Inquilab Logo

ماتھیران میں ٹوائے ٹرین کیلئے طویل قطار مگر عدم سہولت سے مسافر پریشان

Updated: May 16, 2023, 9:45 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai

ٹرین آنے سے ۴۵؍منٹ قبل بکنگ کھڑکی کھلتی ہے مگر مسافر دوڈھائی گھنٹے قبل ہی قطار میںکھڑے ہوجاتے ہیں،پنکھا نہ ہونےسے لوگ گرمی سے پریشان ہوتے ہیں۔ٹرین سروسیز بھی کم کئے جانے کا الزام۔ای رکشا بھی بند

Passengers stand in line for 2.2 hours for toy train tickets.
ٹوائے ٹرین کے ٹکٹ کےلئے مسافر۲۔۲؍گھنٹے تک لائن میں کھڑے رہتے ہیں۔

 ماتھیران میںٹوائے ٹرین کیلئے طویل قطار مگر عدم سہولت سے مسافر گرمی سے پریشان رہ کر ٹکٹ حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔ٹکٹ کھڑکی والےحصے میں ایک بھی پنکھا نہیں ہے جس سے مسافر رومال سے پسینہ صاف کرتے ہوئے اپنی باری کا انتظار کرتے دکھائی دیئے ۔یہاں ٹرین آنے سے ۴۵؍منٹ قبل بکنگ کھڑکی کھلتی ہے مگر مسافر ۲؍ ڈھائی گھنٹے قبل ہی قطار میں کھڑے ہوجاتے ہیں کیونکہ سیٹیںمحدود ہیں اورہر شخص چاہتاہے کہ وہ ٹوائے ٹرین کے سفر سے لطف اندوز ہو۔اس کے علاوہ ٹرین سروسیز بھی کم کئے جانے کا الزام عائد کیا جارہا ہے۔
 یادرہےکہ ماتھیران وہ اسٹیشن ہے جس کے تعلق سے سینٹر ل ریلوے کی جانب سے خود اعتراف کیا گیا ہے کہ مسافروں کی پہلی پسند ہے اوراس سے ریلوے کو خاصی آمدنی ہوتی ہے ۔ اس کے باوجود عدم سہولت چہ معنی دارد ۔
پریشانی مسافروں کی زبانی 
 عبدالرحمٰن انصاری نے بتایاکہ’’ میںیہاں بچوں کے ساتھ تفریح کے یہاںآیا تھا ۔ بچوں کی ضدتھی کہ ٹوائے ٹرین میںسفر کرنا ہے اس لئے معلومات حاصل کرکے۲؍ گھنٹہ قبل ہی قطار  میں لگ گیا جبکہ کھڑکی ٹرین کے وقت سے ۴۵؍منٹ قبل کھلی ۔ اس کے بعدطویل قطار میںکھڑے سیکڑوں مسافروں کی یہی کیفیت تھی کہ پہلے ان کو ٹکٹ مل جائے۔‘‘ انہوںنے یہ بھی بتایا کہ’’ اتنی لمبی لائن ہونے کے باوجود یہاںایک بھی پنکھا نہیںتھا جس سے مسافر گرمی سے پریشان تھے۔ یہ الگ بات ہےکہ پہاڑی حصہ ہونے کےسبب کچھ راحت رہتی ہےلیکن شدید گرمی کے سبب بیشتر مسافر پسینےمیںشرابور تھے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلوے کوکم سے کم پنکھا تولگادینا چاہئے۔‘‘ عبدالرحمٰن انصاری نے یہ بھی بتایا کہ’’ نیرل ماتھیران کے درمیان محض صبح وشام ۲؍دو سروسیز ہی ہیںجبکہ پہلے دوپہر میں بھی ہوا کرتی تھیں۔ اس سے اوربھی پریشانی ہوتی ہے۔‘‘
 ایک اور مسافر فائزہ انصاری نے بھی اسی طرح کی شکایت کی ۔ ان کاکہنا تھا کہ ہل اسٹیشن ہونے کے باوجودگرمی کااحساس ہوتا ہے اس لئے ریلوے کو ا س کا خیال رکھنا چاہئے۔ اس کے علاوہ سروسیز کم کرنے سے بہت سے مسافر ٹوائے ٹرین میں سفر نہیںکرپاتے ہیں۔ریلوے کو اس جانب خاص طور پرگرمی کی تعطیلات میں ضرور توجہ دینا چاہئے تاکہ زیادہ سے زیادہ مسافر ٹوائے ٹرین کے سفر سے لطف اندوز ہوسکیں۔‘‘
ای رکشا بند
 ماتھیران میں چندماہ قبل الیکٹرانک آٹو رکشا تجرباتی بنیاد پر شروع کیا گیا ہے ۔پہلے گھوڑے والوںنے مخالفت کی تھی لیکن بعد میںان کا سُر بدل گیا ۔اس وقت ای آٹو رکشا بند ہے۔ اس کی وجہ یہ بتائی گئی کہ اسے تجرباتی بنیاد پرشروع کیا گیا تھا ،مسافروں نے پسند کیا تھا لیکن اسے ابھی کچھ قانونی ضابطوں کے سبب وقتی طور پرروکا گیا ہے۔
ریلوے کا جواب 
 سینٹر ل ریلوے کے سینئر پی آر اواے کے جین نے انقلاب کے ان سوالات کے جواب میں بتایا کہ’’ ریلوے کی جانب مسافروں کی سہولت کا خیال رکھا جاتا ہے ۔ چونکہ ماتھیران ہل اسٹیشن ہے اس لئےوہاںکا موسم ممبئی جیسا نہیںہوتا ہے لیکن اگرمسافروں نے پنکھا نہ ہونے کی شکایت کی ہے تواس پرتوجہ دی جائے گی۔‘‘ انہوںنے سروسیزکے تعلق سے کہاکہ’’ اتوار اورجمعہ کو زیادہ سروسیزہوتی ہیں۔ ویسے امن لاج سے ماتھیران کے درمیان تھوڑے تھوڑے وقفے سے شٹل سروسیز چلتی رہتی ہیںاوربڑی تعداد میںلوگ یہاںسے سفر کرتے ہیںکیونکہ وہ اپنی گاڑی سے امن لاج کے قریب دستوری ناکہ پہنچ جاتے ہیں۔ ویسے چونکہ گرمی کاسیزن ہے اور مسافروں کی کثرت ہوتی ہے،اس لئے سروسیزبڑھانے پر بھی غور کیا جائے گا۔‘‘
 انہوںنے یہ بھی بتایا کہ بکنگ کاؤنٹر کی دیوار پر ۱۸؍انچ کے ۲؍پنکھے لگائے گئے تھے لیکن بندروں کے ان پر لٹکنے کی سبب یہ خراب ہوگئے ۔اس کے علاوہ پنکھوں پر بندروں کے ذریعے پیشاب کرنے کی وجہ سے ان میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ بھی لگ گئی تھی جس کی وجہ سے پنکھے ہٹانے پڑے۔جلد ہی کوئی معقول انتظام کئے جانے کی یقین دہانی پی آر او نے کرائی۔

matheran Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK