پاکستانی فوج کو سیکوریٹی کونسل کے ذریعہ جوابی کارروائی کی کھلی چھوٹ دیئے جانے کے بعد وزیر داخلہ خواجہ آصف نے امن کے قیام اور کشیدگی کے خاتمے کی پیشکش کی۔
EPAPER
Updated: May 08, 2025, 12:02 PM IST | Agency | Islamabad
پاکستانی فوج کو سیکوریٹی کونسل کے ذریعہ جوابی کارروائی کی کھلی چھوٹ دیئے جانے کے بعد وزیر داخلہ خواجہ آصف نے امن کے قیام اور کشیدگی کے خاتمے کی پیشکش کی۔
ہندوستانی مسلح افواج کے آپریشن سیندور سے مایوس پاکستان نے کہا ہے کہ اگر ہندوستان مزید کارروائی نہیں کرتا ہے تو وہ جوابی کارروائی نہیں کرے گا۔ پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے بدھ کو سوشل میڈیا پر ایک ٹیلی ویژن چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائی ہندوستان کی طرف سے شروع کی گئی اور ہم نے اس کے بعد جوابی کارروائی کی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان رُک جائے گا تو پاکستان بھی جوابی کارروائی نہیں کرے گا۔ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے بھی قومی اسمبلی میں ہندوستان کے فوجی آپریشن کے خلاف کارروائی کا بلند بانگ دعویٰ کیا ہے۔
پاکستان کی جانب سے امن کی پیشکش
خواجہ آصف نے کہا کہ اگر ہندوستان کارروائی روکنے کے لیے تیار ہے تو ہم بھی اس معاملے کو حل کرنے کے لیے تیار ہیں۔ اس لیے پاکستان کشیدگی ختم کرنے اور امن قائم کرنے کی پیشکش کرتا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ ہندوستان نے پہلگام دہشت گردانہ حملے کا بدلہ لینے کیلئے منگل کی رات دیر آپریشن سیندور شروع کیا اور تیز رفتار حملوں کے ذریعے صرف۲۵؍ منٹ میں پاکستان اور پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر (پی او کے) میں نو دہشت گرد کیمپوں کو تباہ کر دیا۔ ان حملوں میں متعدد دہشت گرد مارے گئے ہیں۔۲۲؍ اپریل کو، پاکستان اور لشکر طیبہ سے تعلق رکھنے والے تربیت یافتہ دہشت گردوں نے جموں کشمیر کے پہلگام میں سیاحوں پر حملہ کیا تھا، جس میں۲۵؍ ہندوستانی اور ایک نیپالی شہری ہلاک ہوا۔
پاکستانی وزیر دفاع کا ہندوستان کو امن کی پیش کش کرنا اس بات کا مظہر ہے کہ پڑوسی ملک اپنی معاشی حالت اور عالمی منظر نامہ میں اپنی حیثیت کودیکھتے ہوئے ہندوستان کے ساتھ لڑائی مول نہیں لینا چاہتا۔
پاکستان کی قومی سلامتی کا اجلاس
اس سے قبل ہندوستانی کارروائی کے بعد پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کی ہنگامی میٹنگ میں پاکستانی فوج کو جوابی کارروائی کی مکمل چھوٹ دینے کافیصلہ کیاگیا۔ پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں ہونے والے ہنگامی اجلاس میں پاکستانی فوج کی قیادت، وزراء اور دیگر اہم حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ہندوستانی کارروائی میںمارے گئے شہریوں کیلئے دعا بھی کی گئی ۔ اجلاس میں
ہندوستان کے حملوں میں نقصان کا اعتراف
پاکستان کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں ہندوستان کی جانب سے میزائل اوراور ڈرون حملے پاکستانی پنجاب کے سیالکوٹ، شکرگڑھ، مرید کے، بہاولپور اور آزاد کشمیر کے مظفرآباد و کوٹلی کے علاقوں کو نشانہ بنانے کی تصدیق کی گئی ہے۔ پاکستان کا الزام ہے کہ ’’ان حملوں میں جان بوجھ کر شہری آبادی، مساجد اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ واضح رہے کہ ہندوستان کی جانب سے کیا جانے والایہ حملہ انتہائی کامیاب رہا۔
اسلام آباد کے سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ
دہشت گردوں کے ٹھکانوں پرہندوستان کے حملے کے بعد پاکستان میں افراتفری مچ گئی ہے۔ وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے ملک میں فوری ہنگامی اقدامات کا اعلان کردیا ہے، اسلام آباد کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور تمام طبی عملے کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزارت صحت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ تمام ڈاکٹرز، نرسیز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور انتظامی عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، جب کہ ملازمین کو فوری طور پر ڈیوٹی پر حاضری یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
پاکستان کے ہوائی ۴۸؍ گھنٹوں کیلئے بند
پاکستان نے ہندوستان کی کارروائی کے بعد ملک کی فضائی حدود کو ۴۸؍ گھنٹوں کیلئے بند کردیا ہے۔ یہ اقدام منگل اور بدھ کی درمیانی شب ہندوستانی فوج کی جانب سے کارروائی کے آغاز کے چند ہی گھنٹوں بعد کیاگیا۔ اسلام آبادا ور لاہور کی طرف آنے والی تمام پروازوں کو فوری طور پر کراچی منتقل کردیا گیاتھاا وراس کے بعد حفظ ماتقدم کے تحت فضائی حدود کو ۴۸؍ گھنٹوں کیلئے بند کردیاگیاتھا۔ بہرحال جس وقت یہ خبر لکھی جارہی ہے پاکستان کی ایئرپورٹ اتھاریٹی نے ملک کے تمام ایئر پورٹس کےمکمل طور پر فعال کردیئے جانے کا دعویٰ کیا ہے ایئرپورٹ اتھاریٹی کا کہنا ہے کہ’’ قومی فضائی حدود شہری ہوا بازی کیلئے دستیاب اور محفوظ ہیں۔‘‘اتھاریٹی کا کہنا ہے کہ قومی فضائی حدود کی محفوظ اور موثر انتظام سے مقامی اور بین الاقوامی کمرشل فلائٹس کی پر امن اور مسلسل روانی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔