  اطلاعات کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ، سونہ مرگ، دودھ پتھری، کپوارہ، کرناہ، شوپیاں اور دوسرے بالائی علاقوں میں برف باری ہوئی۔  سری نگر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں سری نگر میں۱۶ء۷؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ قاضی گنڈ میں۲۱؍ ملی میٹر، پہلگام میں۱۰ء۲؍ ملی میٹر، کپوارہ میں۱۱؍ملی میٹر اور گلمرگ میں۳ء۴؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔ادھر وادی کے شبینہ درجہ حرارت میں ایک بار پھر قدرے گراوٹ درج ہوئی ہے۔گرمائی دارالحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت ۵ء۴؍ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا درجہ حررات۵ء۳؍ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی ۸ء۱؍ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا درجہ حرارت منفی۰ء۱؍ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔  پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت ۵ء۰؍ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا درجہ حرارت۱ء۵؍ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ 
 مغل روڈ اور سری نگر – لیہہ شاہراہ بند
 جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ اور سری نگر – لیہہ شاہراہ  پر برف جمع ہونے کے باعث جمعہ کو لگاتار دوسرے دن بھی ٹریفک کی نقل و حمل بند رہی۔تاہم وادی کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی دو طرفہ نقل و حمل جاری ہے۔

kashmir Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK