پائلٹ پروجیکٹ کے تحت ڈرون سے پارسل ڈیلیوری پہنچائی گئی ۔ دعویٰ کیا گیا کہ کرجت سےماتھیران صرف۱۵؍ منٹ میں پا ر سل پہنچ جائے گا۔
EPAPER
Updated: May 19, 2025, 12:24 PM IST | Siraj Shaikh | Matheran
پائلٹ پروجیکٹ کے تحت ڈرون سے پارسل ڈیلیوری پہنچائی گئی ۔ دعویٰ کیا گیا کہ کرجت سےماتھیران صرف۱۵؍ منٹ میں پا ر سل پہنچ جائے گا۔
محکمہ ڈاک نے کرجت سے ماتھیران کے درمیان پارسل ڈیلیوری سروس کیلئے ’ہائی ٹیک‘ راستہ اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے تحت ایک پائلٹ پروجیکٹ کا آغاز ہوا ہے اور محکمہ کا کہنا ہے کہ ماتھیران پوسٹ میں پہنچنے والے پارسل اب ہوائی راستے سے پہنچیں گے۔ محکمہ ڈاک نے یہ فیصلہ ماتھیران میں تیز تر ڈاک سروس فراہم کرنے کے لئے لیا ہے جو ایک دور دراز پہاڑی علاقہ ہے۔ كرجت محکمہ ڈاک کی جانب سے پائلٹ پرو جیکٹ کے تحت پہلی مرتبہ ڈرون کے ذریعہ پارسل کی ڈیلیوری کا کامیابی کے ساتھ تجربہ کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں محکمہ ڈاک کےایک افسر نے بتایا کہ ایک وقت میں۲۰؍ کلو پارسل لے جانے والی ڈرون سروس کا حال ہی میں ماتھیران میں کامیاب تجربہ کیا گیا ہے۔ اس ٹرائل میں ۹ء۸؍ کلوگرام وزنی پارسل ڈرون کے ذریعے ماتھیران سے کرجت لے جایا گیا۔ کہا جا رہا ہے کہ مستقبل میں ڈاک کے پارسل ڈرون کے ذریعے ماتھیران اور کرجت پہنچنا شروع ہو جائیں گے۔
خیال رہے کہ ممبئی سے ماتھیران پہنچنے کیلئے سڑک کے ذریعے چند گھنٹے ہیں۔ کورئیر سروس کا مقابلہ کرنے کے لیے محکمہ ٹیلی کمیونیکیشن نے کئی مقامات پر ڈرون کا استعمال کرتے ہوئے پوسٹ آفس کے ذریعے تیز رفتار سروس فراہم کرنے کی کوشش شروع کردی ہے۔ اس لئے محکمہ ڈاک نے۸۰۰؍ میٹر بلند پہاڑی پر واقع ماتھیران میں ڈرون سروس فراہم کرنے کا منصوبہ زیر غورہے۔ اس کے مطابق محکمہ ٹیلی کمیونیکیشن کی جانب سے جمعہ۱۶؍مئی کو ایک ٹیسٹ کیا گیا جس میں دیکھا گیا کہ ڈرون اونچی اڑان بھر کر کتنے کلو وزن اٹھا سکتا ہے۔ اس ٹیسٹ میں ڈرون کو کرجت پوسٹ آفس کی عمارت سے اڑایا گیا۔ اور وہ صرف۱۵؍ منٹ میں ماتھیران پہنچ گیا۔ اس کے بعد ڈرون کو ماتھیران میں پوسٹ آفس کے سامنے سے اڑایا گیا۔ اس وقت تقریباً۹ ؍کلو۸۰۰؍ گرام وزنی پارسل ماتھیران سے کرجت بھیجا گیا تھا۔ یہ پارسل صرف۱۵؍ منٹ میں کرجت پوسٹ آفس پہنچ گیا۔ اسی کرجت-ماتھیران کا فاصلہ سڑک کے ذریعے ڈیڑھ گھنٹے میں طے ہوتا ہے۔ اس لیے ڈرون کا تجربہ کامیاب رہا ہے اور دور سنچار نگم میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ اس کامیاب تجربہ کے بعد، ماتھیران میں پوسٹ پارسل پہنچنے کی سہولت جلد ہی ہائی ٹیک فارمیٹ میں دستیاب ہوگی۔ تاہم محکمہ ڈاک کی طرف سے اس بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی گئی ہے کہ آیا مستقبل میں پارسل صرف کرجت سے یا کسی اور شہر سے ڈرون کے ذریعے ماتھیران لائے جائیں گے۔