Inquilab Logo

کھرگے کا سوال، میرے بھی ۵؍ بچے ہیں، مجھے کیا کہیں گے؟

Updated: May 02, 2024, 10:05 AM IST | Raipur

کانگریس سربراہ کا وزیراعظم مودی کو سخت جواب، کہا: آپ ہندو مسلم کیوں کرتے ہیں، مسائل پر بات کیوں نہیں کرتے؟ آپ نے کیا کیا ہے، وہ کیوں نہیں بتاتے؟

Congress chief Mallikarjun Kharge`s address to a public meeting in Chhattisgarh
چھتیس گڑھ میں کانگریس سربراہ ملکارجن کھرگے کا عوامی جلسے سے خطاب

لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کے ذریعے منگل سوتر اور مسلمانوں کے مسلسل ذکر پر کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے نے سخت جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اکثریت ملنے والی ہے، اسی لئےمودی اب منگل سوتر اور مسلمانوں کی بات کرنے لگے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ ہم آپ کے پیسے چرا کر اُن کو دیں گے جن کے زیادہ بچے ہیں۔ غریب لوگوں کے ہمیشہ زیادہ بچے ہوتے ہیں۔ کیا صرف مسلمانوں کے ہی زیادہ بچے ہوتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ میرے بھی ۵؍ بچے  ہیں، مودی جی مجھے کیا کہیں گے؟ ا نہوں نے کہا کہ آپ ہندو مسلم کیوں کرتے ہیں، ملک کے مسائل پر بات کیوں نہیں کرتے؟ آپ نے کیا کیا ہے، وہ کیوں نہیں بتاتے؟
 چھتیس گڑھ کے جانج گیر،چمپا ضلع میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ملکارجن کھرگے نے کہا کہ کانگریس پارٹی موجودہ لوک سبھا انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے والی ہے اور اسی خوف کی وجہ سے وزیر اعظم مودی اس طرح کی بہکی بہکی باتیں کر رہے ہیں اور اپنی تقریروں میں ہندو مسلم کر رہے ہیں۔ کانگریس کے صدر نے گزشتہ ہفتے راجستھان میں وزیراعظم مودی کے ریمارکس کا حوالہ دیتے ہوئے انہیں اپنی تنقید کا نشانہ بنایا جس میں  انہوں نے کانگریس کے حوالے سے کہاتھا کہ ملک کے املاک پر پہلا حق مسلمانوں کا ہے۔ پی ایم مودی نے اکثریتی طبقے کو ڈرانے کی کوشش کرتے ہوئے یہ بھی کہا تھا کہ اس کا مطلب ہے کہ وہ آپ لوگوں کی دولت کو ان لوگوں میں تقسیم کریں گے جن کے زیادہ بچے ہیں۔
 ملکارجن کھرگے نے اپنی ماں اور چچا کی موت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے خاندان کا اکلوتا بیٹا تھا۔ میرا گھر جلا دیا گیا اور سب لوگ مر گئے۔ بعدمیںمیرے والد نے کہا تھا کہ میں صرف اپنے بچوں کو دیکھنے کیلئے زندہ ہوں۔ کھرگے نے کہا کہ بچوں کی تعداد کا تعلق مذہب سے نہیں معیشت سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب جن کے پاس پیسے نہیں ہوتے ہیں، انہی کے یہاں زیادہ بچے ہوتے ہیں۔مودی کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ صرف مسلمانوںہی کو  نشانہ کیوں بناتے ہیں؟ مسلمان اسی ملک  کے ہیں، وہ ہندوستانی ہیں۔ بعد ازاں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کھرگے نے کہا کہ بھائیو!  بی جے پی کے بہکاوے میں مت آؤ اور مل کر ملک بناؤ، اس ملک کو مت توڑو۔
 کھرگے نے کہا کہ کانگریس۵۵؍ سال تک ملک میں برسرِاقتدار رہی اور اس نے کسی کا منگل سوتر نہیں چرایا۔ عوام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیا ہم نے جبراً کوئی ٹیکس نافذ کیا اور لوگوں کو جیل میں ڈالنے کیلئے ای ڈی اور سی بی آئی کا غلط استعمال کیا؟ سونیا جی نے ہمت دکھائی اور نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ لے آئیں۔ کیا بی جے پی نے ایسا کوئی قدم اٹھایا؟ ہم فوڈ سیکوریٹی کا قانون لائے، ہم نے یہ نہیں کہا کہ یہ ہماری گارنٹی ہے البتہ ہم نے اس بات کو یقینی بنانے کیلئے ایسا کیا تاکہ ملک میں کوئی بھی بھوکا نہ رہے۔ آج اس قانون کا کروڑوں لوگوں کو فائدہ ہوا۔
 ملکارجن کھرگے نے جانج گیر چمپا لوک سبھا حلقے سے کانگریس امیدوار شیو کمار ڈاہریاکی حمایت میں  ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے یہ باتیں کہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن ملک کو متحد رکھنے کا الیکشن ہے۔ یہ الیکشن ہمارے آئین کو بچانے اور جمہوریت کو بچانے کا الیکشن ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK