Inquilab Logo

لداخ :چینی فوجیوں اور ہندوستانی چرواہوں میں تصادم، سرکار خاموش

Updated: January 31, 2024, 11:27 PM IST | New Delhi

کانگریس کی شدید تنقید، سرکار سے پوچھا کہ ’’ کیا اب بھی وزیر اعظم مودی چین کو کلین چٹ دیں گے یا پھر اسے آنکھیں دکھائیں گے؟‘‘

Chinese soldiers stopping Indian herdsmen in Ladakh.
چینی فوجی لداخ میں ہندوستانی چرواہوں کو روکتے ہوئے۔

 مودی حکومت کا ہندوستانی سرزمین پر `چینی مداخلت نہ ہونے کا دعویٰ ایک بار پھر بے نقاب ہو گیا ہے۔ دراصل، ایک بار پھر ہندوستان اور چین کے سرحدی تنازع کی ایک نئی تصویر سامنے آئی ہے، جو لداخ سے تعلق رکھتی ہے۔ایل اے سی کے قریب کی اس تصویر سے واضح ہوتا ہے کہ سرحد پر کچھ بھی ٹھیک نہیں ہے اور چینی فوج کی جانب سے ہندوستانی سرزمین میں گھسنے اور قبضہ کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہا  ہے، جو لداخ سے تعلق رکھتا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایل اے سی کے قریب چینی فوجی ہندوستانی  چرواہوں کو ہندوستان کی سرزمین پر بھیڑیں چرانے سے روکنے کی کوشش کررہے ہیں جس کے بعد بھیڑ بکریاں چرانے والے چرواہوں کے ایک گروپ کا چینی فوجیوں سے جھگڑا ہوجاتا ہے۔
  سرکار نے اس معاملے میں اب تک کوئی بیان نہیں دیا ہے اور نہ بتایا ہے کہ کیا معاملہ ہوا ہے۔ سرکار کی جانب سے مکمل خاموشی برتی جارہی ہے لیکن اپوزیشن پارٹی کانگریس نے ویڈیو شیئر کر کے مودی حکومت سے سوال کیا ہے کہ اس ویڈیو میں چین کے فوجی ہماری زمین پر چرواہوں کو جانے سے روک رہے ہیں۔ چین کے فوجیوں کی چرواہوں سے جھڑپ بھی ہوئی ہے۔ آخر چین کی اتنی ہمت کیسے ہوگئی ؟ وہ ہماری زمین پر پیر رکھنے کی جرأت کس طرح کر رہا ہے؟ کیا اس مرتبہ بھی پی ایم مودی چین کو کلین چٹ دیتے ہوئے کہیں گے کہ سرحد میں کوئی نہیں گھسا ہے۔کانگریس نے حکومت  سے مطالبہ کیا کہ وہ چین کی  اس حرکت پر سخت الفاظ میں پیغام دے۔
 وائرل ہونے والےویڈیو میں تین چینی بکتر بند گاڑیاں اور کئی فوجی دکھائی دے رہے ہیں۔ چرواہوں کا کہنا ہے کہ وہ ہندوستانی علاقے میں جانور چرا رہے ہیں۔ لڑائی کو بڑھتے دیکھ کر کچھ چرواہوں نے پتھر بھی اٹھالئےتھے

بتایا جا رہا ہے کہ یہ نیوما گاؤں کے قریب ایل اے سی کا علاقہ ہے۔ گاؤں والوں کے مطابق وہ ہمیشہ اپنے جانوروں کو اس جگہ  چرنے کیلئےلے جاتے ہیں لیکن اب چینی فوجیوں نے اسے اپنا علاقہ  قرار دیتے ہوئے  انہیں روکنا شروع کر دیا ہے۔گاؤں والوں نے چینی فوجیوں کو بتایا کہ یہ جگہ ان کی ہے اور یہ ان کی چراگاہ ہے۔ ویڈیو میں چینی فوجی پورے واقعے کو ریکارڈ کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں اور چرواہوں کو واپس جانے کیلئے کہہ رہے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ اپوزیشن ہمیشہ ہندوستانی سرحد میں چین کے  زبردستی گھسنے کو لے کر سوال اٹھاتا رہا  ہے لیکن اب تک وزیر اعظم کی جانب سے کوئی واضح جواب نہیں ملا ہے۔اس سے پہلے بھی گزشتہ سال اگست میں راہل گاندھی نے سرحدی تنازع کا مسئلہ اٹھایا تھا اور ہزاروں کلومیٹر زمین پر چینی قبضےکی بات کہی تھی۔راہل گاندھی نے کہا تھا کہ بدقسمتی سے وزیر اعظم ایک میٹنگ کے دوران یہ بیان دیتے ہیں کہ ہماری ایک انچ زمین بھی نہیں چھینی گئی جو  بالکل غلط ہے۔وزیر اعظم سچ نہیں بول رہے ہیں۔

 

china Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK