Inquilab Logo Happiest Places to Work

کشمیرمیں گرمی اور خشک موسم کے سبب پھلوں کی پیداوار میں کمی کا اندیشہ

Updated: July 06, 2025, 9:47 AM IST | Srinagar

ماہرین کے مطابق موجودہ موسمی حالات نہ صرف موجودہ فصل کو نقصان پہنچا رہے ہیں بلکہ آنے والے برسوں میں پیداوار اور درختوں کی صحت پر بھی دور رس منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں ۔

A picture of a strawberry garden in Kashmir. Photo: INN.
کشمیر میں واقع اسٹرابیری کے باغ کی تصویر۔ تصویر: آئی این این۔

 وادی کشمیر میں جاری شدید گرمی کی لہر اور مسلسل خشک موسم نے خطے کے اہم ترین معاشی شعبے باغبانی کو شدید خطرے میں ڈال دیا ہے۔ ماہرین اور باغ مالکان کا کہنا ہے کہ موجودہ موسمی حالات نہ صرف موجودہ فصل کو نقصان پہنچا رہے ہیں بلکہ آنے والے برسوں میں پیداوار اور درختوں کی صحت پر بھی دور رس منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ 
وسطی کشمیر کے مشہور میوہ مرکز چرار شریف کے میوہ بیوپاریوں نے جاری شدید گرمی اور طویل خشک موسم پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سال ناشپاتی اور سیب کی فصل بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ مقامی میوہ تاجروں کا کہنا ہے کہ اگر یہی موسمی حالات برقرار رہے تو پیداوار میں ۶۰؍ فیصد تک کمی ہو سکتی ہے۔ چرار شریف سے تعلق رکھنے والے معروف میوہ بیوپاری شاہین امین نے کہا کہ’ ’یہ علاقہ ناشپاتی کے لیے پوری وادی میں مشہور ہے، لیکن اس سال قیامت خیز گرمی اور بارشوں کی کمی نے دراختوں کو تباہ کر دیا ہے۔ پتے جھڑ گئے ہیں، پھل سوکھ رہا ہے اور درختوں کی نشو و نما رک گئی ہے۔ ‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ اپریل اور مئی میں ژالہ باری نے پہلے ہی کسانوں کو زبردست نقصان پہنچایا تھا اور اب شدید گرمی نے اُن کے لیے مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ ہماری امیدیں تباہ ہو چکی ہیں، کسان سخت پریشان ہے، اگر بارش نہ ہوئی تو رواں سیزن ہمارے لیے تباہ کن ثابت ہوگا۔ 
زرعی ماہرین کا بھی ماننا ہے کہ اگر فوری طور پر مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو وادی کی میوہ صنعت کو طویل مدتی نقصان ہو سکتا ہے۔ وہ حکومت سے اپیل کر رہے ہیں کہ آبپاشی کے متبادل ذرائع، زرعی بیمہ، اور تکنیکی معاونت کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے تاکہ کسانوں کو کچھ راحت فراہم کیا جا سکے۔ شوپیان کے باغبان ریاض احمد نے خبررساں ایجنسی سے گفتگو کے دوران کہا کہ بارش کی عدم موجودگی نے درختوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK