Inquilab Logo

ایف وائی جے سی میں داخلے متمنی طلبہ کیلئے آخری موقع

Updated: October 26, 2021, 9:22 AM IST | saadat khan | Mumbai

۳۰؍اکتوبر تک ’ پہلے آئو پہلے پائو‘ کی بنیاد پر داخلےکی کارروائی جاری رہے گی،جن طلبہ نےابھی تک داخلے کیلئےرجسٹریشن نہیں کرایاہے ،وہ پہلے پارٹ کا فارم پُرکرسکتےہیں

The process of studying in colleges has also started but thousands of seats are still vacant.
کالجوں میں پڑھائی کا سلسلہ بھی شروع ہوچکا ہے لیکن اب بھی ہزاروں سیٹیں خالی ہیں۔

 گیارہویں جماعت میں جن طلبہ نے ابھی تک داخلہ نہیں لیاہے، ان کیلئے حکومت نے ایک اور موقع فراہم کیاہے تاکہ وہ  داخلہ نہ ملنے کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہ رہ جائیں ۔ اس تعلق سے ریاستی وزیر تعلیم ورشاگائیکواڑ نے پیرکو ٹویٹر کے ذریعے یہ اطلاع دی ہےکہ سینٹرلائزڈ آن لائن ایڈمیشن کے ذریعے ۳؍لاکھ ۶۴؍ ہزار سے زیادہ طلبہ کو گیارہویں جماعت میں داخلہ مل چکاہے لیکن جن طلبہ کو داخلہ نہیں ملاہے ، ان کیلئے ہم ایک اسپیشل رائونڈ منعقدکررہےہیں ۔ ۲۵؍سے ۳۰؍اکتوبر کےدرمیان ’پہلے آئو پہلے پائو‘ کی بنیاد پر  داخلے دیئے جائیں گے ۔  واضح رہے کہ امرائوتی، ممبئی، ناگپور، ناسک اورپونے ان ۵؍ ڈویژن کے کل ایک ہزار ۴۹۷؍ جونیئر کالجوں میں ۵؍ لاکھ ۳۵؍ ہزار ۷۱۰؍ داخلوں کی گنجائش ہے جن میں سے اب تک ۳؍لاکھ ۶۴؍ہزار ۱۳۴؍ داخلے دیئے گئے ہیں جبکہ  اب بھی ایک لاکھ ۷۱؍ہزار ۵۷۶؍ داخلوں کی گنجائش ہے۔ 
  اس ضمن میں ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن پونے نے جو سرکیولر جاری کیاہے، اس کےمطابق ’پہلے آئوپہلے پائو‘ کے اس اسپیشل رائونڈ کا آغاز ۲۵؍اکتوبر کی صبح ۱۰؍بجے سے ہوچکا ہے اور ۳۰؍اکتوبر کی رات ۱۲؍بجے تک جاری رہے گا۔ اس دوران وہ نئے طلبہ جنہوںنےابھی تک داخلے کیلئے رجسٹریشن نہیں کیاہے ، وہ پہلے پارٹ کا فارم پُرکرسکتےہیں۔ اس زمرے کے تحت جن طلبہ کا الاٹمنٹ ہوگا، ان کیلئے  دوسرے دن شام ۶؍بجے سےقبل اپنا داخلہ کنفرم کروانا لازمی ہوگا۔ طلبہ کو جوکالج الاٹ کیاجائے ،اس میں داخلہ کروانا ہوگا۔ ۳۰؍اکتوبرکی رات ۸؍بجے تک کالجوںکو داخلے سےمتعلق تفصیلات درج کرنی ہوگی۔ ۳۱؍ اکتوبرکو مجموعی داخلے اور خالی جگہوں کےبارےمیں معلومات فراہم کی جائے گی۔ 
 سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری کے ایجوکیشن ڈائریکٹر ڈی جی جگتاپ نے اس ضمن میں جو سرکیولر جاری کیاہے، اس میںوضاحت کی گئی ہےکہ ممبئی سمیت پونے ، پمپری چنچوڑ ، ناسک ، امرائوتی اور ناگپور مہانگرپالیکا کے حلقوںمیں گیارہویں جماعت کے سینٹرلائزڈ داخلے کیلئے آن لائن کارروائی کی گئی ہےجس کے تحت ۳؍ جنرل رائونڈ ، ایک اسپیشل رائونڈ اور ایک ’پہلے آئو پہلے پائو رائونڈ‘ کے ذریعے ۳؍ لاکھ ۶۴؍ہزار طلبہ کو داخلے دیئے گئے ہیں۔  کووڈ ۱۹؍ کے تناظر میں تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کرتےہوئے داخلے کی کارروائی مکمل کی گئی ہے۔ ا ن رائونڈ میں بیشتر طلبہ داخلہ حاصل کرچکےہیں ۔ متعدد کالجوںمیں گیارہویں جماعت کی پڑھائی بھی شروع ہو چکی ہے لیکن دسویں او ر بارہویں جماعت کے سپلیمنٹری امتحان کا رزلٹ ۲۰؍ اکتوبرکو جاری کیاگیاہے  ساتھ ہی ایسی بھی اطلاع موصول ہوئی ہے کہ کچھ طلبہ نے ابھی تک گیارہویں جماعت میں داخلے کیلئے آن لائن رجسٹریشن نہیں کروایاہے ۔ یہ طلبہ تعلیم سے محروم نہ رہیں اس لئے ان کے داخلے کیلئے ’پہلے آئوپہلے پائو‘ کا دوسرا اسپیشل رائونڈ  ۳۰؍ اکتوبر تک منعقدکرنےکا فیصلہ کیاگیاہے ۔ گیارہویں جماعت میں داخلے کے  متمنی طلبہ کیلئے یہ آخری موقع ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK