Inquilab Logo Happiest Places to Work

لاتور:  تعصب اور تشددسے دل برداشتہ مسلم شخص کی خودکشی

Updated: May 06, 2025, 11:25 PM IST | Latur

سڑک پر سائیڈنہ دینے کی بات پر تنازع ہوا اور کار سوار نےآصف پٹیل نامی شخص کوپاکستانی کہہ کرگالی گلوج کی اور بری طرح  پیٹا ۔متوفی کی بیوی نے شکایت کی کہ اس معاملے سے دل برداشتہ ہوکر میرے شوہر نے اپنی جان دے دی

It is claimed that the accused subjected the two-wheeler rider to violence based on his religion and identity. Symbolic image
دعویٰ ہےکہ ملزم نے دوپہیہ سوار کو اسکے مذہب اور شناخت کی بنیاد پرتشدد کا نشانہ بنایا۔علامتی تصویر

 لاتور کے ایم آئی ڈی سی علاقے میں معمولی تنازع پر نفرت پر مبنی جرم کا شکار ہونے والے ایک مسلم شخص کی خودکشی کا افسوسناک معاملہ سامنے آیا ہے۔معاملے کی تفصیلات یہ ہیں کہ یہاں ایک کارسوار نے سائیڈ دینے پرہونے والی بحث و تکرار کے دوران مسلم شخص کو اس کی مذہبی شناخت کی بنیاد پر تشدد کا نشانہ بنایا۔ اپنے ساتھ پیش آنے والے اس معاملے  سے مسلم شخص کو ذہنی طور پر اتنا صدمہ پہنچا کہ اس نے بعدازیں خودکشی کرلی۔ پولیس نے اس معاملے میں شکایت درج کرلی ہے اور ملزم کی تلاش جاری ہے۔
  ٹی وی نائن کی رپورٹ کے مطابق ملزم نے بائیک سوار مسلم شخص کو پاکستانی کہا اور پھر گالی گلوچ کرتے ہوئے اسے بری طرح پیٹا۔ اتنا ہی نہیںاس کے کپڑے اترواکراسے زدوکوب کرنے کا ویڈیو بھی بنایا اور دھمکایا بھی کہ وہ اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر وائرل کردے گا۔جس وقت اس مسلم شخص کے ساتھ یہ افسوسناک معاملہ پیش آیا ہے، اس وقت اس کے ساتھ اس کی اہلیہ او ر بچہ بھی ساتھ تھا۔ مسلم شخص کی اہلیہ نے پولیس میں شکایت درج کروائی ہے اور ملزم کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔اس نفرت انگیزمعاملے سے لاتور کے مسلم سماج میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی ہے۔ شہر کے مسلم سماج کے سرکردہ افراد نے کہا کہ اس طرح کے افسوسناک معاملے کا وقوع پزیر ہونا ظاہر کرتا ہے کہ سماج میں فرقہ واریت کا زہر کس قدر گھلتاجارہا ہے۔
 حاصل کردہ اطلاعات کے مطابق آصف پٹیل نامی شخص اپنی بیوی اور بچی کے ساتھ بائیک پر کہیں جارہا تھا۔تبھی ایک کارسوار سے سائیڈ دینے کے معاملے پر بحث و تکرار ہوگئی۔ کار سوار نے آصف پٹیل سے کہا کہ ’’تو پاکستانی ہے اور کشمیر سے آیا ہے‘‘اسکے بعد اس نے اسے خوب  گالیاں دیں اور بری طرح پیٹا۔
 متوفی کی بیوی نے الزام لگایا کہ ’’ملزم کار ڈرائیور نے میرے شوہر کے کپڑے جبراً اتروائے اور انہیں بری طرح پیٹا۔ اس بے عزتی اور بدسلوکی سے میرے شوہر کو بہت صدمہ پہنچاتھا۔‘‘ایم آئی ڈی سی پولیس میں درج کردہ شکایت کے مطابق گھر آنے کے بعد ملزم نے تنہائی پاکر پھانسی لگالی۔

latur Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK