نئی پرانی ٹرینوں کے ماڈلوں کے ساتھ اسٹیشن پر استعمال ہونے والی گھنٹیوں اور سگنل لیمپ کو بھی نمائش میں رکھا گیا، شائقین کو قدیم اشیا کے تعلق سے معلومات فراہم کی گئی۔
پرانی ٹرینوں کو بھی نمائش میں پیش کیا گیا۔ تصویر: انقلاب
سینٹرل ریلوے کی جانب سے گزشتہ دنوں ماتھیران اسٹیشن فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا جس میں ماتھیران لائٹ ریلوے کے شاندار ورثے کی نمائش کی گئی، جس نے ۱۱۸؍ سال مکمل کر لئے ہیں۔ ماتھیران اسٹیشن کے احاطے میں منعقدہ نمائش میں ورثے کی معلومات اور فن پاروں کی نمائش کی گئی، جو زائرین کو ماتھیران لائٹ ریلوے کی تاریخ اور ورثے کے بارے میں معلومات فراہم کرواتی ہے۔
اس موقع پر اصل ورثہ اور موجودہ رولنگ اسٹاک اشیاء، بشمول اسٹیم لوکو، فور وہیلر بوگی فلیٹ ریل (بی ایف آر) ویگنیں، ڈی ایچ آر بوگیاں (خاص طور پر تنگ گیج ریلوے کے لئے استعمال ہوتی ہیں) اور ماتھیران لائٹ ریلوے (ایم ایل آر) بوگیاں ۔دوسرے بارسی لائٹ انجن کا ورکنگ ماڈ ل تیسرے دیگر نمائشوں میں پرانے وقت کے اسٹیشن کے عملے کے بیج، پوائنٹس مین کے ذریعے پہنا جانے والا بیلٹ، اسٹیشن کی گھنٹی، ایک لکڑی کا کیش باکس، پیمائشی پیمانہ اور وزن، سگنل لیمپ اور تیل کے ڈبے وغیرہ ۔اسی طرح نمائش میں آنے والوں کو وی آر اوکولوس چشموں کے ذریعے نیرل۔ماتھیران کا ورچوئل ٹور بھی کروایا گیا، جو ۳۶۰؍ ڈگری کا منظر فراہم کرتا ہے۔ نیرل۔ ماتھیران کی یادداشتیں، بشمول ڈائری، کافی کے مگ، ٹی شرٹ، اور کی چین، کو بطور تحائف فروخت کے لئے رکھا گیا تھا۔صبح ۱۰؍ بجےتا شام ۶؍ بجے تک جاری اس نمائش کے ذریعے تاریخی یادوں کو تازہ کرنے کا ایک بہترین موقع تھا، اسے شائقین نے کافی پسند کیا۔ ۲۰۰؍ سے زائد شائقین نے شرکت کی۔اس تعلق سے شائقین کو تفصیلات بتائی گئیں کہ نیرل۔ماتھیران ریلوے کی تعمیر ۱۹۰۴ء میں شروع ہوئی اور ۱۹۰۷ء میں تنگ گیج لائن ٹریفک کیلئے کھل گئی۔ احتیاطی تدابیر کے طور پر، مانسون کے موسم میں لائن بند رہتی ہے۔ تاہم، امن لاج اور ماتھیران کے درمیان شٹل سروسی، جو ۲۹؍ستمبر ۲۰۱۲ء کو متعارف کروائی گئی تھی۔ یہ مانسون کے دوران بھی چلتی ہیں۔فی الوقتنیرل۔ماتھیران کے درمیان روزانہ چار ٹرینیں اور امن لاج۔ ماتھیران کے درمیان ۱۶؍ ٹرینیں چلاتا ہے، جن میں سے ۱۲؍ ٹرینیں روزانہ چلتی ہیں اور چار خصوصی ٹرینیں صرف اختتام ہفتہ (سنیچر اور اتوار) کو چلائی جاتی ہیں۔ نیرل۔ماتھیران ریلوے لائن پر مسافروں کیلئے محفوظ اور آرام دہ سفر کو یقینی بنانے کیلئے سینٹرل ریلوے نے اس سیکشن پر کئی بنیادی ڈھانچے کے کام شروع کئے ہیں۔
اسے اس طرح سمجھا جاسکتا ہے کہ نومبر ۲۰۲۵ء کے دوران کل ۳۸؍ ہزار ۱۶۴؍مسافروں نے نیرل۔ماتھیران لائن اور امن لاج۔ماتھیران لائن پر سفر کیا تھا، اس سے سینٹرل ریلوے کو ۲۹؍ کروڑ ۱۸؍ لاکھ روپے آمدنی ہوئی تھی۔سینٹرل ریلوے نے ان راستوں پر بہتر ماحول کے ساتھ نئی اور اچھی طرح سے لیس کوچ بھی متعارف کروائے ہیں۔ ان کوچ کوباہر سے ونٹیج رنگ میں پینٹ کیا گیا ہے۔ لکڑی کے ساتھ اندرونی چھوٹی چھت، ہے جبکہ پی وی سی فرش کو لکڑی میں تبدیل کیا گیا ہے۔ نئے بھورے رنگ کی ریگزین والی نشستیں ہیں۔ فرسٹ کلاس کوچ میں سامان کے ریک اور لکڑی کی تکمیل کے ساتھ اندرونی پینل وغیرہ۔سینٹرل ریلوے کے چیف پی آر او ڈاکٹر سوپنل نیلا نے نمائندہ انقلاب کو مذکورہ بالا تفصیلات کے ساتھ یہ بھی بتایا کہ ماتھیران کو نہ صرف ایک اہم سیاحتی مقام کے طور پر مقبول بنایا جارہا ہے بلکہ ایک ایسی جگہ کے طور پر بھی جو فطرت کو قریب سے دیکھنے کا ایک یادگار سفر فراہم کرتی ہے۔ یہ سفر کھلونا ٹرین کے ذریعے ہوتا ہے۔ اس سے یہاں سیاحوں کی آمد میں اضافے کا امکان ہے۔