۵؍ بی ایل او معطل، جانچ کا حکم، ملزمین کا بی جےپی سے تعلق، اپوزیشن نے ووٹر لسٹ پر نظر ثانی کی شفافیت پر سوال اٹھایا۔
EPAPER
Updated: August 29, 2026, 10:18 AM IST | Iqbal Ansari | Kharghar
۵؍ بی ایل او معطل، جانچ کا حکم، ملزمین کا بی جےپی سے تعلق، اپوزیشن نے ووٹر لسٹ پر نظر ثانی کی شفافیت پر سوال اٹھایا۔
نوی ممبئی کے کھار گھر میں ایک شخص کو ایس آئی آر کے ۳؍ ہزار ۴۰۰؍ انومریشن فارمس کازیراکس کراتے ہوئے پکڑے جانے کے معاملے میں الیکشن کمیشن نے کیس درج کرایا ہے اور ۵؍ بی ایل او کو معطل کرکے جانچ کا حکم دے دیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: نیپال سیلاب: ہلاکتوں کی تعداد ۶۰۰؍ سے تجاوز، ہزاروں افراد لاپتہ
اس معاملے کو بے نقاب کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی ترجمان اتل لونڈے نے ایکس پر ویڈیو پوسٹ کیا تھا۔ مقامی ضلع کلکٹر اور الیکشن آفیسر نے اس کی انومریشن فارم کی زیراکس کرتے ہوئے ایک شخص کو پکڑنے کی تصدیق اور اس کےخلاف پولیس اسٹیشن میں مقدمہ بھی درج کرنے اور ۵؍ بوتھ لیول آفیسر ( بی ایل او) کو معطل کرنے کی تصدیق کی ہے۔ الزام ہے کہ مذکورہ شخص کا تعلق بی جےپی سے ہے۔ اتل لونڈے نے جو پوسٹ کی ہے اس میں ایک خاتون بتارہی ہیں کہ کھارگھر کے وارڈ نمبر ۴، ۵؍ اور ۶ ؍کی ووٹر لسٹ نمبر ۱۳۸،۱۴۰،۱۴۲، ۱۴۹؍ اور دیگر کے اوریجنل انومریشن فارم ایک زیراکس سینٹر پر بی جےپی کا عہدیدار سریش پاٹل لے کر پہنچا تھا۔ خاتون نے اسے فارم سمیت پکڑ کر کھار گھر پولیس اسٹیشن پہنچانے کی اطلاع دی۔ اہم بات یہ ہے کہ متعدد فارم خالی ہیں مگر ان پر افسر کے دستخط موجود ہیں ۔ اس سنگین معاملے میں مہاراشٹر کے چیف الیکٹورل آفیسر ایس چوکلنگم سے استفسار کیا گیا تو انہوں نے کیس درج ہونے کی اطلاع دی۔
یہ بھی پڑھئے: ٹی ایم سی کےباغی اراکین کو ’نہ خداہی ملا نہ و ِصال صنم‘
انہوں نے رائے گڑھ کے ضلع کلکٹر اور اس ضلع کے الیکشن آفیسر کشن جوالے کا ویڈیو پیغام انقلاب کو بھیجا جس میں کشن جوالے نے شکایت ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ’’ اے ای آر کو جائے وقوع پر بھیجا گیا اور ویجلینس ٹیم نے پایا کہ سریش پاٹل نامی شخص غیر قانونی طریقے سے ۳؍ہزار ۴۰۰؍ انومریش فارم لے کر انہیں زیراکس کرانے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ اس معاملے میں ای آر او نے متعلقہ شخص کے خلاف غیر قانونی طریقے سے انومریشن فارم لے جانے اور زیراکس کرنے کی کوشش کرنے کا مقدمہ کھار گھر پولیس اسٹیشن میں درج کرایا ہے ۔اس معاملے جانچ چل رہی ہے ۔‘‘ بہرحال یہ واضح نہیں ہوا ہے کہ فارم کس مقصد سے زیراکس کرائے جا رہے تھے۔ بہرحال اس سانحہ نے ایس آئی آر کے تعلق سے شکوک وشبہات کو تقویت دی ہے۔