Inquilab Logo

غیر قانونی اسکولوں کی فہرست جاری،داخلہ نہ لینے کی اپیل

Updated: June 01, 2022, 11:32 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

بی ایم سی نے ۲۶۹؍غیر قانونی پرائیویٹ اسکولوں کی فہرست ویب سائٹ پر اپلوڈ کی،بیشتر انگریزی میڈیم کے پرائمری اسکول شامل

City administration appeals to parents and guardians not to enroll children in unrecognized schools.Picture:INN
شہری انتظامیہ نے والدین اور سرپرستوںسے غیر تسلیم شدہ اسکولوں میں بچوں کو داخل نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ تصویر: آئی این این

بی ایم سی نے شہر ومضافات کی ۲۶۹؍ غیر قانونی پرائمری نجی اسکولوںکی فہرست جاری کر کے ان اسکولوںکو حکومت سےغیر منظور شدہ قرار دیا ہے۔ ان اسکولوںمیں زیر تعلیم طلبہ کے والدین کو متنبہ کیاگیاہےکہ ان کےبچے جن اسکول میں پڑھائی کررہےہیں  وہ غیرقانونی  ہیں۔ ان اسکولوں نے حکومت سے  اجازت نہیں لی ہے۔  اس کی وجہ سے ان اسکولوںکے خلاف کارروائی کی جائےگی اور ان پرجرمانہ بھی عائد کیاجائے گا۔لہٰذا وہ اپنےبچوںکوان اسکولوں میں  پڑھائیںنہ ہی ان اسکول میں اپنے بچوںکا داخلہ کروائیں۔بی ایم سی ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے مطابق ان میں سے کسی اسکول نے بی ایم سی اور ریاستی حکومت سے اسکول شروع کرنےکیلئے  اجازت نہیں لی ہےجوآر ٹی ای ایکٹ کےمطابق لازمی ہے۔  بی ایم سی کے ایک سینئر آفیسر نے بتایاکہ ’’ بی ایم سی ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے ان اسکولوں کی فہرست بی ایم سی کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کی ہے ساتھ ہی اخباروںمیں بھی اس کااشتہار جاری کیا ہے۔یہ اطلاع بالخصوص والدین اور سرپرستوںکیلئے ہے تاکہ وہ اپنے بچوں کا ان اسکول میں داخلہ نہ کروائیں ۔‘‘ چونکہ ان اسکولوںپر جرمانہ عائد کرنےکا اختیار ریاستی حکومت کو ہے اس لئے بی ایم سی ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے ان اسکولوں کی فہرست  کےساتھ ایک مکتوب ڈپٹی ڈائریکٹر آف ایجوکیشن ممبئی ڈویژن کو روانہ کرکے ان اسکولوں سے جرمانہ وصول کرنےکی درخواست کی ہے  واضح رہے گزشتہ سال بھی بی ایم سی کی ویب سائٹ پر ۲۸۳؍غیر قانونی اسکولوںکی فہرست جاری کی گئی تھی۔ان میں سے ۱۱؍اسکول بند ہوگئے ہیں جبکہ ریاستی حکومت نے ۴؍اسکول کو اپنے اخراجات خود پورےکرنے کی بنیاد پر پرمیشن دیا ہے۔علاوہ ازیں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اوپن اسکولنگ کے توسط سے ۴؍اسکولوںکوپرمیشن دیا گیا ہے۔ اس طرح مجموعی طورپر امسال غیر قانونی اسکولوں کی فہرست سے ۱۹؍ اسکولوںکونکال دیا گیا ہے۔ گزشتہ سال کے ۲۸۳؍ اسکولوں میں سے ۱۹؍ اسکول کے کم کئے جانےسے ۲۶۴؍اسکول گزشتہ سال کی فہرست کے مطابق غیرقانونی ہیں اور امسال ان میں ۵؍مزید اسکول کا اضافہ ہواہے۔ اس طرح مجموعی طورپر امسال ۲۶۹؍ غیر قانونی اسکولوں کی فہرست جاری کی گئی ہے۔   بی ایم سی ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے ایک افسر نے بتایاکہ ’’ ہر سال نجی غیر قانونی اسکولوںکی فہرست جاری کی جاتی ہےمگران اسکولوںکو بند کرنے سے متعلق ٹھوس اقدام نہیں کیاجاتاہے جس کی وجہ سے یہ اسکول دھڑلے سے جاری ہیں۔ ہرسال ان اسکولوں پر جرمانہ عائد کیاجاتاہے ۔ جرمانہ  اداکرکے یہ اسکول معمول کےمطابق جاری رہتےہیں جبکہ اس طرح کے اسکولوں کیخلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئے۔   فہرست میں جاری اسکولوں میں بیشتر انگریزی میڈیم  کے اسکول شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK