Inquilab Logo

کشمیر :راجستھان سے تعلق رکھنے والے بینک منیجر کا سنسنی خیز قتل

Updated: June 03, 2022, 9:11 AM IST | new Delhi

کولگام میں ایک اور ٹارگیٹ کلنگ ،دوروز قبل ہی دہشت گردوںنے رجنی بالا نامی ایک ٹیچر کو موت کے گھاٹ اتاردیاتھا ،پنڈتوںکا شدید احتجاج

CCTV footage of imprisoned assailant, Vijay Kumar (in inset)
سی سی ٹی وی میں قید حملہ آور کی تصویر،وجے کمار(انسیٹ میں)

جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے آرہ موہن پورہ علاقے میں جمعرات کی صبح جنگجوؤں نےراجستھان سے تعلق رکھنے والے ایک بینک منیجر کو بینک میں گھس کر قتل کردیا۔ذرائع نے بتایا کہ کولگام کے آرہ علاقے میں جمعرات کی صبح جنگجوؤں نے علاقائی دیہاتی بینک کے ایک برانچ منیجر پر گولیاں برسائیں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ زخمی بینک منیجر کو نازک حالت میں ضلع اسپتال کولگام پہنچایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا۔متوفی منجیر کی شناخت وجے کمار ساکن ہنو مان گڑھ راجستھان کے بطور ہوئی ہے۔ واردات کے بعد سیکوریٹی فورسیز نے علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔بتادیں کہ یہ واقعہ اسی ضلعے میں سانبہ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون ٹیچر رجنی بالا کی ہلاکت  کے دو روز بعد پیش آیا ہے۔بدھ کی شام شوپیان کے چڈ رن کیگام علاقے میں مشتبہ جنگجوؤں نے فاروق احمد نامی ایک شخص پر فائرنگ کی تھی جس میںوہ زخمی ہوگیا تھا ۔
حالیہ ٹارگیٹ کلنگ کیخلاف کشمیری پنڈتوں کا احتجاج 
  کولگام میں خاتون ٹیچراور راجستھان کے بینک منیجر کی ہلاکت کے خلاف جموں وکشمیر میں جمعرات کے روز ملازمین نے زبردست احتجاجی مظاہرئے کئے۔ ذ  رائع  نے بتایا کہ جموں شہر میں ملازمین کی ایک بڑی تعداد نے جمعرات کی صبح احتجاجی جلوس نکالا اور سول سیکریٹریٹ کی طرف پیش قدمی شروع کی۔مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے جن میں اُنہیں جموں منتقل کرنے کے مطالبات تحریر تھے۔نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران مظاہرین نے بتایا کہ ہمیں فوری طورپر جموں ٹرانسفر کیا جائے کیونکہ کشمیر میں حالات دن  بہ د ن بگڑتے جارہے ہیں اور پچھلے۴۸؍ گھنٹوں کے دوران دو ہندوؤں کا قتل کیا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ کشمیر میں اب اُن کا رہنا خطرے سے خالی نہیں کیونکہ آئے دن شہری ہلاکتوں کے واقعات رونما ہو رہے ہیں اور سرکار کی جانب سے سیکوریٹی فراہم کرنے کے باوجود بھی ملی ٹینٹ دفاتر میں گھس کر قتل کر رہے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ ملازمین  جوں ہی سول سیکریٹریٹ جموں کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر تعینات سیکوریٹی فورسیزنے اُنہیں آگے جانے کی اجازت نہیں دی جس کے بعد انہوں نے شاہراہ پر ہی دھرنا دیا اور انتظامیہ کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔دریں اثنا وادی کشمیر کے بڈگام ، سری نگر اور بارہ مولہ میں کشمیر ی پنڈت کالونیوں میں ملازمین کا احتجاجی دھرنا جاری ہے اور وہ سرکار سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ اُنہیں فوری طورپر جموں منتقل کیا جائے ۔
وزیرداخلہ امیت شاہ کی اجیت ڈوبھال کےساتھ میٹنگ 
 اس دوران مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے جمعرات کو قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال سے ملاقات کی اور کشمیر میں ٹارگیٹ کلنگ کے حالیہ واقعات پر تبادلہ خیال کیا۔ مرکزی وزیر مملکت، وزیر اعظم کے دفتر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔ کشمیر میں ٹارگیٹ کلنگ سے ناراض اور خوفزدہ ہندو باشندوں اور ملازموں نے  بڑے پیمانے پر نقل مکانی کا انتباہ دیا تھا۔ جموں ڈویژن کے سانبا ضلع کی رہنے والی رجنی بالا کا منگل  کو کولگام کے سرکاری اسکول میں دہشت گردوں نے گولی مار کر قتل کر دیا، اس کے بعد سری نگر میں کشمیری پنڈت لگاتار احتجاجی مظاہرہ کر رہے ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر کی بھی اہم میٹنگ 
  کشمیر میں لگاتار بڑھ رہے ’ٹارگیٹ کلنگ‘ کے معاملوں کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے کشمیری پنڈت ملازمین کا ٹرانسفر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے مطابق جو بھی ملازمین دور دراز کے علاقوں میں کام کر رہے ہیں، انھیں محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے گا۔ اس کیلئے۶؍جون تک کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ایک اہم میٹنگ کے دوران کشمیر میں ہو رہی ٹارگیٹ کلنگ پر تبادلہ خیال کیا اور یہ قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا۔جموں و کشمیر انتظامیہ نے وادی میں خطرات کے بڑھتے ہوئے اندیشہ کے پیش نظر بدھ کو وزیر اعظم اسپیشل پیکیج کے تحت دور دراز علاقوں میں ملازمت کر رہے کشمیریوں اور جموں علاقہ کے دیگر ملازمین کو وادی  سے۶؍جون تک محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔ ذرائع کے مطابق یہ یقینی  بنایا جائے گا کہ کوئی بھی ملازم ریموٹ ایریا میں کام نہیں کر رہا ہو، یا مقیم نہ ہو۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK