Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’گزشتہ الیکشن کی طرح اس بار بھی مجھے جسمانی طور پر نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا سکتی ہے‘‘

Updated: March 31, 2026, 12:50 PM IST | Agency | Kolkata

مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کا بی جے پی پر الزام،کہا:مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ کے بیانات ایک ممکنہ سازش کا اشارہ دیتے ہیں،ابھیشیک بنرجی نے ’دہری سیاست‘ کے خلاف عوام کو خبردار کیا۔

Mamata Banerjee And Abhishek Banerjee.Photo;iNN
ممتا بنرجی اورابھیشیک بنرجی۔ تصویر:آئی این این
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ۵؍ سال قبل اسمبلی انتخابات کی مہم کے دوران اپنے پیر میں لگی چوٹ کو یاد کرتے ہوئے اتوار کو الزام لگایا کہ موجودہ انتخابی مہم کے دوران انہیں پھر سے جسمانی طور پر نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا سکتی ہے۔انہوں نے پرولیا کے مان بازار میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ’’پچھلی بار (۲۰۲۱ء کے) انتخابات کے دوران آپ نے جان بوجھ کر میرے پیر میں چوٹ پہنچائی تھی۔ کیا آپ پھر سے مجھ پر حملہ کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں؟‘‘ انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی جانب سے کی گئی تنقید پر سوال اٹھائے اور الزام لگایا کہ اس طرح کے بیانات ایک ممکنہ سازش کا اشارہ دیتے ہیں۔
ترنمول کانگریس کی سپریمو نے اپنی چوٹ اور پٹی کے استعمال پر ہو رہی نکتہ چینی کا بھی جواب دیا اور کہا کہ ان کی طبی حالت حقیقی تھی۔ انہوں نے اپنے سیاسی مخالفین پر ان کی شبیہ خراب کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ’’وہ کہتے ہیں کہ میں پٹی باندھ کر گھومتی ہوں۔ جا کر ڈاکٹر کی رپورٹ دیکھیں۔‘‘بی جے پی پر سخت سیاسی حملہ کرتے ہوئے  انہوں نے اسے’بنگال مخالف‘ بتایا اور بی جے پی کے ارادوں پر سوال اٹھایا۔ انہوں نے پوچھا کہ ’’بنگال پر قبضے کی اتنی بے چینی کیوں ہے؟‘‘وزیر اعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ ان کی پارٹی نہ صرف ریاست میں اقتدار برقرار رکھے گی بلکہ قومی سطح پر بھی بڑا رول ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم بنگال جیتنے کے بعد تمام جماعتوں کو متحد کریں گے اور دہلی کی طرف بڑھیں گے۔‘‘
ممتا بنرجی نے اپنی حکومت کی’لکشمی بھنڈار‘ اور’یووا شری‘جیسی فلاحی اسکیموں کا دفاع کیا۔ انہوں نے جلسے کو بتایا کہ جب تک ترنمول کانگریس اقتدار میں رہے گی، مستفیدین کو مدد ملتی رہے گی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ’’اگر بی جے پی آتی ہے، تو وہ آپ کو ایک دن کیلئے پیسہ دیں گے اور پھر اسے بند کر دیں گے۔‘‘یووا شری اسکیم پر وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ مالی امداد کوئی خیرات نہیں ہے بلکہ بے روزگار نوجوانوں کیلئے اس وقت تک کی مدد ہے، جب تک کہ انہیں نوکری نہیں مل جاتی۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ بھیک نہیں ہے۔ یہ ان کے گزارے کیلئے پاکٹ منی کی طرح ہے۔‘‘
 
 
بی جے پی کے دورِ اقتدار کے ریکارڈ پر تنقید کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے دعویٰ کیا کہ ان کے دور میں لوگوں کو اپنے کھانے پینے پر پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے بی جے پی کے زیرِ اقتدار ریاستوں پر خواتین اور قبائلی برادریوں کی حفاظت کرنے میں ناکام رہنے کا بھی الزام لگایا۔ امیت شاہ کے ریاست کے دورے میں ترنمول کے خلاف بی جے پی کی حالیہ ’چارج شیٹ‘ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ الزامات سیاسی طور پر مصلحت آمیز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’کل ایک بہت بڑے بی جے پی لیڈر آئے اور ہمارے خلاف چارج شیٹ پیش کی۔ حالانکہ سچ تویہ ہے کہ چارج شیٹ پہلے آپ کے خلاف داخل کی جانی چاہئے۔‘‘وزیر اعلیٰ نے بینک کھاتوں میں۱۵؍ لاکھ روپے جمع کرنے اور سالانہ۲؍ کروڑ نوکریاں پیدا کرنے کے وعدے سمیت ادھورے وعدوں کے تعلق سے بھی مرکز پر نکتہ چینی کی۔
 
 
دریں اثناٹی ایم سی کے قومی جنرل سیکریٹری ابھیشیک بنرجی نے’ناراض‘ عناصر کو سخت انتباہ دیا۔ ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے تشویش ظاہر کی کہ ٹی ایم سی کے بعض کارکنان اور بوتھ سطح کے عہدیداروں کا ایک طبقہ پارٹی کے اندر رہتے ہوئے بھی ہمایوں کبیر کی تنظیم کو خفیہ طور پر حمایت دے رہا ہے۔ انہوں نے اسے ’دہری سیاست‘ قرار دیا اور اس کے خلاف سخت وارننگ جاری کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس طرح کے اقدامات کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے تنظیم کے اندر ناراض افراد کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ’’جو لوگ کسی ٹیم کی جرسی پہنتے ہیں، انہیں اسی ٹیم کیلئے کھیلنا چاہئے۔ اگر آپ دوسری طرف سے کھیلنے کی کوشش کریں گے تو آپ کو’ریڈ کارڈ‘ دکھادیا جائے گا اور میدان سے باہر نکال دیا جائے گا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK